ووٹر لسٹ نظرثانی مہم میں ہرگزکسی غفلت اورکوتاہی سے کام نہ لیں: مولانا محمد شبلی القاسمی

 

پٹنہ، 3 اگست 2025ء (پریس ریلیز)

آج ایک اہم میٹنگ مفکرِ ملت حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب،امیرِ شریعت، بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ و کارگزار صدر آل انڈیا ملی کونسل کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف ملی، سماجی اور قومی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں موجودہ ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی مہم کو خاص اہمیت دی گئی اور اس حوالے سے ناظمِ امارتِ شرعیہ حضرت مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب کی جانب سے ریاست بہار کے عوام کے نام ایک اہم اپیل جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مولانامحمد شبلی القاسمی صاحب نے اپنی اپیل میں کہا کہ:ووٹ دینا صرف ایک قانونی حق ہی نہیں؛بلکہ یہ ایک قومی، ملی اور شرعی فریضہ ہے، جس سے کسی بھی ذمہ دار شہری کو غافل نہیں رہنا چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی مہم جاری ہے اور یکم اگست 2025ء کو نئی ووٹر لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔ اس لسٹ میں اصلاح، اعتراض یا نئے اندراج کے لیے 2 اگست سے 1 ستمبر 2025ء تک کا وقت دیا گیا ہے۔حضرت ناظم صاحب نے عوام الناس، خصوصاً نوجوانوں اور سماجی کارکنوں سے اپیل کی کہ: ہر شخص لازماً اپنا نام ووٹر لسٹ میں چیک کرے؛ اگر نام موجود ہے اور دستاویزات کا مطالبہ کیا جارہاہے تو فوری طور پر متعلقہ بی ایل او کودستاویز فراہم کریں اوراپنا نام دستاویز کے ساتھ اپلوڈکروائے اوراگرلسٹ میں نام درج نہیں ہے، تو ضروری دستاویزات کے ساتھ متعلقہ بی ایل او یا متعلقہ ذمہ داران سے رجوع کریں اور اپنانامووٹرلسٹ میں درج کرائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں اور سماجی کارکنوں کو چاہیے کہ وہ ہر محلّے اور بستی میں کیمپ لگا کر لوگوں کی رہنمائی کریں، تاکہ کوئی بھی اہل ووٹرکانام لسٹ سے چھوٹ نہ جائے۔

اپنی اپیل کے اختتام پر حضرت ناظم صاحب نے کہا:یہ محض انتخابی عمل کا تقاضا نہیں؛بلکہ ایک اجتماعی ملی فریضہ ہے، جس میں ہمیں خود بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے اور دوسروں کو بھی اس کی طرف متوجہ کرنا چاہیے۔اسی کے ساتھ ناظم صاحب نے الیکشن کمیشن سے اپیل کی ہے کہ بالغ ہرشہری کا نام ووٹر لسٹ میں رہنا اس کا شہری حق ہے،جسے ہرحال میں درج کیا جائے۔اس معاملہ میں دستاویز کی بے جا طلبی کرکے شہریوں کو پریشان نہ کیا جائے اورسسٹم کو منظم اورشفاف بنایا جائے۔واضح رہے کہ حضرت امیر شریعت مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب کی قیادت میں امارت شرعیہ اوردیگر ملی تنظیموں کے ذمہ داران نے الیکشن کمیشن سے پہلے ہی تحریری طورپر اورملاقات کرکے اپنی بات مضبوطی سے رکھی تھی کہ کوئی بھی اہل ووٹر ووٹرکی فہرست سے چھوٹنے نہ پائے اوربلا وجہ ووٹروں کو ہراساں نہ کیا جائے۔

Comments are closed.