جامعہ عربیہ معراج العلوم چیتا کیمپ ممبئی میں مولانا یعقوب بلندشہری کی آمد، طلبہ اور اساتذہ سے خطاب
ممبئی 11 نومبر: آل انڈیا دینی مدارس بورڈ کے چیئرمین و جامعۃالطیبات نسواں کالج سہارنپور کے ناظم حضرت مولانا محمد یعقوب بلند شہری صاحب ممبئی تشریف لائے ہوئے ہیں۔
آل انڈیا دینی مدارس بورڈ کی جانب سے فروغ تعلیم کے لئے تعلیمی بیداری تحریک چلائی جا رہی ہے اسی سلسلے میں ایک دینی ،تعلیمی اصلاحی، اور دعوتی پروگرام جامعۃ العربیہ معراج العلوم چیتا کیمپ ممبئی میں منعقد ہوا جس کی صدارت جامعہ ہذا کے مہتمم حضرت مولانا قاری محمد صادق خان صاحب نے کی۔
اس تعلیمی پروگرام میں حضرت مولانا محمد یعقوب بلند شہری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
مولانا بلند شہری نے فروغ تعلیم پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے بغیر انسان ادھورا ہے تعلیم ہی انسان کو دنیا میں جینے کا سلیقہ سکھاتی ہے انہوں نے طلبہ سے مخاطب ہوکر کہا کہ تعلیم حاصل کرنے کے لئے پوری جدوجہد کریں ایک لمحہ بھی ضائع نہ کریں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالٰی نے قرآن و حدیث کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے آپ کو چنا ہے آپ لوگ اللہ تعالی کے پسندیدہ بندے ہیں اسلئے وقت کی قدر کریں اور زیادہ سے زیادہ حصول تعلیم کے لئے محنت کریں انہوں نے دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم بھی حاصل کرنے پر زور دیا۔
پروگرام کا آغاز مولانا قاری زاہد خان نے قرآن پاک کی تلاوت اور محمد یاسر نے نعت پاک سے کیا۔ پروگرام میں حاجی امتیاز بھوئیرا، مولانا سعود الظفر مظاہری، قاری عبدالسبحان رحمانی، حضرت قاری محمد صادق خان صاحب ،مولانا محمد زاہد خان صاحب وغیرہ کے علاوہ اس موقع پر جامعہ عربیہ معراج العلوم کے طلباء و اساتذہ کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی
Comments are closed.