امرت بھارت ٹرین سے اترنے کی کوشش میں ریٹائرڈ فوجی عاشق رضا کی موت، جوگیاڑہ ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا حادثہ، گاوں میں کہرام
متوفی عاشق رضا، محمد رضا کے صاحبزادے تھے اور دو سال قبل بھارتی فوج سے سبکدوش ہوئے تھے۔ وہ دربھنگہ سے امرت بھارت ٹرین پر سوار ہو کر اپنے گاؤں واپس آ رہے تھے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ امرت بھارت ایکسپریس کا جوگیاڑہ اسٹیشن پر باضابطہ اسٹاپ نہیں ہے، لیکن حادثے کے وقت اسٹیشن پر ایک مال گاڑی کھڑی ہونے کی وجہ سے ٹرین کو پلیٹ فارم نمبر ایک سے گزارا گیا۔ اس دوران ٹرین کی رفتار معمولی طور پر کم ہو گئی، جسے دیکھ کر امکان ہے کہ عاشق رضا نے اترنے کی کوشش کی ہو، مگر وہ توازن کھو بیٹھے اور ٹرین کی زد میں آ گئے۔
حادثے میں ان کا ایک دایاں پیر کٹ کر الگ ہو گیا اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔جیسے ہی یہ خبر عام ہوئی پارٹی کارکنان پر سکتہ طاری ہوگیا اور کثیر تعداد میں پارٹی کارکنان اور گاوں والے موقع پر پہنچے، خبر لکھے جانے تک ان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجنے کی کارروائی جاری تھی۔
ریونڈھا کے مکھیا شفیع اللہ چمن نے بتایا کہ مرحوم عاشق رضا نہ صرف ایک فرض شناس فوجی تھے بلکہ گاؤں کے نوجوانوں کو فوج میں بھرتی ہونے کی مسلسل ترغیب دیا کرتے تھے۔ ان کے پسماندگان میں تین بیٹے شامل ہیں۔ وہ جن سوراج پارٹی سے بھی وابستہ تھے اور جالے بلاک صدر تھے۔ ان کی ناگہانی موت سے پورا گاؤں سوگوار ہے۔
ادھر سابق فوجی سیوا پریشد دربھنگہ کے ضلع صدر ریٹائرڈ کیپٹن نول کشور ٹھاکر، ترجمان دنیش ٹھاکر، جن سوراج کی خاتون لیڈر آمنہ شفیع ، جن سوراج پارٹی کے مدھوبنی ضلع انچارج حبیب اللہ ہاشمی، کانگریس لیڈر سید تنویر انور، جے ڈی یو لیڈر ولی امام بیگ چم چم، کانگریس لیڈر صادق آرزو، عامر اقبال،مولانا ارشد فیضی قاسمی، ایم آئی ایم لیڈر فہد ریونڈھوی، انجینئر توصیف ،دلیپ پرساد لتراہا اور مولانا مظفراحسن رحمانی نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
Comments are closed.