مرکز علم و دانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

 

اے ایم یو کے پروفیسر غلام سرور ہاشمی نے اے او ایم ایس آئی ماسٹر کلاس 2025 میں لیکچر دیا

 

علی گڑھ، 7 اگست: ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ اورل و میکزیلو فیشیئل سرجری کے پروفیسر غلام سرور ہاشمی نے ایس جی ٹی یونیورسٹی، گروگرام میں ایسوسی ایشن آف اورل اینڈ میکزیلوفیشیئل سرجنز آف انڈیا (اے او ایم ایس آئی) کے زیر اہتمام اے او ایم ایس آئی ماسٹر کلاس میں بطور فیکلٹی ممبر لیکچر دیا۔ انھوں نے ’مسوڑھوں میں پھنسے دانتوں کے علاج‘ کے موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے اس کی وجوہات، علامات اور علاج کے طریقوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تشخیص اور بروقت مداخلت کے ذریعے اس حالت سے جڑی پیچیدگیوں سے بچا جا سکتا ہے۔

 

پروفیسر ہاشمی نے خاص طور پر نچلے جبڑے کی تیسری داڑھ (عقل کی داڑھ) کے درست طریقہ سے نہ نکلنے کے مسئلہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان نسل میں بدلتے ہوئی کھانے کی عادات و رجحانات سے بھی اس کا تعلق ہے۔ کیک، پیسٹری، پیٹیز اور دیگر فاسٹ فوڈ کا کثرت سے استعمال اور ڈبہ بند غذائی اشیاء کے کھانے سے غذا کو کم چبانا پڑتا ہے،جس سے جبڑے کی نشوونما پر منفی اثر پڑتا ہے۔ اس کے برعکس، روایتی غذا جن میں سخت اور ریشہ دار اشیاء مثلاً مکئی، چنے اور بھنی ہوئی دالیں وغیرہ شامل ہیں، زیادہ چبانے کی ضرورت کی وجہ سے جبڑے کی بہتر نشوونما میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔

 

پروفیسر ہاشمی کے سیشن کی کلینیکل اہمیت کے باعث ان کے لیکچر کو شرکاء نے سراہا۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

اے ایم یو میں پروستھوڈونٹکس کی تین ماہ کی کلینیکل ٹریننگ کے لئے درخواستیں طلب

 

علی گڑھ، 7 اگست: ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ پروستھوڈونٹکس کی جانب سے تین ماہ کے سیلف فائننس اور مشاہدات پر مبنی کلینیکل ٹریننگ پروگرام کا اگلا بیچ 25 اگست 2025 سے شروع ہوگا۔

 

یہ پروگرام بی ڈی ایس پاس امیدواروں کے لیے ہے جنہوں نے ڈینٹل کونسل آف انڈیا سے تسلیم شدہ اداروں سے اپنی انٹرن شپ مکمل کر لی ہو۔ اس پروگرام میں صرف تین سیٹیں ہیں، چنانچہ داخلہ پہلے آؤ، پہلے پاؤ کی بنیاد پر دیا جائے گا۔

 

شعبہ پروستھوڈونٹکس کے چیئرمین پروفیسر ابھینو گپتا نے بتایا کہ کورس کی فیس پچاس ہزار روپے مقرر ہے، جو داخلہ کے وقت فنانس آفیسر، اے ایم یو، علی گڑھ کے نام پر قابل ادائیگی ڈیمانڈ ڈرافٹ کی شکل میں جمع کرنی ہوگی۔

 

ویب سائٹ https://www.amu.ac.in/department/prosthodontics-and-dental-material/useful-download سے سے درخواست فارم کو مفت میں ڈاؤن لوڈ کرکے اور اسے پُر کرکے 20 اگست 2025 تک درج ذیل ای میل آئی ڈی پر ارسال کریں:

 

prosthodontics6zadc@gmail.com یا chairperson.pv@amu.ac.in

 

مزید معلومات کے لئے مذکورہ بالا ای میل آئی ڈی پر ای میل کرکے یا فون نمبر 0571-2700920 (ایکسٹینشن: (4571,4574 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

کم فیس میں معیاری تعلیم: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے انڈیا ٹوڈے کے سروے میں نمایاں مقام حاصل کیا

 

علی گڑھ، 7 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)نے، جو اپنی جامع اور کفایتی تعلیم کے لیے معروف ہے، انڈیا ٹوڈے کے بیسٹ کالجز و بیسٹ یونیورسٹیز 2025 سروے میں اعلیٰ مقام حاصل کیا ہے۔ یہ سروے مارکیٹنگ اینڈ ڈیولپمنٹ ریسرچ ایسوسی ایٹس (ایم ڈی آر اے) کے اشتراک سے کیا گیا۔

 

تعلیمی معیار اور سماجی ذمہ داری کے اپنے عزم کو برقرار رکھتے ہوئے اے ایم یو نے اس سروے میں ہندوستان کی جنرل (سرکاری) یونیورسٹیوں میں تیسری پوزیشن حاصل کی، جس کا مجموعی اسکور 2000 میں سے 1663.1 رہا۔ اے ایم یو، دہلی یونیورسٹی اور جواہر لعل نہرو یونیورسٹی، دہلی کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔ اس سروے میں 775 سے زائد یونیورسٹیوں کا جائزہ لیا گیا، جنہیں پانچ کلیدی معیارات: شہرت و گوورننس، تعلیمی و تحقیقی برتری، بنیادی ڈھانچہ و رہائشی سہولیات، شخصیت و قیادت کا فروغ اور کریئر و روزگار کے مواقع پر جانچا گیا۔ مذکورہ پانچ کلیدی معیارات کو 125سے زائد کارکردگی اشاریوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔

 

اے ایم یو کی یہ شاندار کارکردگی اس کے مستحکم تعلیمی ڈھانچے، تحقیق و جدت پر زور، اور طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کی عکاسی کرتی ہے اور یہ تمام سہولیات اتنی کم فیس میں فراہم کی جاتی ہیں جو مختلف سماجی و اقتصادی پس منظر کے حامل طلبہ کے لیے قابل رسائی ہیں۔

 

انڈیا ٹوڈے بیسٹ کالجز 2025 سروے میں اے ایم یو کے متعدد شعبہ جات اور کالجوں نے نمایاں مقام حاصل کیا ہے، جہاں کم ترین فیس کے ساتھ اعلیٰ معیار کی تعلیم دی جا رہی ہے، جس سے طلبہ کو لاگت پر شاندار نتائج حاصل ہوتے ہیں۔

 

ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کو سرکاری انجینئرنگ کالجوں میں سب سے کم فیس اور لاگت پر بہترین نتیجہ کی بنیاد پر پہلی پوزیشن حاصل ہوئی۔ اسی طرح شعبہ آرکیٹیکچرنے بھی کم ترین فیس والے سرکاری کالجوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج کو کم فیس والے سرکاری ڈینٹل کالجوں میں دوسرا مقام حاصل ہوا، اور ابھرتے ہوئے بہترین ڈینٹل کالجوں میں بھی اسے دوسرا مقام دیا گیا۔

 

فیکلٹی آف لاء (قانون) نے قانون کے ممتاز اداروں میں لاگت پر حاصل ہونے والے فوائد کے لحاظ سے دوسرا مقام حاصل کیا، جب کہ شعبہ ماس کمیونیکیشن نے کم ترین فیس پر معیاری تعلیم دینے والے قومی سطح کے اداروں میں پہلا مقام حاصل کیا۔ شعبہ سوشل ورک کو لاگت پر حاصل ہونے والے فوائدکے لحاظ سے تیسرا اور کم فیس والے اداروں میں چوتھا مقام حاصل ہوا۔

 

یہ نتائج اس بات کو اجاگر کرتے ہیں کہ اے ایم یو ایک ایسا ادارہ ہے جہاں معیاری اور کفایتی تعلیم کا امتزاج پایا جاتا ہے، جو خاص طور پر کمزور طبقات کے ہزاروں طلبہ کو مالی بوجھ کے بغیر عالمی معیار کی تعلیم فراہم کر رہا ہے۔

 

وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے اس دستیابی پر اے ایم یو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ”یہ اعزاز اے ایم یو کے اُس پائیدار مشن کی توثیق ہے جو مساوات کے ساتھ معیاری تعلیم کی فراہمی پر مبنی ہے۔ یہ ہم سب کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ میں اپنے اساتذہ، عملہ کے اراکین، موجودہ و سابق طلبہ اور معاونین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہوں جنہوں نے اس اجتماعی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا“۔

 

پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے بھی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی درجہ بندیوں میں اے ایم یو کی مستقل موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم طلبہ پر مرکوز، تحقیق پر مبنی اور اقدار پر مبنی تعلیم کے تئیں پرعزم ہیں۔ یہ کامیابیاں ہمہ گیر تعلیمی برتری کے لیے ہمیں مزید محنت کی ترغیب دیتی ہیں۔

 

یونیورسٹی رینکنگ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر سالم بیگ نے کہا کہ اے ایم یو قومی و عالمی تعلیمی ترجیحات کو اپنارہا ہے اور وہ باشعور، ذمہ دار اور بااختیار افراد کی تیاری کے اپنے اساسی نظریہ پر مضبوطی سے قائم ہے۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

اے ایم یو کے شعبہ زولوجی میں بی ایس سی کے نئے طلبہ کے لیے اورینٹیشن پروگرام منعقد

 

علی گڑھ، 7 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی فیکلٹی آف لائف سائنسز نے شعبہ زولوجی میں بی ایس سی کے نووارد طلبہ کے لئے اورینٹیشن پروگرام منعقد کیا، جس کا مقصد طلبہ کو یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول، ضابطہ اخلاق، اور قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت اعلیٰ تعلیم کے جامع وژن سے روشناس کرانا تھا۔

 

فیکلٹی آف لائف سائنسز کے ڈین پروفیسر نفیس احمد خان نے نئے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں نصیحت کی کہ وہ اس موقع کی قدر کریں جو انہیں حاصل ہوا ہے، کیونکہ بے شمار خواہشمند ایسے بھی ہیں جنھیں داخلہ نہیں مل سکا۔ انہوں نے علمی برتری، شمولیت اور کردار سازی جیسے بنیادی اقدار کو اجاگر کیا اور طلبہ کو ان اصولوں کو اپنانے اور یونیورسٹی اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔

 

شعبہ زولوجی کی چیئرپرسن پروفیسر قدسیہ تحسین نے اپنے استقبالیہ خطاب میں طلبہ کو ملک کے ایک ممتاز ادارے میں داخلہ حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے شعبہ کی علمی میراث، تحقیق میں اس کی مؤثر حصہ داری، اور دستیاب مواقع پر روشنی ڈالی۔ ساتھ ہی انہوں نے قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے مقاصد بیان کیے، جن میں ہنر فروغ، عالمی مسابقت، تحقیق پر توجہ، اور طلبہ کو روزگار کے لائق بنانے پر زور دیا گیا ہے۔

 

پروفیسر محمد عامر نے قومی تعلیمی پالیسی 2020 اور چار سالہ انڈرگریجویٹ پروگرام کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے پروگرام کی ساخت، لچکدار نظام، اور کورس کے بین موضوعاتی پہلو کو واضح کیا۔ اس کے علاوہ، انہوں نے کئی مرحلوں پر داخلہ و اخراج کے اختیارات، کریڈٹ ٹرانسفر کے نظام، اور ویلیو ایڈیڈ کورسز پر بھی گفتگو کی، جو طلبہ کی مستقبل کی خواہشات اور قومی مقاصد کے ساتھ ہم آہنگ ہیں۔

 

پروگرام کی نظامت مس اقرا سبحان نے کی۔ اس موقع پر طلبہ نے اے ایم یو میں اپنی تعلیمی سفر کے آغاز پر فخر اور خوشی کا اظہار کیا۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

پروفیسر نثار احمد، اے ایم یو کی ایگزیکیٹیو کونسل کے رکن مقرر

 

علی گڑھ، 7 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈٹکنالوجی کے ڈین پروفیسر نثار احمد کو یونیورسٹی کی ایگزیکیٹیو کونسل (ای سی) کا ممبر مقرر کیا گیا ہے۔ انھیں سینئر ترین ڈین ہونے کی بنیاد پر ای سی کی رکنیت دی گئی ہے۔

 

ان کی مدت کا آغاز 2 اگست 2025 سے ہو چکا ہے، اور وہ متعلقہ فیکلٹی کے ڈین کے منصب پر فائز رہنے تک اے ایم یو ای سی کے رکن رہیں گے۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

اے ایم یو کورٹ کے نئے رکن کا اعلان

 

علی گڑھ، 7 اگست:جناب سید احمد فیصل کو آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل کانفرنس کے منتخب نمائندے کی حیثیت سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کورٹ کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔ انھوں نے ڈاکٹر معراج الدین احمد کی جگہ لی ہے، جن کا گزشتہ دنوں انتقال ہوگیا تھا۔

 

جناب فیصل یکم جنوری 2026 تک اے ایم یو کورٹ کے رکن رہیں گے اور ڈاکٹر معراج الدین احمد کی باقی ماندہ مدت مکمل کریں گے۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

آر ایم پی ایس اے ایم یو سٹی اسکول میں منشیات سے نجات کے سلسلہ میں بیداری پروگرام منعقد

 

علی گڑھ، 7 اگست: راجہ مہندر پرتاپ سنگھ اے ایم یو سٹی اسکول میں اے ایم یو کی این ایس ایس اکائی نے نشہ مُکت بھارت ابھیان کے تحت ایک آگہی پروگرام منعقد کیا،اور طلبہ کو نشہ آور اشیاء کے استعمال کے نقصانات سے آگاہ کیا۔

 

اس موقع پر این ایس ایس کوآرڈنیٹر پروفیسر محسن خان (یونیورسٹی پولی ٹیکنک) نے مہمان خصوصی کے طور پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نشہ صرف فرد کو نقصان نہیں پہنچاتا بلکہ پورے معاشرے اور قوم کے مستقبل کو بھی دیمک کی طرح چاٹ جاتا ہے۔ ہمیں ابتدائی مرحلے ہی سے طلبہ میں اچھی اقدار پیدا کرنی چاہئیں تاکہ وہ ایسی برائیوں سے بچ سکیں۔

 

مہمانِ اعزازی ڈاکٹر محمد انس (اجمل خاں طبیہ کالج، اے ایم یو) نے نوجوانوں کو نشے کی لت سے بچانے کے لئے مسلسل بیداری مہم چلانے کی اہمیت پر زور دیا۔ ورکشاپ ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالجبار نے کہا کہ نشہ ایک سماجی برائی ہے جو فرد کی صلاحیت کو چھین لیتا ہے۔ این ایس ایس کا مقصد طلبہ کو باشعور اور ذمہ دار شہری بنانا ہے۔

 

اسکول کے پرنسپل جناب سید تنویر نبی نے اس مسئلے پر اسلامی نقطہ نظر سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسلام میں نشہ سختی سے منع ہے کیونکہ یہ عقل کو زائل کرتا ہے اور معاشرے میں فساد کو فروغ دیتا ہے۔ منشیات کے خلاف آواز بلند کرنا ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔

 

وائس پرنسپل ڈاکٹر فیاض الدین نے نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش ظاہر کی اور پروگرام کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔

 

پروگرام میں طلبہ کی جانب سے ایک نکڑ ناٹک پیش کیا گیا، جس کے ذریعہ نشہ اور تمباکو نوشی کے خلاف مؤثر پیغام دیا گیا۔

 

محترمہ شاذیہ قمر نے بطور ثقافتی کوآرڈینیٹر تمام سرگرمیوں کو منظم کیا، جب کہ نظامت کے فرائض محترمہ ناہید اکبری نے انجام دئے۔

Comments are closed.