شمالی ہند میں دلت سیاست کا بدلتا چہرہ

 

ڈاکٹر تسلیم احمد رحمانی

گزشتہ ماہ مغربی اتر پردیش کے ایک بڑے قصبے میں چندر شیکھر آزاد راون کی ایک بڑی عوامی ریلی میں شرکت کے لیے جانا پڑا۔ میرے بچپن کے دوست کے عزیز کو وہاں آزاد سماج پارٹی کا ٹکٹ ملا تھا اور ان کی خواہش اور اصرار تھا کہ میں اس ریلی میں شرکت کروں۔ حالانکہ میں کسی سیاسی جماعت سے وابستہ نہیں ہوں، اس لیے کسی کے اسٹیج پر جانے سے بھی گریز کرتا ہوں،۔ ایک دن قبل وہاں پہنچا اور رات کے وقت مجھے جلسہ گاہ کے معائنے کے لیے لے جایا گیا۔ وہاں آزاد سماج پارٹی کے صوبائی صدر پہلے سے موجود تھے اور ایک ایک انتظام کا بڑی باریکی سے جائزہ لے رہے تھے۔ سامعین کا پنڈال، اسٹیج، حفاظتی انتظامات وغیرہ کی تسلی کر رہے تھے۔ ان کے بہت سے کیڈر اور ان کی سوشل میڈیا ٹیم بھی وہاں موجود تھی۔اگلے روز مجھے اسٹیج پر لے جایا گیا تو دیکھا کہ پورا اسٹیج ان کی پارٹی کے ورکروں کے ہاتھ میں تھا اور سامعین کو بٹھانے کی ترتیب بھی وہی دے رہے تھے۔ سازندے اور گلوکار بھی پارٹی سے تعلق رکھنے والے تھے، جو پروگرام شروع ہونے سے قبل سامعین کو مشغول رکھنے میں لگے ہوئے تھے۔ مقررین کی فہرست بھی صوبائی صدر نے خود تیار کی تھی اور اسی نظم و ضبط کے ساتھ کارروائی چلائی جا رہی تھی۔ سامعین کی بڑی تعداد دلت برادری کے لوگوں کی تھی، جبکہ امیدوار کے حامی مسلمانوں کی بھی خاصی تعداد موجود تھی۔ گویا ریلی پر مکمل کنٹرول پارٹی کی صوبائی اور ضلعی یونٹ کے ہاتھ میں تھا، جبکہ تمام اخراجات امیدوار کے ذمے تھے۔

یہ ایک منظرنامہ ہے۔ دوسرا منظرنامہ 2020 کے بہار اسمبلی انتخابات کا ہے، جب پورنیہ سے ممبر پارلیمنٹ پپو یادو صاحب نے مختلف پارٹیوں کا ایک محاذ تیار کیا تھا، جس میں اے ایس پی بھی شامل تھی۔ چندر شیکھر انتخابی مہم میں خود شریک تھے۔ انہوں نے بہار کی 100 سیٹوں پر انتخاب لڑنے کا اصرار کیا اور محاذ میں شریک ہونے کے باوجود محاذ کے کئی امیدواروں کے خلاف بھی اپنے امیدوار اتارے، مگر ان کو کہیں بھی 200 سے 300 سے زیادہ ووٹ نہیں ملے۔

تیسرا منظرنامہ 2022 کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات کا ہے، جب بہت شدومد کے بعد چندر شیکھر کی پارٹی کو، اکھلیش یادو نے صرف دو سیٹیں دینے کا اعلان کیا، جن میں سے ایک پر خود چندر شیکھر کو الیکشن لڑنا تھا اور دوسری پر کون لڑے گا، اس کے لیے پوری یوپی میں ایسی دوڑ لگی تھی کہ دعویداروں کی ایک بڑی تعداد سامنے آنے لگی۔ معلوم ہوا کہ اس سیٹ کی بولی لگ رہی ہے۔ چنانچہ اگلے 24 گھنٹوں میں ہی اکھلیش یادو نے دونوں سیٹیں واپس لے لیں اور آزاد سماج پارٹی، نے تقریباً ہر جگہ اپنے امیدوار کھڑے کر دیے۔ پورے صوبے میں کل ملا کر انہیں تقریباً چار لاکھ ووٹ حاصل ہوئے۔

چوتھا منظرنامہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے وقت اتر پردیش کی نگینہ سیٹ کا ہے، جہاں سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے چندر شیکھر نے خود پوری طاقت کے ساتھ انتخاب لڑا اور جیت بھی گئے۔ اس کامیابی نے انہیں سیاست میں کافی معروف بنا دیا۔ اس سے قبل انہوں نے اپنی کاسٹ کے لیے زمینی جدوجہد بھی بہت کی ہے۔ ان کے مقابلے میں بی ایس پی یا ایس پی کا کوئی بہت مضبوط امیدوار بھی نہیں تھا اور پورا مسلم سماج تن من اور خصوصاً دھن کے ساتھ ان کے پیچھے کھڑا ہوگیا۔ وہ آسانی سے پارلیمنٹ پہنچ گئے، جس سے اتر پردیش کی دلت سیاست کے مستقبل کے طور پر ان کی شخصیت کافی اہمیت کے ساتھ ابھر کر سامنے آئی۔

یاد رہے کہ نگینہ وہی تاریخی سیٹ ہے جس پر مایاوتی نے بی ایس پی کے ٹکٹ پر پہلی بار 1989 میں لوک سبھا کا انتخاب جیتا تھا۔ اس سے قبل 1985 کے ضمنی انتخاب میں بابو جگجیون رام کی بیٹی میرا کمار کے مقابلے میں الیکشن لڑا اور 61 ہزار ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہی تھیں، جبکہ بی ایس پی اس وقت تک رجسٹرڈ بھی نہیں ہوئی تھی۔ نگینہ اس وقت اسی علاقے کا حصہ تھا۔ گویا ضلع بجنور نے اتر پردیش میں دلت سیاست کے مستقبل کو طے کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے۔

اس تمام منظرنامے کو ذہن میں رکھیں تو دو اہم نکات کو سمجھنے میں بہت مدد ملے گی۔ ایک تو یہ کہ شمالی ہندوستان میں دلت سیاست کو قوت، غلبہ اور انتخابی کامیابی کے ساتھ قومی منظرنامے پر ایک مضبوط اور مؤثر آواز بننے میں اس وقت تک کامیابی ممکن ہی نہیں ہے، جب تک اس کو مسلم ووٹ کا سہارا نہ ملے۔ بجنور میں ہمیشہ ہی تقریباً 44 فیصد مسلم ووٹ رہا ہے، جبکہ ایس سی ووٹ محض 21 فیصد ہے۔ واضح رہے کہ ریاست میں کئی ایسی سیٹیں بھی ہیں جہاں ایس سی ووٹ بہت بڑی تعداد میں موجود ہے، لیکن وہاں مسلم ووٹ اتنا مؤثر نہیں ہوتا۔ اور یہ واضح ہے کہ مسلماوں کے نوٹ، ووٹ اور طاقت کے بغیر کسی سیاسی کامیابی ک تصور نہیں کیا جا سکتا۔ اسی لئے کثر جب سیاستداں مشکل میں ہوتے ہیں تو مسلم غلبے والی سیٹوں کا ہی رخ کرتے ہیں۔

کانشی رام نے اس کا بہت عمیق مطالعہ کیا تھا اور ان کے قائم کردہ تھنک ٹینک ڈی ایس فور کے ذریعے اپنی برادری کے دانشوروں اور سرکاری ملازمین کے طبقے کو باہم مربوط کیا۔ بعد میں بامسیف بھی اسی پر لگاتار کام کرتا رہا اور اس کے ذریعے ہی ایک تربیت یافتہ سیاسی کیڈر کھڑا کیا گیا، جو گاؤں گاؤں گھوم کر چھوٹی چھوٹی میٹنگیں کرتا اور شمالی ہندوستان کی سطح پر اپنے سماج کی ذہن سازی کا کام کرتا رہا۔

لیکن محض دلت سماج کے کھڑے ہونے سے انہیں کسی بڑی سیاسی کامیابی کی امید نہیں تھی۔ چنانچہ انہوں نے مسلمانوں کے ووٹوں کے لیے بھی ان کے گھروں پر دستک دینی شروع کر دی۔ 1980 سے 1990 تک ملک کا شاید ہی کوئی مسلمان چہرہ ہوگا جس کے گھر جا کر کانشی رام نے انہیں اپنے ساتھ لانے کی کوشش نہ کی ہو۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے دلت مسلم اتحاد کے فارمولے کو مسلمانوں نے بھی قبول کیا۔ حتیٰ کہ 1993 میں یوپی اسمبلی میں ملائم سنگھ کے ساتھ اتحادی کے طور پر اور 1995 میں بی جے پی کی حمایت سے خود اپنی حکومت سازی کرنے میں کامیابی حاصل کر لی۔ نتیجتاً 1996 میں پہلی بار لوک سبھا کے 11 ارکان بھی کامیاب ہوئے اور پارٹی کو دو فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے قومی پارٹی کا درجہ مل گیا، جو آج بھی لوک سبھا اور اسمبلی میں ایک بھی نمائندہ نہ ہونے کے باوجود قائم ہے۔

مسلمانوں سے جامع مسجد میں کھڑے ہو کر پکا وعدہ کرنے کے باوجود کہ وہ بی جے پی کی حمایت نہیں کریں گے اور نہ ہی اس سے حمایت لیں گے، 1995 میں کانشی رام نے یہ وعدہ توڑ دیا۔ اس کے بعد کم از کم تین مرتبہ بی جے پی ہی کی حمایت سے اتر پردیش میں حکومت سازی کی گئی۔ مسلمانوں نے اس سے اپنے ساتھ دھوکہ تصوت کیا اور بی ایس پی کا ساتھ چھوڑ دیا۔

اس کے بعد محض 2007 میں مسلمانوں نے یہ محسوس کرکے کہ بی ایس پی ہی اس وقت بی جے پی کو ہرا کر حکومت سازی کر سکتی ہے، اس کی حمایت کی۔ اس کے بعد گزشتہ دو انتخابات میں تجزیہ نگار محسوس کرتے ہیں کہ بی ایس پی نے اپنا ووٹ جان بوجھ کر بی جے پی کی جانب منتقل کر دیا۔

دلت تھنک ٹینک اس صورتحال میں یہ سمجھ چکے ہیں کہ ان کا سماج اب بی ایس پی سے مایوس ہو چکا ہے چنانچہ اب سیاسی قیادت کو بدلنے کا وقت آ گیا ہے۔ ساتھ ہی سماج کی بکھری ہوئی قوت کو بھی ایک بار پھر سے سمیٹنے کی ضرورت ہے اور یہ ظاہر ہے کہ مسلم سماج کو جوڑے بغیر ایسا ممکن نہیں ہے۔ کیونکہ اب مایاوتی کے سابقہ ریکارڈ کی روشنی میں مسلم سماج ان کے ساتھ ہرگز کھڑا نہیں ہوگا۔

یہیں سے دوسرا وہ نقطہ واضح ہوتاہے جس کا اوپر ذکر کیا گیا ۔ اس ریلی کا مشاہدہ واضح بتاتا ہے کہ بی ایس پی کے دلت تھنک ٹینک اور وہ تمام تربیت یافتہ کیڈر جو اس سے وابستہ ہے، پارٹی کے سابقہ ایم پی، ایم ایل اے اور اسی طرح کی دیگر زمینی قیادت آج چندر شیکھر کے ساتھ کھڑی ہو چکی ہے۔ ان کے ساتھ انتہائی تربیت یافتہ سیاسی کیڈر بھی ہے، جس کی قوت کا اظہار ابھی اتر پردیش میں مختلف مقامات پر ہو رہا ہے۔

ایسے میں ایک مسلم اتحاد کی شدید ضرورت ہے، جو اس وقت اسد الدین اویسی ہی پوری کر سکتے ہیں۔ مجلس اتحادالمسلمین کا ملک میں کہیں بھی نہ تو کوئی تھنک ٹینک ہے، نہ ہی تربیت یافتہ کیڈر ہے۔ ان کے پاس صرف ایک جذباتی بھیڑ ہے، جو دلت سماج کی طرز پر منظم نہیں ہے۔ چنانچہ دلت سماج کی قیادت قبول کرنے کے سوا ان کے پاس کوئی چارہ بھی نہیں ہے۔یہی وجہ ہے کہ نو تشکیل شدہ دلت-مسلم محاذ دلت سماج کو تو بھرپور طاقت دے گا، لیکن مسلم سماج کو اس سے کوئی قابلِ ذکر فائدہ ہوتا نظر نہیں آتا۔ اس کا بھی امکان ہے کہ گزشٹہ انتخاب میں ۱۰ فیصد بی ایس پی کا ووٹ جو بی جے پی کو منتقل ہوا تھا وہ واپس چندر شیکھر کے پاس آجائے۔دلت مسلم اتحاد یہاں یہ بات بھی سمجھ لینی چاہیے کہ چندر شیکھر دلت سماج کا ایک ابھرتا ہوا چہرہ تو ہیں، لیکن اس کا دل، دماغ اور دست و بازو نہیں ہیں۔ دلت تھنک ٹینک، اب چندر شیکھر اور ان کی پارٹی کوبی ایس پی کے متبادل کے طور پر سامنے کر رہا ہے، یو پی کے آنے والے انتخاب اس بات کواضح کر دیں گے۔ لیکن یہ بھی اپنے سابقہ لیڈروں کی طرح بی جے پی سے ہاتھ نہیں ملائیں گا، اس کی ضمانت کوئی بھی نہیں دے سکتا، کیونکہ ان کے دانشوروں کے پیش نظر اپنے سماج کی سیاسی و سماجی شناخت اور طاقت کو قائم رکھنا ہے، وچاہے جس کے تعاون سے بھی ممکن ہو۔ایسے محاذ انتخابی جیت کا سبب تو بن سکتے ہیں مگر کسی پائیدار دلت۔ مسلم اتحاد کی ان سے کوئی توقع نہیں کی جاسکتی۔

ملک میں ایک بڑی سیاسی تبدیلی کی آہٹ واضح طور پر محسوس کی جا سکتی ہے۔ یہ آہٹ بتاتی ہے کہ سیاسی قیادت اب صوبائی اور علاقائی سطح پر ابھرتے ہوئے نوجوانوں کے ہاتھ میں آئے گی۔ تمل ناڈو میں ٹی وی کے کی قیادت میں سرکار کا بننا، بہار میں پرشانت کشور کی سیاسی طاقت میں اضافہ، آندھر پردیش میں ایک قبائلی نوجوان کا نائب وزیر اعلیٰ بن جانا، اور اتر پردیش میں چندر شیکھر کی صورت میں ایک نوجوان دلت قائد کا ابھرنا، بہرحال اس آہٹ کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ لیکن مسلمان شاید ابھی اس آہٹ کو سننے پر آمادہ نہیں ہیں۔

(مضمون نگار مسلم پولیٹیکل کاونسل کے صدر ہیں )

arrifah@gmail.com

Comments are closed.