دہلی کے لال قلعہ کے قریب دھماکہ انتہائی افسوسناک، واقعہ کی مکمل اور غیر جانبدارانہ جانچ کرائی جائے: ویلفیئر پارٹی آف انڈیا
نئی دہلی(پریس ریلیز) ویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے دہلی کے لال قلعہ کے قریب کار دھماکے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، جس میں کم از کم 13 جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔ پارٹی نے اس واقعہ پر مرکزی وزیرِ داخلہ کے استعفے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
پارٹی کے نیشنل جنرل سکریٹری ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے ہندوستان کے دارالحکومت میں اس سنگین سکیورٹی کی خامی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی مکمل، غیر جانب دار اور ہر پہلو سے جانچ کرائی جائے تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ آیا یہ ایک منصوبہ بند دہشت گردانہ کارروائی تھی یا محض ایک حادثہ۔ اگر تحقیقات میں یہ ثابت ہو کہ یہ دہشت گردانہ حملہ تھا تو مجرمین کو فوری طور پر قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے۔
انہوں نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ متاثرین کے اہلِ خانہ کو مناسب معاوضہ اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔
ڈاکٹر الیاس نے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط بنانے اور شہریوں کی حفاظت میں ناکامی پر مرکزی وزیر داخلہ کے استعفے کا بھی مطالبہ کیا۔
آخر میں ڈاکٹر الیاس نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
Comments are closed.