رختِ سفر اور شبستانِ غیث الہدیٰ کی تجلیاں

(قسط اوّل)

✍🏻 فضیل اختر قاسمی بھیروی

خادم التدریس دارالعلوم رحیمیہ پیلیر آندھراپردیش

 

سفر انسان کے نہاں خانۂ دل میں چھپے ذوقِ جستجو کو مہمیز دیتا ہے اور جب یہ سفر علم، دید اور مخلصین کی الفت کا بہانہ بن جائے تو مسافتیں زحمت کے بجائے سراپا رحمت میں ڈھل جاتی ہیں۔ پیلیر کی پرسکون بستی، جہاں تدریسی ذمہ داریاں حیات کو ایک سنجیدہ نظم عطا کیے ہوئے ہیں، کچھ دنوں سے دوستوں کے اشتیاق کے نشانے پر تھی۔ حیدرآباد میں دورِ افتاء کے دوران جن احباب کے ساتھ شب و روز کتابوں کی ورق گردانی میں گزرے تھے، ان کا مرکزِ تعلق یہی گلستانِ جنوب، یعنی شہرِ بنگلور تھا۔ گزشتہ سال جب ہم انوارِ علم کی بزم میں دوش بدوش بیٹھا کرتے تو بنگلور کے مخلص رفقاء اکثر دست بستہ عرض کیا کرتے تھے کہ کبھی اس دیار کی بھی خاک چھانی جائے۔ اس وقت تو وعدہ ایک سرسری مسکراہٹ کے سپرد کر دیا گیا تھا، مگر جب تدریس کے واسطے پیلیر کا انتخاب ہوا تو دوری قربت میں بدل گئی اور احباب کے تقاضوں کی شدت بھی دوچند ہو گئی۔

؎

*کھینچتی ہے دل کو اب تک صحبتِ اہلِ صفا*

*تھک کے رہ جاتی ہیں راہیں، دل نہیں تھکتا کبھی*

چنانچہ بدھ کے روز احباب کا اصرار غالب آ گیا، بالخصوص ہمارے رفیقِ عزیز مولانا مفتی محی الدین حسامی صاحب کا مسلسل اصرار اس سفر کا خاص محرک بنا، اور ہم نے سامان باندھ کر عزمِ سفر باندھ ہی لیا۔ عصر کی نماز اپنے یہاں ادا کی اور کار کی نشست پر براجمان ہو کر اس پرشکوہ شہر کی سمت روانہ ہوئے جس کی گہما گہمی ملک بھر میں ضرب المثل ہے۔ شاہراہ کے دونوں اطراف شام کی زردی آہستہ آہستہ رات کی سیاہی میں گم ہو رہی تھی اور فکر و خیال کے بے شمار قافلے ذہن کے پردے پر رواں دواں تھے۔ کار مسافتیں طے کرتی رہی اور بالآخر رات کے لگ بھگ ساڑھے نو بجے ہم بنگلور کے مشہور چوراہے "ٹن فیکٹری” جا پہنچے۔ گرد و پیش گاڑیوں کی کثرت، مصنوعی روشنیوں کا سیلاب اور فلک شگاف پلوں کی پیچیدگیاں شہر کے تجارتی پھیلاؤ کی گواہی دے رہی تھیں۔ وہاں سے زمین دوز اور بلند رفتار میٹرو کا رخ کیا گیا جو الیکٹرانک سٹی کی سمت رواں تھی۔ برقی ریل کی تیز رفتاری میں بھی دل اسی موڑ پر اٹکا تھا جہاں آشنا چہروں کا دیدار مقدر ہونے کو تھا۔

الیکٹرانک سٹی کے اسٹیشن پر جیسے ہی قدم رکھے، زمینی دھارے کی جانب اترتے ہی سامنے نگاہیں منتظر پائیں۔ مولانا ظفر غیثی صاحب جو جامعہ غیث الہدیٰ کے استاذ ہیں، اپنی سواری لیے ایستادہ تھے۔ ان کے چہرے پر بشاشت تھی۔ پرخلوص مصافحے کے بعد ان کی معیت میں شکاری پالیہ کی جانب پیش قدمی ہوئی، جہاں شاہراہ کے عین کنارے جامعہ غیث الہدیٰ کا شاندار علمی قلعہ واقع ہے۔ گھڑی نے رات کے ساڑھے گیارہ کا ہندسہ چھوا تو ہم مدرسے کے احاطے میں داخل ہو چکے تھے۔ سفر کی گرد ابھی پلکوں پر موجود تھی کہ ہمارے دیرینہ ساتھی جو مسلسل معلوم کرتے رہے کہ کہاں تک پہونچے اور اس سفر کے اصل محرک مولانا مفتی محی الدین حسامی نے کہا کہ ان شاءاللہ فجر کی نماز کے بعد ملاقات ہوگی۔ مفتی صاحب کا وجود سراپا حیا، نرم خوئی اور صوفیانہ طمانیت کا آئینہ دار ہے۔ دورانِ طالب علمی سے ہی اساتذہ کے منظورِ نظر رہے اور کمالِ اعتماد کی دلیل یہ ہے کہ تعلیم سے تکمیل کے فوراً بعد مادرِ علمی ہی نے اپنے دامن میں سمیٹ لیا۔

؎

*یہ سادگی، یہ حلم، یہ خوئے فرشتگی*

*وہ خود سراپا مہر ہیں، کیا کیجیے بیاں*

مفتی صاحب اور رفقاء نے ایسی پرخلوص ضیافت کا اہتمام کر رکھا تھا کہ سفر کی تمام تر تکان کافور ہو گئی۔ دسترخوان پر لذیذ طعام چن دیے گئے اور میزبانوں کی والہانہ محبت نے نوالوں کو مزید خوش ذائقہ بنا دیا۔ طعام سے فراغت پائی تو شب کے بارہ بج چکے تھے، مگر جامعہ کی درسگاہوں اور دالانوں میں جو منظر آنکھوں کے سامنے آیا، وہ روح کو سرشار کر گیا۔ باہر کی دنیا جہاں گہری نیند کے سپرد ہو چکی تھی، وہیں اس ادارے کے نونہالانِ علم ساڑھے بارہ بجے تک چراغوں تلے، بڑی بڑی جلدوں کو سینے سے لگائے، فہم و ادراک کے موتی چننے میں غرق تھے۔ کتابوں پر جھکی ہوئی وہ جبینیں اور صفحۂ قرطاس پر دوڑتی ہوئی وہ متلاشی نگاہیں دیکھ کر قرونِ اولیٰ کے اہلِ علم کی شب بیداریوں کا گمان ہوتا تھا۔

اس موقع پر مولانا ظفر غیثی صاحب نے ادارے کا تعارف پیش کیا۔ جامعہ غیث الہدیٰ کی بنیاد 1999ء میں رکھی گئی تھی۔ یہ ادارہ تقریباً دو سو تشنگانِ علومِ نبوت کی پیاس بجھا رہا ہے، جہاں ابتدائی درجات سے لے کر دورۂ حدیث شریف تک مکمل نظام قائم ہے۔ یہاں مفتی مختار صاحب قاسمی، قاری نور الاسلام صاحب فلاحی اور دیگر اساتذۂ کرام تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ فراغت پانے والے تشنگانِ علم کی نسبت "غیثی” کے پروقار لقب سے جڑ جاتی ہے۔ گفتگو کے دوران بنگلور کے علمی حلقوں کی ایک ایسی درخشاں اور نادر روایت سے پردہ اٹھا جس نے دل کو بے حد متاثر کیا۔ یہاں کے طلبہ اپنے مادرِ علمی اور اپنے اساتذہ سے فکری و باطنی طور پر اس قدر پیوست رہتے ہیں کہ فراغت کے بعد، خواہ وہ دورۂ حدیث دیوبند جا کر ہی مکمل کیوں نہ کریں، واپسی پر سیدھے اپنے قدیم اساتذہ کی چوکھٹ پر حاضر ہوتے ہیں۔ اپنے مستقبل کے فیصلے، تدریس و خطابت کے مناصب، یا اگر کوئی تجارت کی راہ بھی اپنانا چاہے، تو اساتذہ کے مشورے اور سرپرستی کے بغیر ایک قدم بھی نہیں اٹھاتا۔ اساتذہ ہر طالب علم کی استعداد اور اخلاقی جوہر سے بخوبی واقف ہوتے ہیں، لہٰذا وہ اپنے شاگردوں کے لیے خود مساجد و مدارس میں وقار کے ساتھ راستے کشادہ کرتے ہیں۔ جس کا تعلق استاذ کے دامن سے کٹ جائے، اسے یہاں کے ماحول میں معیوب نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ شاگرد اور مربی کے مابین یہ مضبوط رشتہ فی زمانہ نایاب ہوتا جا رہا ہے اور ہر تعلیمی مرکز کو اسی طرز پر اپنے بچوں کی کفالت کرنی چاہیے۔

احباب کے ساتھ علمی گفتگو، نظامِ تعلیم کے احوال کا یہ سلسلہ ایسا دراز ہوا کہ رات کا ایک بج گیا۔ تھکاوٹ نے پلکوں پر دستک دی تو اجازت چاہی اور خوابِ راحت کے حوالے ہوئے۔

صبح کاذب کا اجالا ابھی رات کی تاریکی سے نبرد آزما تھا کہ بیداری نصیب ہوئی۔ جامعہ کی وسیع، خوبصورت اور پرشکوہ مسجد میں فجر کی نماز ادا کی گئی۔ اس خطے کے مدارس میں تبلیغی دعوت کی روح گہری اتری ہوئی ہے، جس کے اثرات یہاں کے در و دیوار اور طلبہ کے اطوار سے نمایاں ہیں۔ چہروں پر عجز، طمانیت اور تمکنت کا راج تھا، تکبر اور رعونت کا دور دور تک نام و نشان نہ تھا۔ سب سے منفرد اور جاذبِ توجہ منظر ان نوجوانوں کے سروں پر رکھی ہوئی سفید، روایتی دو پَلی ٹوپیاں تھیں، جو ہمارے بزرگ حضرت مولانا ارشد مدنی دامت برکاتہم کی مخصوص ٹوپی سے گہری مشابہت رکھتی تھیں۔ دورِ حاضر کی خود نمائی، بناؤ سنگار اور فیشن کے رجحانات سے کوسوں دور، اتنی بڑی تعداد میں طلبہ کو اس درویشانہ لباس اور باوقار وضع قطع میں دیکھ کر آنکھیں ٹھنڈی ہو گئیں۔

نماز کے بعد احباب کی عنایت سے شکاری پالیہ کی ایک معروف اور روایتی چائے کی دکان کا رخ کیا گیا، جہاں تپتی ہوئی کیتلیوں سے نکلتی خوشبودار اور خاص طریقے سے تیار کردہ چائے کے پیالوں نے صبح کے خنک جھونکوں میں نئی تازگی بھر دی۔

حضرت مولانا مفتی عبد اللطیف قاسمی صاحب کے صاحبزادگان حافظ محمد فیضان اور حافظ محمد نعمان سے بھی تعارف حاصل ہوا۔ دونوں کے نام بھی اس علمی ماحول کی یادوں میں شامل ہو گئے۔ اسی طرح مفتی اسلم صاحب کے فرزند حافظ ارحم سے بھی جامعہ کی مسجد میں ملاقات ہوئی۔ نہایت سنجیدہ مزاج اور باوقار نوجوان ہیں۔

علم کی یہ بستی بیدار ہو چکی تھی، اور اب آفتاب کے ساتھ ساتھ حضرت مولانا مفتی عبد اللطیف قاسمی کی صحبت کے انوار سے فیضیاب ہونے کی گھڑی قریب آ رہی تھی۔

؎

*ابھی تو ابتدا ہے اس دیارِ مہر و الفت کی*

*کھلیں گے اور بھی موتی سحر کے بعد رستے میں*

 

7 نومبر 2026ء بروز ہفتہ

Comments are closed.