مرکز علم و دانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی و ثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں
ایم یو کے سائنسدانوں کو کینسر مخالف نئی دوا کے فارمولے کے لئے پیٹنٹ عطا کیا گیا
علی گڑھ، یکم اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے سائنسی جدت طرازی کے میدان میں ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ اے ایم یو کے شعبہ کیمسٹری کے محققین پروفیسر فرخ ارجمند، ڈاکٹر زینت افشاں اور پروفیسر سرتاج تبسم کی ٹیم کو ”کینسر مخالف دوا کے فارمولہ اور اس کی تیاری کے عمل“ کے لئے پیٹنٹ عطا کیا گیا ہے۔ اسے کینسر کے علاج میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ کم لاگت اور کم منفی اثر رکھنے والی یہ دوا مریضوں کے علاج کے نتائج کو بہتر بنانے اور عام مریضوں کے لئے کفایتی ہونے کے باعث اہمیت کی حامل ہے۔
دوا کی ایجاد میں کلیدی کردار ادا کرنے والی پروفیسر فرخ ارجمند، میڈیسنل اور بایواِن آرگینک کیمسٹری کے میدان کی ایک نامور سائنسداں ہیں۔ انہیں سی آر ایس آئی برونز میڈل، ویمن سائنٹسٹ ایوارڈ (آئی ایس سی بی)، اور اے ایم یو کے بیسٹ ریسرچر ایوارڈ سمیت کئی معتبر انعامات سے نوازا جا چکا ہے۔ ان کے 196 سے زائد تحقیقی مضامین شائع ہو چکے ہیں۔ 7,000 سے زائد حوالہ جات اور 42 کا ایچ-انڈیکس ان کے علمی امتیاز کا ثبوت ہیں۔
ڈاکٹر زینت افشاں اور پروفیسر سرتاج تبسم بھی کوآرڈنیشن کیمسٹری اور دوا سازی کے شعبہ کے معروف محقق ہیں، جن کی مہارت اس دوا کی تیاری میں یکساں طور سے مفید ثابت ہوئی۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے شعبہ اسلامیات میں نئے طلبہ کے لیے اورینٹیشن پروگرام منعقد
علی گڑھ، یکم اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ اسلامیات میں نئے داخلہ لینے والے انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور ریسرچ اسکالرز کے لئے ایک اورینٹیشن اور تعارفی پروگرام فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین پروفیسر اکرام حسین کی صدارت میں منعقد ہوا۔
صدر شعبہ پروفیسر عبد الحمید فاضلی نے نئے طلبہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ اسلامیات ایسا شعبہ ہے جہاں تعلیم و تدریس کے ساتھ اخلاقی تربیت پر بھی زور دیا جاتا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو علم کے حصول میں سنجیدگی اختیار کرنے اور اپنی دینی و ثقافتی شناخت کو قائم رکھنے کی تلقین کی۔
پروفیسر عبیداللہ فہد نے شعبہ اور اس کی لائبریری کا تعارف کراتے ہوئے شعبہ اسلامیات کے انٹرڈسپلینری کردار پر روشنی ڈالی اور سماجی و ثقافتی علوم سے اس کے تعلق کو واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ یو جی سی نے ایرانی، ترکی اور عرب مطالعات میں تحقیق کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے۔
پروفیسر عبد المجید خان نے اسلامیات کے دائرہ کار اور اورینٹیشن پروگراموں کی افادیت پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مغربی نقطہ ہائے نظر کو بغیر تنقید کے قبول نہ کرنے کی نصیحت کی۔ انہوں نے کہا کہ مستشرقین کی تحریروں کا مطالعہ ناقدانہ نقطہ نظر سے کرنا ضروری ہے اور اسلام کا رشتہ تمام علوم سے ہے۔
صدارتی خطاب میں پروفیسر اکرام حسین نے یونیورسٹی کے قواعد و ضوابط، خاص طور پر حاضری کی پابندی کی اہمیت پر زور دیا اور طلبہ کو تعلیمی زندگی میں ضروریات اور خواہشات میں فرق کرنے کی تلقین کی۔
پروگرام کی نظامت ڈاکٹر بلال احمد کٹی نے کی جبکہ ڈاکٹر اعجاز احمد نے انتظامات سنبھالے۔ بی اے ساتویں سمسٹر کی طالبہ سعدیہ زہرہ نے حمد اور دعا پیش کی۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے فیکلٹی ممبر پروفیسر محمد ریحان، سولر فوٹو وولٹائک سسٹمز میں گرانقدر خدمات پر بین الاقوامی آئی ای ای ای ہنگورانی ایوارڈ کے لئے منتخب
علی گڑھ، یکم اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے الیکٹریکل انجینئرنگ شعبہ کے پروفیسر محمد ریحان کو سولر فوٹو وولٹائک سسٹمز میں سال 2025 کے آئی ای ای ای پاور اینڈ انرجی سوسائٹی ہنگورانی ایوارڈ فار ایکسیلینس کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایوارڈ ان افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے سولر فوٹو وولٹائک ٹکنالوجی کی ترقی اور اس کے اطلاق میں نمایاں کردار ادا کیا ہو۔
پروفیسر ریحان اس وقت نیشنل انسٹیٹیوٹ آف سولر انرجی (این آئی ایس ای) میں ڈپوٹیشن پر بطور ڈائریکٹر جنرل خدمات انجام دے رہے ہیں اور ہندوستان میں شفاف توانائی کی منتقلی کے شعبہ کے ایک نمایاں ترین رہنما کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں۔ وہ بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز (بی آئی ایس) کی سولر پی وی کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں، جہاں وہ پالیسی سازی اور ریگولیٹری فریم ورک کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اے ایم یو کیمپس میں پروفیسر ریحان کی قیادت میں شمسی توانائی کو وسیع پیمانے پر بجلی کے نظام میں شامل کیا گیا، جسے پائیدار توانائی کے حل کے حوالے سے ایک مثالی ماڈل سمجھا جا تا ہے۔
پروفیسر ریحان کو مذکورہ ایوارڈ دسمبر میں آئی آئی ٹی،حیدرآباد میں منعقد ہونے والی آئی ای ای ای بین الاقوامی کانفرنس برائے پاور سسٹمز (آئی سی پی ایس) میں پیش کیا جائے گا۔
٭٭٭٭٭٭
پروفیسر ایس ایم صفدر اشرف اے ایم یو میں فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے نئے ڈین مقرر
علی گڑھ، یکم اگست: اجمل خاں طبیہ کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ تحفظی و سماجی طب کے صدر پروفیسر سید محمد صفدر اشرف کو فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کا نیا ڈین مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی مدت کار 2 اگست 2025 سے ان کی سبکدوشی کی تاریخ 22 اگست 2026 تک رہے گی۔
پروفیسر اشرف نے اے ایم یو سے سائنس اور یونانی طب میں اعلیٰ ڈگریاں حاصل کی ہیں۔ انھوں نے یہیں سے ڈاکٹر آف میڈیسن (ایم ڈی) بھی مکمل کی ہے۔ وہ تین دہائیوں سے زائد تدریسی و انتظامی تجربہ رکھتے ہیں اور طبیہ کالج کے پرنسپل کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
انہوں نے عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) اور دیگر اداروں کے اشتراک سے اے ایم یو میں کمیونٹی میڈیسن کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ وہ علی گڑھ کے پسماندہ علاقوں میں فیلڈ بیسڈ امیونائزیشن، صحت سروے، مختلف غذائی جائزوں اور بیداری مہمات کی قیادت کر چکے ہیں۔
پروفیسر اشرف پانچ علمی جرائد کے ایڈیٹر اور جرنل آف انٹیگریٹیڈ کمیونٹی ہیلتھ کے بانی ایڈیٹر ہیں۔ ان کی علمی خدمات میں 9 کتابیں / ابواب اور 62 تحقیقی مضامین شامل ہیں جو دنیا کے متعدد مستند جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔
انہوں نے ملک و بیرون ملک سو سے زائد قومی و بین الاقوامی کانفرنسوں میں شرکت کی ہے اور آئی این ایس اے – نئی دہلی اور پیرس وغیرہ میں کلیدی خطبات دئے ہیں۔
پروفیسر اشرف کو ان کی خدمات کے اعتراف میں 6 ایوارڈ دئے جاچکے ہیں، جن میں ڈاکٹر ایس رادھا کرشنن نیشنل ٹیچرز ایوارڈ (2017) بھی شامل ہے۔ وہ 130 سے زیادہ علمی و پیشہ ورانہ اداروں کے رکن ہیں۔
Comments are closed.