مرکز علم و دانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی و ثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں
اے ایم یو، آر سی اے میں سول سروسز میں کامیاب ہونے والے طلبہ کی اعزازی تقریب، ’سوپر 30‘ کوچنگ پروگرام کا آغاز
علی گڑھ، 30 جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی ریزیڈنشیئل کوچنگ اکیڈمی (آر سی اے) نے یو پی ایس سی سول سروسز اور دیگر مقابلہ جاتی امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والے اپنے طلبہ کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر ’سوپر30 پروگرام 2025‘ کا باضابطہ آغاز بھی کیا گیا، جس کا ہدف اے ایم یو کے سال اوّل، دوم اور سوم کے ہونہار طلبہ کو کوچنگ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
آر سی اے کے ڈائریکٹر پروفیسر محمد حسن نے استقبالیہ خطاب میں سوپر 30 پروگرام کے مقاصد بیان کیے۔ انہوں نے یونیورسٹی میں سول سروسز کے لیے ایک متحرک نظام قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور اعلان کیا کہ نومبر 2025 میں ہونے والے ایک مقابلہ جاتی امتحان کے ذریعے اے ایم یو کے 30 طلبہ کو منتخب کیا جائے گا، جو آر سی اے کی ہمہ جہت کوچنگ سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کامیاب امیدواروں بشمول مسٹر شکیل احمد (آئی پی ایس-2025)، محترمہ شاہانہ پروین (یو کے پی ایس سی)، اور مسٹر وِشال بھوشن (یو پی ایس سی-سی اے پی ایف) کو اعزاز سے نوازا اور انھیں مبارکباد پیش کی۔ ان کامیاب امیدواروں نے مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کے سلسلہ میں اپنے تجربات اور حکمتِ عملیاں بھی حاضرین کے سامنے بیان کیں۔
اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے آر سی اے کی کاوشوں کو سراہا اور سوپر 30 پروگرام کو سول سروسز کی تیاری کی جانب ایک انقلابی قدم قرار دیا۔ انہوں نے طلبہ کو اپنے اہداف کے حصول کے لیے لگن اور استقامت کے ساتھ محنت کرنے کی تلقین کی۔
پروگرام کی نظامت اسسٹنٹ ڈائرکٹر ڈاکٹر علی عمران نے کی، جبکہ ڈاکٹر محمد فیروز احمد نے شکریہ ادا کرتے ہوئے گزشتہ پانچ برسوں میں آر سی اے کی کامیابیوں کا ذکرکیا۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے ملاپورم سنٹر میں آئی سی پی آر کے اشتراک سے یوگ پروگرام کا اہتمام
علی گڑھ، 30 جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ملاپورم سنٹر میں انڈین کونسل آف فلاسوفیکل ریسرچ (آئی سی پی آر) کے اشتراک سے ’صحت و مسرت کے لیے یوگ‘ کے عنوان پر ایک بامقصد آگہی پروگرام منعقد کیا گیا۔ سنٹر کی این ایس ایس اکائی کے زیر اہتمام منعقد ہ اس پروگرام میں این ایس ایس پروگرام آفیسر ڈاکٹر راگھول وی راجن نے شرکاء کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر فیصل کے پی ڈائریکٹر، اے ایم یو ملاپورم سنٹر نے کہا کہ یوگ محض جسمانی مشق نہیں بلکہ ذہنی بیداری، جذباتی استحکام اور روحانی ہم آہنگی حاصل کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
اسسٹنٹ رجسٹرار جناب محمد احزم خان نے کہا کہ آج کی تیزرفتار زندگی میں سکون حاصل کرنے کے لیے یوگ ایک نہایت موزوں راستہ ہے۔
سرکاری سدّھا اسپتال، ترواننتاپورم کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر متھن سی نے یوگ کی فلسفیانہ بنیادوں اور طبی فوائد پر ایک مفصل لیکچر دیا۔ اس کے بعد قومی آیوش مشن کی یوگ انسٹرکٹر محترمہ سلوچنا نے یوگ کی عملی مشق کرائی، جس میں شرکاء نے دلچسپی کے ساتھ حصہ لیا۔
اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد حارث سی نے اختتامی سیشن میں یوگ آسنوں کا مظاہرہ کیا اور شرکاء کی رہنمائی کی۔
پروگرام میں طلبہ اور اساتذہ کثیر تعداد میں شامل ہوئے۔ نظامت کے فرائض مس حنا فاطمہ کے ٹی اور محمد ایاز نے انجام دئے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے ویمنس پولی ٹیکنک میں طالبات کے لئے اورینٹیشن پروگرام منعقد
علی گڑھ، 30 جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ویمنس پولی ٹیکنک میں تعلیمی سال 2025-26 کے ڈپلوما انجینئرنگ پہلے سمسٹر کی طالبات کے خیرمقدم کے لیے ایک دو روزہ اورینٹیشن پروگرام منعقد کیا گیا، جس کے ذریعہ طالبات کو اے ایم یو کے تعلیمی ماحول، ادارہ جاتی اقدار اور دستیاب وسائل اور سہولیات سے روشناس کرایا گیا۔
پروگرام کا آغاز ویمنس پولی ٹیکنک کی پرنسپل ڈاکٹر سلمیٰ شاہین کے استقبالیہ خطاب سے ہوا۔ انھوں نے طالبات کو نظم و ضبط اور محنت و دیانت داری سے اپنا تعلیمی سفر جاری رکھنے کی تلقین کی۔
پروفیسر وبھا شرما،ممبر انچارج، دفتر رابطہ عامہ، اے ایم یو نے طالبات کو یونیورسٹی کی عظیم وراثت اور بانیئ درسگاہ سر سید احمد خاں کے بصیرت افروز نظریات سے متعارف کرایا۔ انہوں نے طالبات اور اساتذہ کو خلوص اور مقصدیت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی ترغیب دی۔
یونیورسٹی کے پراکٹر پروفیسر محمد وسیم علی اور اسسٹنٹ ڈی ایس ڈبلیو ڈاکٹر شمس تبریز خاں نے بھی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کی جانب سے ہر طرح کا تعاون و تحفظ فراہم کرنے کا عزم دوہرایا۔
یونیورسٹی پولی ٹیکنک (بوائز) کے پرنسپل پروفیسر مجیب احمد انصاری نے کلاسیز میں حاضری کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ بی بی فاطمہ ہال کی پرووسٹ، پروفیسر شرمین خان نے رہائشی ماحول، طلبہ و طالبات کی فلاح و بہبود، متوازن غذائیت اور ذہنی سکون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
مختلف شعبہ جات کے انچارجوں نے طالبات کو ان کے متعلقہ برانچزاور دستیاب سہولیات سے روشناس کرایا۔
اس کے علاوہ ایک سیشن میں جناب طارق احمد نے نصاب سے متعلق معلومات فراہم کیں، جبکہ ڈاکٹر شہنوازالدین نے اکیڈمک آرڈیننس پر لیکچر دیا، جس میں درجات میں حاضری، امتحانات اور طرز عمل سے متعلق ضوابط کی وضاحت کی گئی۔
آخر میں ایک انٹرایکٹیو سیشن ہوا، جس میں ڈاکٹر طارق اقتدار خان، محترمہ اقرا سلیم، اور ڈاکٹر صہیب مسعود نے طالبات کے سوالوں کے جواب دیے اور ایک خوشگوار تعلیمی سفر کے آغاز کے لیے رہنمائی فراہم کی۔ پروگرام کی نظامت مس عمرہ مریم نے کی۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے جے این میڈیکل کالج میں عالمی یوم ہیپاٹائٹس پر سیمینار اور طبی کیمپ کا اہتمام
علی گڑھ، 30 جولائی: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ میڈیسن نے نیشنل وائرل ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام (این وی ایچ سی پی) کے اشتراک سے 28 جولائی کو عالمی یومِ ہیپاٹائٹس کی مناسبت سے ایک بیداری سیمینار اور طبی کیمپ منعقد کیا۔
شعبہ میڈیسن کے صدر پروفیسر محمد اسلم کی رہنمائی میں منعقد ہ اس پروگرام کا مقصد صحت پیشہ وروں اور عوام میں ہیپاٹائٹس کی روک تھام، تشخیص اور علاج سے متعلق بیداری کو فروغ دینا تھا۔
شعبہ میڈیسن کے ڈاکٹر دیوادا امبالال نے وائرل ہیپاٹائٹس پر لیکچر دیا، جس کے بعد اینٹی ریٹرووائرل تھیریپی (اے آرٹی) سینٹر میں ایک ہیپاٹائٹس کیمپ منعقد ہوا، جہاں جانچ اور مشورہ کی سہولت فراہم کی گئی۔
پروفیسر محمد حبیب رضا،ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن، پروفیسر سید امجد علی رضوی،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، اور پروفیسر سعدیہ سعید،اسسٹنٹ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ہیپاٹائٹس سے متعلق بیداری اور صحت عامہ سے متعلق پروگراموں میں عوام کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔
اے آر ٹی سینٹر کے نوڈل آفیسر ڈاکٹر حسینی ایس حیدر مہدی نے او پی ڈی نمبر 23 میں فراہم کی جانے والی ہیپاٹائٹس سے متعلق مفت سہولیات، وائرل لوڈ ٹیسٹنگ وغیرہ سے متعلق معلومات فراہم کیں۔
سیمینار میں ڈاکٹر محمد ثاقب عالم نے عمومی ہیپاٹائٹس آگہی پر اور ڈاکٹر محمد سلمان نے وائرل ہیپاٹائٹس کے علاج سے متعلق پرزنٹیشن دیا۔
آخر میں ڈاکٹر شفقت تسنیم نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے شعبہ فلسفہ کے طالب علم کا یونیورسٹی آف مشیگن کی باوقار ’کمپاس‘ ورکشاپ کے لیے انتخاب
علی گڑھ، 30 جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ فلسفہ کے بی اے ششم سمسٹر کے طالب علم عدنان نصیر کو یونیورسٹی آف مشیگن، امریکہ میں منعقد ہونے والی گریجویٹ ورکشاپ ’کمپاس‘ میں شرکت کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
یہ باوقار ورکشاپ ہر سال یونیورسٹی آف مشیگن کے شعبہ فلسفہ کی جانب سے ریکھم گریجویٹ اسکول، کالج آف لٹریچر، سائنس اینڈ دی آرٹس (ایل ایس اے) اور امریکن فلاسوفیکل ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد کی جاتی ہے۔
19 تا 21 ستمبر 2025 منعقد ہونے والی اس ورکشاپ میں دنیا بھر سے منتخب تقریباً 15 طلبہ شرکت کریں گے اور فلسفہ کے ممتاز ماہرین اور طلبہ کے ساتھ علمی مباحث اور نیٹ ورکنگ نشستوں میں حصہ لیں گے۔
یہ ایک مکمل مالی اعانت یافتہ پروگرام ہے، جس میں منتخب طلبہ کے سفر اور رہائش کے اخراجات شامل ہوتے ہیں۔ کمپاس ورکشاپ، طلبہ کی علمی ترقی اور اعلیٰ تعلیم کے امکانات کے لیے ایک نہایت قیمتی موقع فراہم کرتی ہے۔
Comments are closed.