جنتا دل یونائیٹڈ کا اقلیتی کنونشن تاریخی ہوگا: توقیر احمد انصاری
باپو آڈیٹوریم میں مدرسہ بورڈ کی صد سالہ تقریب کی تیاریوں کے تحت 27 جولائی کو دربھنگہ میں ہوگا ضلعی پروگرام
جالے: (محمد رفیع ساگر/بی این ایس)جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے اقلیتی سیل کے ریاستی دفتر انچارج توقیر احمد انصاری نے جمعرات کو ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ دربھنگہ میں 27 جولائی کو جے ڈی یو اقلیتی شعبہ کی جانب سے ایک بڑا ضلعی اقلیتی کنونشن منعقد کیا جا رہا ہے۔
یہ کنونشن پٹنہ کے باپو آڈیٹوریم میں 21 اگست کو منعقد ہونے والے بہار مدرسہ بورڈ کے 100 سالہ جشن (صد سالہ تقریب) کی تیاریوں کا حصہ ہے۔
توقیر احمد انصاری نے بتایا کہ دربھنگہ کے جُبلی ہال میں ہونے والا یہ کنونشن تاریخی اہمیت کا حامل ہوگا، جس میں جے ڈی یو اقلیتی شعبہ کے ریاستی صدر اشرف انصاری سمیت ریاست کے کئی ممتاز اقلیتی قائدین شرکت کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس کنونشن کی تیاریوں کے لیے ضلعی سطح پر 7 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کے کنوینر ضلعی صدر ابوالخیر ہوں گے، جبکہ دیگر ارکان میں ریاستی عاملہ کے رکن ڈاکٹر اشرف حسین، صوبائی نائب صدر نذیر احمد انصاری، محمد افتخار، عبدالباقی، محمد عرفان خان، تحسین ندیم اور حافظ ابو شحمہ شامل ہوں گے۔
توقیر انصاری نے کہا کہ اس پروگرام میں ترقی پسند وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں اقلیتوں کے حق میں کی جا رہی اسکیموں، تعلیمی و سماجی اقدامات، روزگار، اسکالرشپ، مدرسہ بورڈ کی ترقی اور دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار اقلیتوں کے لیے جو فلاحی اقدامات کر رہے ہیں، انہیں عوام الناس تک لے جانا وقت کی ضرورت ہے، اور یہی مقصد اس کنونشن کا بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دربھنگہ کا یہ پروگرام اقلیتوں میں اعتماد پیدا کرے گا اور جے ڈی یو کی مضبوطی کا ذریعہ بنے گا۔ اس کنونشن کی تیاری بڑے پیمانے پر جاری ہے۔
Comments are closed.