رام اللہ اور جنین میں قابض اسرائیلی فوج کی درندگی، بزرگ خاتون اور کم عمر فلسطینی شہید

 

بصیرت عالمی نیوز ڈیسک

مقبوضہ مغربی کنارے میں قابض اسرائیلی فوج کی تازہ درندگی کے نتیجے میں جمعرات کے روز دو فلسطینی شہری شہید ہو گئے، جن میں ایک بزرگ خاتون اور ایک کم عمر فلسطینی لڑکا شامل ہے۔

 

مقامی ذرائع کے مطابق رام اللہ کے شمال مغرب میں واقع المزرعہ الغربیہ قصبے میں آج صبح قابض اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی گھر پر دھاوا بول دیا۔ فوجیوں نے گھر کے مکینوں پر بے رحمی سے تشدد کیا اور ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا۔ اس دوران بزرگ خاتون ہنیہ حنون المعروف “ام عماد” فوجیوں کے حملے کے باعث موقع پر ہی شہید ہو گئیں۔

 

عینی شاہدین کے مطابق صہیونی فوجیوں نے نہ صرف گھر میں توڑ پھوڑ کی بلکہ خوف و دہشت پھیلا کر پورے خاندان کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ شہیدہ خاتون دل کے عارضے میں مبتلا تھیں اور قابض فوج کے تشدد اور دھمکیوں کے نتیجے میں ان کی جان چلی گئی۔

 

ادھر مغربی کنارے کے شہر جنین کے مغرب میں واقع الیامون قصبے میں قابض اسرائیلی فوج نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایک فلسطینی لڑکے کو گولیوں کا نشانہ بنایا۔ عینی شاہدین کے مطابق فوجیوں نے لڑکے پر قریب سے فائرنگ کی اور چار گولیاں اس کے جسم میں پیوست کیں، جس کے بعد وہ شدید زخمی حالت میں زمین پر گر گیا۔ قابض فوج کے اہلکار اسے زخمی حالت میں اٹھا کر لے گئے اور طبی عملے کو اس تک پہنچنے سے روک دیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

 

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ایک واضح “میدانی قتل” ہے، جو جنین میں قابض اسرائیلی فوج کی مسلسل درندگی اور قتل و غارت کی پالیسی کا حصہ ہے۔ صہیونی افواج روزانہ کی بنیاد پر جنین اور اس کے نواحی قصبوں میں گھس کر نہتے شہریوں کو گولیوں کا نشانہ بناتی ہیں، گھروں میں توڑ پھوڑ کرتی ہیں اور نوجوانوں کو اغوا کر کے نامعلوم مقامات پر منتقل کرتی ہیں۔

 

عینی شاہدین نے بتایا کہ جمعرات کی صبح قابض اسرائیلی فوج نے الیامون قصبے پر بڑی تعداد میں حملہ کیا۔ صہیونی فوجی گاڑیاں گلیوں میں پھیل گئیں اور کئی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کر دیے گئے۔ قابض فوجیوں نے براہ راست گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں متعدد شہریوں کو چوٹیں آئیں۔

 

قابض اسرائیل کی یہ مسلسل کارروائیاں فلسطینی عوام کے خلاف منظم نسل کشی، اجتماعی سزا اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا تسلسل ہیں۔ ان مظالم کا مقصد فلسطینی عوام کے حوصلے توڑنا اور ان کی مزاحمتی قوت کو ختم کرنا ہے، مگر غیور فلسطینی عوام ہر روز اپنے خون سے ثابت کر رہے ہیں کہ وہ آزادی اور وقار کی جدوجہد سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

Comments are closed.