غزہ میں اسرائیلی نسل کشی کے شہداء کی تعداد 63,025 ہو گئی
بصیرت نیوز ڈیسک
غزہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کے ہسپتالوں میں 59 شہداء اور 224 زخمیوں کو لایا گیا، جن میں دو شہداء کی لاشیں ملبے سے نکالی گئی ہیں۔ اس کے باوجود، اب بھی کئی متاثرین ملبے تلے اور سڑکوں پر موجود ہیں، جہاں امدادی ٹیمیں اور شہری دفاع کا عملہ ان تک پہنچنے سے قاصر ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کو موصول ہونے والے وزارت کے ایک بیان کے مطابق سات اکتوبر سنہ2023ء سے قابض اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہداء کی تعداد بڑھ کر 63,025 اور زخمیوں کی تعداد 159,490 ہو گئی ہے۔ اسی طرح 18 مارچ سنہ2025ء سے آج تک شہداء کی تعداد 11,178 اور زخمیوں کی تعداد 47,449 ہو چکی ہے۔
وزارت نے واضح کیا کہ امدادی پوائنٹس کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کی تعداد بڑھ کر 2,203 شہداء اور 16,228 سے زائد زخمیوں تک پہنچ گئی ہے، جب کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 23 شہداء اور 182 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہسپتالوں میں اب بھی روزانہ کی بنیاد پر قحط اور غذائی قلت کی وجہ سے اموات ریکارڈ کی جا رہی ہیں، جن میں زیادہ تر بچے شامل ہیں۔ یہ سب کچھ صحت کی سہولیات کو چلانے کے لیے ضروری خوراک، دوا اور ایندھن کی فراہمی پر مسلسل پابندی کے نتیجے میں ہو رہا ہے۔
Comments are closed.