اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کا سہ روزہ 35 واں فقہی سمینار بحسن وخوبی اختتام پذیر

 

(سیلم تمل ناڈو سے  مفتی احمد نادر القاسمی کی خاص رپورٹ)

 

آج ۱۶؍نومبر ۲۰۲۶ء صوبہ تمل ناڈو کی عظیم دینی درسگاہ مدرسہ مظاہر العلوم سیلم میں جاری اسلامک فقہ اکیڈمی کا فقہی سمینار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، اس سمینار کی یہ خوبی رہی کہ ملک کے شمال وجنوب اور مشرق ومغرب کے تقریباً ہر صوبہ کی بڑی درسگاہوں اور علمی اداروں سے علماء، مفتیان کرام اور ماہرین، نیز ملت کے اہم قائدین نے شرکت کی،اور تمام مقررہ موضوعات پر سنجیدہ ماحول میں گفتگو اور بحث ومباحثے کے بعد اتفاقی طور پر تجاویز کو منظوری دی۔

مسلسل تین دنوں تک تبدیلی جنس، بیوہ اور مطلقہ کے مسائل، استحسان: ایک فقہی اصطلاح اور عصر حاضر میں سونا چاندی کی تجارت سے متعلق اہم مسائل زیر غور آئے ۔ اس سمینار کے اختتامی اجلاس کی صدارت ملک کی عظیم شخصیت اور مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولاناخالد سیف اللہ رحمانی نے فرمائی، اور نظامت کے فرائض مولانا عبید اللہ اسعدی نے انجام دیا، اس اجلاس میں مولانا عبد اللہ معروفی دیوبند، مولانا فضل الرحیم مجددی جے پور، مولانا افتخار قاسمی بنگلور، مولانا عتیق احمد بستوی لکھنؤ، مولانا محمد شریف خان دیوبند وغیرہ نے خطاب فرمایا اور اخیر میں سمینار کے میزبان کی طرف سے مولانا ابو الکلام قاسمی نے کلمات تشکر پیش کیا اور مولانا عبد اللہ معروفی کی دعا پر اجلاس اختتام پذیر ہوا اورمندرجہ ذیل تجاویز باتفاق آراء منظور ہوئیں:

تجاویز بابت: جنس کی تبدیلی سے متعلق مسائل

تمہید:

اللہ تعالی نے اس کائنات میں نسل انسانی کی بقا کے لئے مرد اور عورت کی تخلیق فرمائی ہے، اور خالق کائنات اپنی مشیت اور قدرت سے جسے چاہتا ہے مرد بناتا ہے اور جسے چاہتا ہے عورت کے قالب میں ڈھالتا ہے، عزت وشرف اور تکریم انسانیت میں دونوں کو مساوی درجہ عطا کیا ہے نیز انسان کا انسان ہونا بجائے خود شرف وفضیلت ہے ؛ خواہ مرد ہو یا عورت، اور دونوں کے لئے وظیفہ حیات مقرر کیا ہے، اس لئے کسی مرد کا محض اپنی خواہش اور چاہت کی وجہ سے تبدیل جنس کراکر عورت کے زمرے میں داخل ہونے کی کوشش کرنا اور کسی عورت کا مرد کے زمرے میں داخل ہونے کی کوشش کرنا اللہ تعالی کی تخلیق میں مداخلت، معصیت اور شیطانی عمل ، سنگین سماجی اور اخلاقی جرم ہے، جس کی حکومتی، اور سماجی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کی جانی چاہئے۔

۱- اسلامی شریعت کی رو سے کسی انسان کا جنس کو تبدیل کرانا حرام ہے۔

۲- تبدیل جنس سے کسی طبی تدابیر کی وجہ سے حقیقت تبدیل نہیں ہوتی جیسا کہ ماہرین کی رائے ہے۔

۳- شوہر وبیوی میں سے کسی ایک کے جنس تبدیل کرانے سے نکاح خود بخود ختم نہیں ہوگا۔ اگر بیوی نے جنس تبدیل کرالیا ہو تو شوہر طلاق دے سکتا ہے، اور اگر شوہر جنس کو تبدیل کرالے تو بیوی عیب کی وجہ سے فسخ نکاح کا مطالبہ کرسکتی ہے۔

۴- تبدیلی جنس کرانے والی ماں سے اگر بچہ کو کوئی جسمانی واخلاقی ضرر لاحق نہ ہو، تو اس کا حق حضانت باقی رہے گا۔

۵- تبدیلی جنس کرانے والی عورت اذان واقامت اور امامت کی اہل نہیں بن سکتی ہے، اور تبدیلی جنس کرانے والے مرد کے فاسق وفاجر ہونے اور ظاہری فتنہ کی وجہ سے، اس کی اذان واقامت اور امامت جائز نہیں ہے۔

۶- تبدیلی جنس کرانے سے ترکہ کے احکام پر کوئی اثر مرتب نہیں ہوگا، اور پیدائشی طور پر اس کی جو جنس تھی اسی کے مطابق اس کو حصہ ملے گا۔

۷- تبدیلی جنس کرانے والی خاتون کسی دوسری خاتون سے شادی نہیں کرسکتی ہے۔ نیز تبدیلی جنس کرانے والا مرد بھی دوسرے مرد سے نکاح نہیں کرسکتا ہے۔

۸- جس شخص میں مرد وعورت دونوں کی علامتیں جمع ہوں تو اس کے لئے شرعاً اس کی گنجائش ہوگی کہ طبی علاج کے ذریعہ اپنی مغلوب علامت کے اشتباہ کو دور کرالے؛ اس لئے کہ یہ ایک طرح کا مرض ہے اور علاج کے ذریعہ مرض سے شفاء مقصود ہے نہ کہ اللہ تعالی کی خلقت میں تبدیلی۔

۹- تبدیلی جنس کے بارے میں سماج کی ذمہ داری یہ ہے کہ اس کی روک تھام کے لئے افہام وتفہیم کا طریقہ اختیار کرے اور اسے روکنے کی حتی الامکان کوشش کرے۔نیز ہر صنف کی ذہنی رہنمائی کے پروگرام بنائے اور ان کی نفسیاتی پیچیدگیوں کو دور کرنے کی سعی کرے۔

۱۰- حکومت سے اپیل کی جاتی ہے کہ متعدد مفاسد اور خرابیوں کے مدنظر کسی انسان کے جنس تبدیل کرانے پر پابندی لگائے، ایسا کرنے والے طبی مراکز کی نگرانی رکھے، ایسا کرنے والے ڈاکٹروں کے خلاف بھی سخت قانون بنائے اور ہر صنف کو اپنے مثبت رول ادا کرنے کے سلسلے میں یکساں مواقع فراہم کرے۔

٭٭٭

 

تجاویز بابت: بیوہ اور مطلقہ خواتین کے مسائل

 

۱- عدم ادائیگی نفقہ کی وجہ سے اگر دار القضاء سے فسخ نکاح کرایا گیا تو عدت کا نفقہ شوہر پر واجب ہوگا۔

۲- مفقود الخبری یا غائب غیر مفقود الخبری کی وجہ سے ایک عورت کا نکاح بذریعہ دار القضاء فسخ ہوگیا، اور شوہر نے کوئی مال نہیں چھوڑا ہے تو عورت کا نفقہ خود اس کے مال میں ہوگا (اگر اس کے پاس مال ہو، اور اگر مال نہ ہو تو اس کا نفقہ اس کے اولیاء وورثاء پر حسب ترتیب ورثاء واجب ہوگا)۔

۳- الف: بیوہ کے پاس نہ مال ہو، نہ اولیاء ہوں، اور نہ شوہر نے ترکہ میں کوئی مال چھوڑا ہو تو ایسی عورت اپنے سسرال والوں سے نفقہ وسکنی کا مطالبہ نہیں کرسکتی ہے، اور نہ اس کے لئے عدالت سے چارہ جوئی درست ہے؛ البتہ اس کے خاندان ومعاشرہ کا فریضہ ہے کہ وہ اس کی ضروریات کی کفالت کریں۔

ب: البتہ اگر اس کے ایسے بچے ہوں جو نفقہ وکفالت کے محتاج ہوں تو ان بچوں کے لئے ان کے اولیاء سے نفقہ کا مطالبہ کرسکتی ہے۔

ج: نیز بطور اجرت ِ پرورش ایسی عورت بچوں کے اولیاء سے اپنے نفقہ کا مطالبہ کرسکتی ہے۔

۴- اگر کوئی دوسری متبادل صورت نہ ہو تو بیوہ اور مطلقہ خواتین دوران عدت ضروری امتحانات اور مقابلہ جاتی امتحانات ہوں تو اس کی کاؤنسلنگ، نیز علاج اور ڈیوٹی کے لئے بقدر ضرورت شرعی حدود میں رہتے ہوئے گھر سے باہر جاسکتی ہیں؛ نیز اس سلسلہ میں دن اور رات کے اوقات میں کوئی فرق نہیں ہوگا۔

۵- اگر کوئی متبادل ڈاکٹر نہ ہو، یا ہو لیکن فی الفور دستیاب نہ ہو، یا ایمرجنسی کی کیفیت ہو، یا ایسی عورت امراض خواتین کی ماہر ہو اور جانا ناگزیر ہو، یا تاخیر کی صورت میں مریض کی جان یا کسی عضو کے ضائع ہونے کا اندیشہ ہو تو جاسکتی ہے؛ لیکن ضرورت ختم ہوتے ہی واپس آنا ضروری ہے۔

۶- مطلقہ یا بیوہ ملازمت میں ہو اور عدت کے نفقہ کا بھی نظم ہو لیکن لمبی چھٹی نہ مل رہی ہو اور اگر وہ ڈیوٹی نہ کرے تو ملازمت چھوٹ جانے کا اندیشہ ہو تو شرعی حدود کی رعایت کرتے ہوئے ملازمت بچانے کے لئے ڈیوٹی پر جاسکتی ہے۔

۷- عام حالات میں تو گھر سے معتدہ کے لئے نکلنا جائز نہیں ہے لیکن والدین یا ایسے رشتہ دار جن کی خدمت اس کے ذمہ واجب ہے او رکوئی دوسرا خدمت کرنے والا نہیں ہے تو وہ عورت دوران عدت جائے عدت سے باہر جاکر ان کی خدمت کرسکتی ہے۔

۸- ورثاء اور ذمہ داروں کابلاوجہ شرعی بیوہ یا مطلقہ کو نکاح سے روکنا جائز نہیں ہے؛ لیکن اگر وہ تجرد کی زندگی گزارنا چاہتی ہے توشرعاً کوئی قباحت نہیں ہے۔

۹- عدت کے بعد شوہر سے مطلقہ کا نفقہ وصول کرنے کا کوئی حق نہیں لہذا اس کا قانونی یا سماجی دباؤ بنا کر جبراً نفقہ وصول کرنا یا سابقہ شوہر کے مکان پر زور زبردستی سے قبضہ کرکے رہنا شرعاً جائز نہیں ہے؛ نیز حکومت سرکاری ملازم کی تنخواہ میں سے اس کی مطلقہ بیوی کے لئے کچھ حصہ مقرر کردے تو ایسی رقم وصول کرنا اس کے لئے شرعاً ناجائز ہے۔

۱۰- بیوی کے انتقال کے بعد مرد دوسرا نکاح کرنا چاہتا ہے تو اولاد کا والد کو نکاح ثانی سے روکنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

۱۱- اولاد کو حق نہیں کہ وہ والدہ کو نکاح سے روکیں اور اس نکاح کو اپنے لئے باعث عار سمجھیں۔

٭٭٭

 

تجاویز بابت: ’’ استحسان‘‘ ایک فقہی اصطلاح

 

استحسان اصول فقہ کی ایک اہم اصطلاح ہے۔ فقہاء اصولیین نے اس کی اصطلاحی تعریف، حجیت وعدم حجیت اور اس کی ذیلی بحثوں پر تفصیل سے کلام کیا ہے۔ عرف، ضرورت، مصلحت اور ابتلاء عام کی صورت میں احکام میں سہولت پیدا کرنے، دین کی فطری سادگی اور سہولت برقرار رکھنے، اور بدلتے ہوئے احوال کی رعایت کے باب میں استحسان شریعت کی وہ دلیل ہے جو ہر عہد میں اصحاب فقہ وفتاوی کو مصالح ومقاصد شریعت کی حفاظت کا موقع فراہم کرتی ہے۔

۱- کسی پیش آمدہ مسئلہ میں اس کے نظائر کے برخلاف قوی تر دلیل کی بنا پر دوسرا حکم لگانے کو استحسان کہتے ہیں۔

۲- تمام مذاہب فقہیہ کے محققین کا استحسان کی حجیت پر اتفاق ہے۔

۳- استحسان کی بنیادی طور پر چار انواع ہیں:

الف: استحسان بالنص

ب: استحسان بالاجماع

ج: استحسان بالضرورۃ

د: استحسان بالقیاس الخفی(القوی)

۴- استحسان سے استدلال ہرحال میں نہیں کیا جاسکتا؛ بلکہ اس وقت کیا جاتا ہے جب کہ وہ کسی قوی تر دلیل، زیادہ مؤثر علت، ضرورت عامہ، رفع حرج اور مقاصد شریعت کی رعایت پر مبنی ہو۔

٭٭٭

 

تجاویز بابت: عصر حاضر میں سونے چاندی کی خریدوفروخت کی بعض صورتیں

 

اسلامک فقہ اکیڈمی کے ۳۵ویں فقہی سمینار منعقدہ ۱۴ تا ۱۶؍نومبر ۲۰۲۶ء بمقام مدرسہ مظاہر العلوم سیلم (تامل ناڈو) میں یہ موضوع زیر بحث آیا اورمتفقہ طور پر یہ تجاویز منظور کی گئیں:

۱- ایم ، سی ، ایکس جیسے بازار میں حصہ داری اسی وقت جائز ہے جبکہ قبضہ حکمی واقعتا پایا جائے ۔

۲- سونے چاندی کے تاجروں کے مابین مروج ان فکس معاہدہ میں عموماً نزاع نہیں ہوتا اس لئے یہ جائز ہے، اور اگر پیشگی قیمت ادا کرنے کی وجہ سے بائع خریدار کے لئے کچھ رعایت کرے تو جائز ہے۔

۳- زیور بنانے والے کاریگر کے ساتھ ابتداء ہی میں اس طرح معاملہ کیا جائے کہ ایک کلو چاندی میں سے ستر گرام بطور اجرت طے کرکے مابقیہ چاندی سے زیور بنائے تو یہ صورت درست ہے۔

۴- مارکٹ میں مروج چاندی کی چاندی سے ادھار بیع جائز نہیں؛ البتہ اگر چاندی کی قیمت کرنسی سے طے ہو اور چاندی پر مجلس عقد ہی میں قبضہ کرلیا جائے تو کوئی حرج نہیں۔

۵- مخلوط چاندی کو خالص سے بیچنے کی صورت میں خالص چاندی کی مقدار زائد ہو؛ تاکہ مخلوط چاندی کے برابر خالص چاندی ہوجائے اور زائد مقدار دھات کے عوض ہوجائے تو یہ جائز ہے۔

۶- محض ٹیکس یا سرکاری نگرانی سے بچنے کے لئے بل یا جی ایس ٹی بل کے بغیر تجارت کرنا اصولاً مناسب نہیں؛ البتہ اگر کسی خاص معاملہ میں واقعی ظلم وتعدی کا سامنا ہو تو اس کی نوعیت کے مطابق الگ حکم ہوگا۔

۷- کفر وشرک میں تعاون جائز نہیں؛ چنانچہ مورتیوں کی خریدوفروخت کرنا، بیگ، کپڑے وغیرہ پر مورتیوں کی تصویر پرنٹ کرنا جائز نہیں۔

۸- گنگھرو والے پائل کی صنعت وتجارت اور خریدوفروخت فی نفسہ جائز ہے؛ خواہ مسلم سے بیچا جائے یا غیرمسلم سے۔

۹- چاندی کے کڑے، مالا اور براسلیٹ بنانا ور بیچنا فی نفسہ جائز ہے۔

۱۰- چاندی وسونے دونوں کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے پیش نظر زکوۃ کی ادائیگی میں ادائیگی کے دن کی قیمت کا اعتبار کرتے ہوئے زکوۃ ادا کی جائے۔

۱۱- اگر سامان کی کل قیمت متعین کردی جائے اور ہر قسط کی مقدار بھی واضح طور پر طے ہو اور پوری قیمت کو چند قسطوں میں تقسیم کردیا جائے اور آخری قسط کو بطور ہدیہ معاف کرنا عقد کی شرط ہو تو یہ درست نہیں؛ لیکن اگر آخری قسط کی معافی غیرمشروط ہو اور تبرعاً ہو تو پھر حرج نہیں۔

۱۲- اگر کوئی سرمایہ کار چاندی تجارت کے لئے دے اور خسارے کا ذمہ دار تاجر کو ٹھہرائے تو یہ جائز نہیں۔

٭٭٭

Comments are closed.