أنس ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے مولانا ابوالکلام آزاد کو خراجِ عقیدت

 

پھریندہ، مہراج گنج (نمائندہ خصوصی)

قومی یومِ تعلیم کے موقع پر أنس ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے ملک کے عظیم مجاہدِ آزادی، مفکرِ ہند، اور معمارِ تعلیم مولانا ابوالکلام آزادؒ کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ٹرسٹ کے اراکین نے ان کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مولانا آزادؒ نہ صرف آزادی کے علمبردار تھے بلکہ تعلیم کو قوم کی ترقی کی بنیاد سمجھتے تھے۔

 

ٹرسٹ کے صدر جناب عبیدالرحمن خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ مولانا ابوالکلام آزادؒ نے جس جذبے کے ساتھ آزادی کی جدوجہد کی، اسی اخلاص کے ساتھ انہوں نے قوم میں تعلیم کا شعور بیدار کیا۔ انہوں نے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ کوئی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔ مولانا آزادؒ نے ہندوستان کے تعلیمی ڈھانچے کی بنیاد رکھی، جن کے وژن کی روشنی میں آج ملک کا تعلیمی نظام مضبوطی سے کھڑا ہے۔

 

مولانا محمد انعام سیتاپوری نے کہا کہ مولانا آزادؒ کا خواب تھا کہ ہر بچہ تعلیم حاصل کرے، خواہ وہ کسی بھی مذہب، ذات یا علاقے سے تعلق رکھتا ہو۔ ان کی رہنمائی میں تعلیم کو عام کرنے کے لیے جو پالیسیاں بنائی گئیں، وہ آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

 

أنس ویلفیئر ٹرسٹ کے اراکین نے کہا کہ وہ مولانا آزادؒ کے نظریات پر عمل پیرا رہیں گے اور تعلیم کے فروغ کو اپنی اولین ترجیح بنائیں گے، تاکہ ملک کا ہر غریب و محروم بچہ علم کی روشنی سے منور ہو سکے۔

 

اس موقع پر ٹرسٹ رکن مولانا اکرم ندوی نے بھی مولانا آزادؒ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ واقعی ملتِ اسلامیہ اور ہندوستان کے وہ رہنما تھے جنہوں نے تعلیم کے ذریعے قوم کو بیداری عطا کی۔

 

تقریب کے اختتام پر مرحوم مولانا ابوالکلام آزادؒ کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی، اور اس عہد کا اعادہ کیا گیا کہ أنس ویلفیئر ٹرسٹ تعلیم و تربیت کے میدان میں اپنی خدمات جاری رکھے گا، تاکہ مولانا آزادؒ کا خواب ایک تعلیم یافتہ، باشعور، اور مضبوط قوم حقیقت بن سکے۔

 

Comments are closed.