مرکز علم و دانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی و ثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں
زراعت میں آئی رائز یوتھ اسکلنگ پروگرام کا اے ایم یو میں آغاز
علی گڑھ، 24 جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ پلانٹ پروٹیکشن، فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز نے سنجینٹا فاؤنڈیشن انڈیا کے اشتراک سے ”آئی رائز یوتھ اسکلنگ پروگرام فار ایگریکلچر“ کا اہتمام کیا ہے جس کا باضابطہ افتتاح اے ایم یو کے سابق وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے کیا۔
یہ پروگرام دیہی پس منظر رکھنے والے نوجوانوں کو جدید زرعی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے مقصد سے شروع کیا گیا ہے۔ دسویں جماعت کی اہلیت رکھنے والے پچاس طلبہ کو اس پروگرام کے تحت منتخب کیا گیا ہے، جنھیں ایک ماہ تک اے ایم یو میں کلاس روم میں تربیت دی جائے گی اور اس کے بعد دو ماہ کی عملی تربیت سنجینٹا سینٹر میں دی جائے گی۔ یہ پروگرام سنجینٹا انڈیا، پونے کے مالی تعاون سے منعقد کیا گیا ہے، جو تربیت کے دوران طلبہ کے قیام و طعام کا انتظام بھی کر رہا ہے۔
افتتاحی تقریب میں 150 سے زائد شرکاء موجود تھے۔ کورس ڈائریکٹر پروفیسر مجیب الرحمٰن خان نے مہمانِ خصوصی پروفیسر محمد گلریز اور دیگر معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا، جن میں ڈاکٹر شروَن کمار (جوائنٹ ڈائریکٹر، ایگریکلچر، علی گڑھ)، مسٹر ستیش ملک (ڈپٹی ڈائریکٹر، پلانٹ پروٹیکشن، علی گڑھ)، مسٹر دھیریندر سنگھ (ضلع زرعی افسر، علی گڑھ)، مسٹر دیپک کمار (ڈویژنل مارکیٹنگ منیجر، سنجینٹا)، اور مسٹر بھگوان سنگھ (ریجنل منیجر، سنجینٹا) شامل تھے۔ مسٹر سشیل کمار، منیجنگ ڈائریکٹر، سنجینٹا انڈیا آن لائن طور سے پروگرام میں شریک ہوئے۔
اپنے خطاب میں پروفیسر گلریز نے اس اقدام کو تعلیمی و صنعتی اشتراک کی عمدہ مثال قرار دیا اور زراعت کو تہذیب کی بنیاد قرار دیتے ہوئے اس پروگرام کے انعقاد پر شعبہ پلانٹ پروٹیکشن، کورس ڈائریکٹر پروفیسرمجیب الرحمٰن خان، اور کورس کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ضیاء الحق کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیگر شعبہ جات بھی اس طرز کے پروگرامز کا اہتمام کریں گے۔
فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز کے ڈین پروفیسر آر یو خان نے پائیدار زراعت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پروگرام کو سراہا۔ ڈاکٹر شروَن کمار نے کیڑوں اور بیماریوں کے مربوط انتظام کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جبکہ مسٹر دھیریندر سنگھ نے کھادوں اور کیمیکل ادویات کے حد سے زیادہ استعمال سے خبردار کیا۔ مسٹر دیپک کمار نے ٹکنالوجی سے علم کے ارتباط کو زرعی ترقی کے لیے ضروری قرار دیا۔
پروفیسر مجیب الرحمٰن خان نے تربیتی پروگرام کے خدوخال بیان کرتے ہوئے شرکاء کو جدید زرعی طریقے سیکھنے اور اپنانے کی ترغیب دی۔
افتتاحی تقریب کا اختتام شعبہ ایگریکلچرل اکنامکس و بزنس مینجمنٹ کے صدر پروفیسر اکرم احمد خان کے کلمات تشکر پر ہوا۔ ڈاکٹر ضیاء الحق نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے گیس صارفین کے لیے ای کے وائی سی کیمپ 3 اگست سے
علی گڑھ، 24 جولائی: انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ کی ہدایات کی تعمیل میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی گیس ایجنسی نے تمام ایل پی جی صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی ای کے وائی سی مکمل کر لیں تاکہ گیس کی فراہمی بلا تعطل جاری رہ سکے۔ اس حوالے سے یہ آخری انتباہ ہے۔
صارفین کی سہولت کے لیے ایک ای کے وائی سی کیمپ 3 اگست 2025 سے اے ایم یو ٹیچنگ اسٹاف کلب میں منعقد کیا جائے گا، جو جمعہ اور اتوار کے سوا سبھی دفتری ایام میں روزانہ صبح 9:30 سے دوپہر ایک بجے تک جاری رہے گا۔
ایسے تمام صارفین کی فہرست جنہوں نے تاحال ای کے وائی سی مکمل نہیں کی ہے، اے ایم یو گیس ایجنسی کی ویب سائٹ کے ”نوٹسز“سیکشن میں اپلوڈ کر دی گئی ہے۔ فہرست میں شامل صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے آدھار کارڈ اور کنزیومر نمبر کی فوٹو کاپی کے ساتھ کیمپ میں حاضر ہوں۔
اے ایم یو گیس ایجنسی کے انچارج پروفیسر ریاض احمد نے بتایا کہ یہ ای کے وائی سی مکمل کرنے کا آخری موقع ہے۔ معمر افراد یا کسی معقول وجہ سے کیمپ میں آنے سے قاصر صارفین کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایسے افراد ایجنسی کے ایکسٹینشن نمبر 1277 پر فون کرکے ہوم وزٹ کی درخواست دے سکتے ہیں یا پھر معقول وجہ بیان کرتے ہوئے میل آئی ڈی amugas01@gmail.com پر ای میل بھیج سکتے ہیں۔
پروفیسر احمد نے واضح کیا کہ جن صارفین کے نام فہرست میں شامل نہیں ہیں، انہیں دوبارہ ای کے وائی سی کرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ صارفین سے اپیل کی کہ وہ بلا تاخیر یہ لازمی کارروائی مکمل کریں تاکہ ان کی ایل پی جی سروس میں کوئی تعطل نہ پیدا ہو۔
Comments are closed.