بھوپال کی یادیں: محبتوں کے چند روشن چراغ!
از: محمد شاہد ناصری حنفی
مدیر ماہنامہ مکہ میگزین، ممبئی
آج ذرائع ابلاغ نے اتنی سرعت اختیار کرلی ہے کہ خبر سچی ہو یا جھوٹی، پلک جھپکتے ہی دنیا کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک پہنچ جاتی ہے۔ بھوپال میں منعقد ہونے والے فقید المثال سترھویں عالمی مظاہرۂ قرأت القرآن الکریم کی خبر بھی تقریباً پوری دنیا میں پہنچ چکی تھی۔ یہ حقیر بھی منتظمین کی دعوت پر اس عظیم قرآنی اجتماع میں شرکت کی سعادت حاصل کرسکا۔ اس سفر میں قرآنی محفل کی روح پرور کیفیات کے ساتھ بعض ایسی شخصیات سے ملاقاتیں اور محبت و خلوص کے ایسے تجربات ہوئے، جن کے نقوش دل پر ثبت ہوگئے۔
اس سفر کا آغاز برادرم قاری محمد وسیم صاحب کے فون سے ہوا۔ انہوں نے اطلاع دی کہ 13 نومبر کو بھوپال میں عالمی مظاہرۂ قرأت القرآن الکریم منعقد ہونے جارہا ہے اور حضرت مولانا عبدالحفیظ خان صاحب اور محترم جناب عاطف عقیل صاحب کی خواہش ہے کہ آپ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے تشریف لائیں۔ بعد میں ان دونوں حضرات کی جانب سے بھی براہِ راست دعوت موصول ہوئی۔ ان کی محبت اور اصرار پر 12 نومبر کو پٹنہ سے روانہ ہوا اور سہ پہر تقریباً تین بجے بھوپال کے ہوائی اڈے پر پہنچ گیا۔
بھوپال سے ممبئی واپس آئے ہوئے آج تیسرا دن ہے۔ واپسی کے فوراً بعد طبیعت کچھ ایسی ناساز ہوئی کہ نہ لکھنے کی سکت رہی اور نہ ٹھیک سے گفتگو کر پانے کی۔ لیکن وہاں کے احباب کے اخلاق و محبت کا احساس مسلسل یہ تقاضا کررہا تھا کہ جن لوگوں نے اتنے خلوص سے نوازا، ان کا شکریہ ادا کرنا بھی میرے ذمے ایک قرض ہے۔ کہا جاتا ہے: **الإنسان عبد الإحسان**، انسان احسان کا اسیر ہوتا ہے۔ احسان اپنے اندر معنی کا ایک پورا دفتر رکھتا ہے؛ اس کا اعتراف محض رسمی کلمات سے نہیں، بلکہ محبت کے اظہار اور دعائے خیر سے ہونا چاہیے۔ چنانچہ آج نمازِ فجر کے بعد، جب طبیعت کچھ سنبھلی، تو خیال آیا کہ بھوپال کے ان صالحین اور اہلِ محبت کا ذکرِ خیر بھی ہوجائے اور ان کے احسانات کا اعتراف بھی؛ شاید یہ اظہارِ تشکر اپنے رب کی خوشنودی کا ذریعہ بن جائے۔
بھوپال: تاریخ و تہذیب کا ایک روشن باب
جن لوگوں کی محبتوں کا قرض ادا کرنے کے لیے یہ سطور لکھی جارہی ہیں، ان کا تعلق محض ایک جغرافیائی شہر سے نہیں، بلکہ اس سرزمین سے ہے جس کی اپنی ایک تاریخی، تہذیبی اور علمی شناخت ہے۔ بھوپال جھیلوں کے حسن، تاریخی عمارتوں اور اہلِ علم و تہذیب کی روایت کے باعث برصغیر کے ممتاز شہروں میں شمار ہوتا ہے۔ کسی شہر کی اصل پہچان اس کی عمارتوں سے زیادہ وہاں کے لوگوں کے کردار سے ہوتی ہے، اور بھوپال کی شناخت میں مہمان نوازی اور وضع داری بھی ہمیشہ نمایاں رہی ہے۔
جھیلوں کے درمیان آباد اس شہر کی تاریخ کئی ادوار پر محیط ہے۔ اس کے نام کو عموماً راجا بھوج اور بھوج پال کی روایت سے وابستہ کیا جاتا ہے، جب کہ موجودہ بھوپال کی ریاستی تشکیل میں اٹھارہویں صدی کے افغان سردار دوست محمد خان کا نمایاں کردار رہا ہے۔ بعد کے زمانے میں یہاں خواتین حکمرانوں کا ایک منفرد دور بھی گزرا۔ قدسیہ بیگم، سکندر بیگم، شاہ جہاں بیگم اور سلطان جہاں بیگم نے انتظامی، تعلیمی اور تعمیراتی میدانوں میں اپنے نقوش چھوڑے۔ جامع مسجد، موتی مسجد، گوہر محل اور تاج المساجد اسی تہذیبی ورثے کی یادگاریں ہیں۔
ان یادگاروں میں تاج المساجد کو خاص امتیاز حاصل ہے۔ اس کی بنیاد 1887ء میں نواب شاہ جہاں بیگم نے رکھی تھی۔ ان کا ارادہ تھا کہ ہندوستان کی وسیع ترین اور خوب صورت مساجد میں سے ایک مسجد تعمیر ہو، لیکن 1901ء میں ان کے انتقال کے وقت یہ مسجد نامکمل تھی۔ ان کی صاحبزادی نواب سلطان جہاں بیگم بھی اپنے دور میں اس کی تکمیل نہ کرا سکیں۔ بعد میں نواب حمید اللہ خان کے عہد میں بھی کوششیں ہوئیں، مگر یہ عظیم عمارت طویل عرصے تک تکمیل کی منتظر رہی۔
بالآخر اللہ تعالیٰ نے اس عظیم دینی و تاریخی امانت کی تکمیل کا شرف حضرت مولانا محمد عمران خان ندوی ازہری رحمہ اللہ علیہ کو عطا فرمایا۔ مولانا نے اس کام کا بیڑا اٹھایا، 1971ء میں باقاعدہ مہم شروع کی اور اندرون و بیرونِ ملک سے تعاون حاصل کیا۔ بھوپال کے نوجوانوں اور اہلِ خیر نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں یہ عظیم مسجد 1980ء کی دہائی میں پایۂ تکمیل کو پہنچی۔ یوں نواب شاہ جہاں بیگم کا خواب کئی دہائیوں بعد مولانا کی مساعی سے شرمندۂ تعبیر ہوا۔ یہ ایسی غیر معمولی دینی و تاریخی خدمت ہے جس کا ذکر بھوپال کی تاریخ میں ہمیشہ احترام سے کیا جائے گا۔
بھوپال کی علمی تاریخ کا ایک اہم باب نواب صدیق حسن خان صاحب کے ذکر کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔ نواب صاحب قنوج کے رہنے والے تھے اور تلاشِ معاش میں بھوپال تشریف لائے۔ یہاں پہلے وزیرِ ریاست منشی جمال الدین کی صاحبزادی ذکیہ بیگم سے ان کا نکاح ہوا۔ بعد ازاں ریاست کی فرمانروا نواب شاہ جہاں بیگم، جو اس سے قبل نواب باقی محمد خاں کی زوجہ تھیں اور بیوہ ہوچکی تھیں، نے 1871ء میں ان سے عقدِ ثانی کیا۔ یہ عقد اس وقت ہوا جب ان کی پہلی اہلیہ ذکیہ بیگم حیات تھیں؛ ان کا انتقال اگست 1884ء میں ہوا۔
نواب صاحب کی علمی قابلیت، دیانت، ریاستی خدمات اور بالخصوص تصنیف و تالیف اور علومِ حدیث کی اشاعت نے بھوپال کو برصغیر کے اہم علمی مراکز میں شامل کردیا۔ یوں اس شہر کی شناخت میں تاریخ و تہذیب کے ساتھ علم و تحقیق کی روایت بھی شامل ہوئی، جس میں نواب صدیق حسن خان رحمۃ اللہ علیہ کا حصہ ناقابلِ فراموش ہے۔
ایک چائے خانے سے شروع ہونے والا قرآنی سفر
اس شہر میں پہلے بھی کئی مرتبہ حاضری کا شرف حاصل ہوا ہے، لیکن اس مرتبہ کا سفر ایک خاص قرآنی اجتماع اور اہلِ علم و احباب کی محبتوں کے باعث یادگار بن گیا۔
اس اجتماع کا پس منظر بھی دلچسپی سے خالی نہیں۔ جناب عاطف عقیل صاحب کے والد محترم جناب الحاج عارف عقیل صاحب کئی دہائیوں تک بھوپال کے رکنِ اسمبلی رہے۔ وہ دیندار، شریف النفس اور اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ عوامی مسائل کا درد رکھنے والے انسان تھے۔ مسلمانوں سے محبت، غریبوں اور ضرورت مندوں کی خبرگیری اور عام لوگوں سے بے تکلفانہ تعلق ان کی زندگی کا حصہ تھا۔ سیاست کے طویل تجربے کے باوجود ان کی طبیعت میں نمود و نمائش یا شان و شوکت کا کوئی رنگ نہ تھا۔ سادہ بود و باش اور منکسرانہ مزاج ان کی شخصیت کے نمایاں اوصاف تھے۔
حضرت مولانا عبدالحفیظ خان صاحب ان کے دستِ راست اور دینی و سماجی معاملات میں قریبی رفیق رہے ہیں۔ انہوں نے ایک واقعہ سنایا کہ ایک مرتبہ عارف عقیل صاحب ایک عام سے چائے خانے میں بیٹھے چائے پی رہے تھے کہ اسی دوران میری ان سے ملاقات ہوگئی۔ گفتگو کے دوران انہوں نے اپنی اس خواہش کا اظہار کیا کہ بھوپال میں قرآن کریم کی قرأت کا ایک بڑا پروگرام منعقد کیا جائے اور بیرونِ ملک سے بھی ممتاز قراء کو مدعو کیا جائے۔
یہ خواہش کسی رسمی میٹنگ یا بڑے اجلاس میں ظاہر نہیں ہوئی تھی، بلکہ ایک معمولی سے چائے خانے کی بے تکلف گفتگو تھی؛ مگر اس کے پیچھے قرآن کریم سے گہری محبت اور ایک دینی آرزو پوشیدہ تھی۔ انسان کی فکر اور ترجیحات کا اندازہ اس کی عام گفتگو سے بھی ہوجاتا ہے۔ ان کے ذہن میں ایک قرآنی اجتماع کا تصور تھا؛ وہ چاہتے تھے کہ تلاوتِ قرآن کا ذوق عام ہو، اہلِ قرآن کو ایک پلیٹ فارم ملے اور لوگ کلامِ الٰہی سے وابستگی محسوس کریں۔
یہ واقعہ ہمارے اہلِ ثروت اور ایوانِ اقتدار میں بیٹھے ہوئے مسلم نمائندوں کے لیے بھی قابلِ غور ہے کہ ان کی فکری ترجیحات کیا ہیں اور وہ اپنی صلاحیتوں، وسائل اور اثر و رسوخ کو کن مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ جناب عارف عقیل صاحب نے اپنی اس دینی خواہش کو محض ایک خیال نہیں رہنے دیا، بلکہ اللہ تعالیٰ نے اس میں برکت عطا فرمائی اور قرأتِ قرآن مجید کا یہ سلسلہ آگے بڑھتا چلا گیا۔
اس مرتبہ اسی سلسلے کی سترھویں کڑی عالمی مظاہرۂ قرأت کی صورت میں منعقد ہوئی۔ ان کے صاحبزادے نے اپنے والد کی قرآنی آرزو کو آگے بڑھاتے ہوئے پروگرام کا اہتمام کیا، جب کہ مولانا عبدالحفیظ خان صاحب بھی اپنی دیرینہ وابستگی کے ساتھ اس کام میں شریک رہے۔ یوں یہ اجتماع محض ایک تقریب نہیں، بلکہ ایک بزرگ کی قرآنی آرزو کے تسلسل کا مظہر بن گیا۔
اسی قرآنی سلسلے کے ضمن میں اس سے پہلے بھی بھوپال میں حاضری ہوئی تھی۔ بعد ازاں مرحوم عارف عقیل صاحب نے اپنے چھوٹے صاحبزادے کے نکاح کے موقع پر بھی مجھے مدعو فرمایا تھا۔ نکاح کی تقریب تاج المساجد میں منعقد ہوئی تھی اور اس موقع پر حاضرین سے خطاب کا موقع بھی ملا تھا۔ اس لیے اس سفر میں ان کے صاحبزادے اور رفقا سے ملاقات ایک پرانے تعلق کی تجدید بھی تھی۔
استقبال کی محبت اور سادگی کا وقار
بھوپال پہنچنے پر حضرت مولانا عبدالحفیظ خان صاحب اور قاری محمد وسیم صاحب ایئرپورٹ پر استقبال کے لیے موجود تھے۔ سفر کے بعد کسی شناسا کا منتظر ملنا اپنی جگہ خوشی کا باعث ہوتا ہے، لیکن جب استقبال میں رسمی تکلف کے بجائے قلبی اپنائیت شامل ہو تو مسافت کی تھکن بھی باقی نہیں رہتی۔
مولانا کی شخصیت میں دینی کاموں کا جذبہ، اہلِ علم کی قدر شناسی اور احباب سے تعلق نبھانے کا سلیقہ یکجا ہے۔ مرحوم عارف عقیل صاحب کے ساتھ ان کی رفاقت بھی اسی دینی و سماجی مزاج کی عکاس تھی۔ اللہ تعالیٰ انہیں صحت و عافیت عطا فرمائے اور ان کی خدمات قبول فرمائے۔
اسی سفر میں جناب عاطف عقیل صاحب کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔ وہ بھوپال کے رکنِ اسمبلی ہیں، لیکن ان کی ظاہری وضع قطع میں کسی منصب دار کی روایتی شان و شوکت دکھائی نہیں دیتی۔ عام سی ہوائی چپل اور سادہ لباس میں ان کی موجودگی نے بے اختیار توجہ کھینچی۔ منصب انسان کو بڑا نہیں بناتا؛ اصل بڑائی یہ ہے کہ آدمی منصب ملنے کے بعد بھی اپنی طبیعت کی سادگی اور مزاج کی انکساری کو باقی رکھے۔
ان میں اپنے والد مرحوم کی یہی سادگی نمایاں محسوس ہوئی۔ نہ اپنی حیثیت جتانے کا انداز، نہ ظاہری رکھ رکھاؤ کا اہتمام؛ ایک بے تکلف طبیعت اور عام لوگوں سے قریب رہنے کا سلیقہ۔ واقعی منصب اسی وقت باعثِ وقار بنتا ہے جب وہ انسان کے اندر تواضع پیدا کرے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور ان کے صاحبزادے کو اپنے والد کی نیک روایتوں کو آگے بڑھانے کی توفیق عطا فرمائے۔
اہلِ علم کی صحبت اور مسجد کا خطاب
14 نومبر کو بھوپال کی ایک ممتاز علمی شخصیت حضرت مولانا محمد یعقوب خان صاحب سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا، جو مجلس تحفظ ختم نبوت بھوپال کے صدر ہیں۔ ان کی گفتگو اور انداز میں اہلِ علم کی متانت اور وقار نمایاں تھا۔
ملاقات کے دوران انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ بعد نمازِ مغرب مسجد ننھی بی صاحبہ، قاضی کیمپ، بھوپال میں مصلیان سے خطاب کروں۔ ان کی محبت کے پیشِ نظر دعوت قبول کرلی۔ چنانچہ مغرب کے بعد مسجد حاضر ہوا اور حاضرین کے سامنے چند گزارشات پیش کرنے کا موقع ملا۔
بعض ملاقاتیں اپنے دورانیے سے نہیں، اپنے اثر سے یاد رہتی ہیں۔ یہ ملاقات بھی میرے لیے ایسی ہی تھی۔ ان کی تواضع، انکساری اور عاجزی نے خاص طور پر متاثر کیا۔ ہمارے نوجوان علماء کے اندر بھی یہی اوصاف پیدا ہوں تو علم کے ساتھ اخلاق کی دولت بھی عام ہو۔ اللہ تعالیٰ سب کو تواضع، حسنِ اخلاق اور انکساری کی توفیق عطا فرمائے۔
جمعہ کا دن: مسجد، اہلِ علم اور قرآنی اجتماع
نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے دارالعلوم زینت القرآن کی مسجد بلقیس میں حاضری ہوئی، جہاں حضرت مولانا عبدالحفیظ خان صاحب امام و خطیب ہیں۔ ان کی خواہش تھی کہ نماز سے پہلے یہ فقیر بھی مصلیان کے سامنے کچھ دینی باتیں پیش کرے۔ ان کے اصرار پر تقریباً بیس پچیس منٹ گفتگو کی گئی۔ اس کے بعد مدینہ منورہ سے تشریف لائے ہوئے ایک معزز مہمان نے عربی زبان میں خطاب فرمایا، جس کا اردو ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ پھر انہی مہمان کی امامت میں نمازِ جمعہ ادا ہوئی۔ مسجد کا ماحول اور اجتماع کی علمی فضا نے اس دن کو بابرکت بنا دیا۔
نمازِ عشاء کے بعد اسلام گیٹ، بھوپال کے وسیع میدان میں سترھواں عالمی مظاہرۂ قرأت کا عظیم اجتماع منعقد ہوا۔ اسٹیج پر سب سے پہلے بھوپال کی ایک باوقار علمی شخصیت حضرت مولانا مفتی محمد ابوالکلام صاحب قاسمی مدظلہ سے ملاقات ہوئی۔ مفتی صاحب صاحبِ ذوق، صاحبِ فکر اور خوش مزاج عالمِ دین ہیں۔ کثیر التصانیف ہیں اور بھوپال شہر کے مفتی بھی ہیں۔
اسٹیج کے سامنے تاحدِ نظر سامعین میں حضرات و خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ یوں محسوس ہوتا تھا جیسے لوگوں کا ایک سمندر امڈ آیا ہو۔ مختلف ملکوں سے ممتاز قراء شریک ہوئے تھے۔ تقریباً چار پانچ ملکوں کے قراء کرام کی شرکت نے اس محفل کو بین الاقوامی رنگ عطا کیا۔ دارالعلوم دیوبند، ندوۃ العلماء لکھنؤ، ممبئی اور مصر سے تشریف لانے والے قراء کی شرکت بھی خصوصی طور پر قابلِ ذکر تھی۔
اس محفل میں ہمارے بہت ہی بزرگ دوست، دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے صدر قاری اور مختلف بزرگوں کی نسبتِ خلافت کے حامل حضرت مولانا قاری ریاض احمد صاحب مدظلہ سے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے بڑی خندہ پیشانی اور خوشی کے اظہار کے ساتھ پرتپاک انداز میں ملاقات فرمائی۔ یہ ان کے کمالِ ظرف اور وسعتِ اخلاق کی دلیل ہے۔
اسی طرح دارالعلوم دیوبند کے مشہور قاری، خوش مزاج اور حسین و بااخلاق حضرت مولانا قاری آفتاب احمد صاحب قاسمی مدظلہ، جناب قاری بدر عالم صاحب ممبئی، جناب قاری ہدایت اللہ صاحب راجستھانی اور قاری امین الرشید صاحب کشمیری سے بھی ملاقات ہوئی۔ نیز داؤدی بوہرہ جماعت کے قاری ملا علی اکبر صاحب سے بھی ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔
داؤدی بوہرہ جماعت کے ناظمِ امورِ عامہ جناب شبیر بھائی بھوپال والا بھی ممبئی سے خاص طور پر اس مظاہرۂ قرأت میں شرکت کے لیے تشریف لائے تھے۔ وہ جماعت کے متعدد افراد کے ہمراہ تلاوتِ قرآن کی سماعت کے لیے حاضر ہوئے تھے۔ ان سے بھی اسی موقع پر ملاقات ہوئی۔
تمام قراء حضرات نے اپنے فن اور تلاوت کے ذریعے قرآن کریم کے حسنِ بیان اور کلامِ الٰہی کی تاثیر کو سامعین تک پہنچایا۔ خاص طور پر مصر کے قاری نے اپنی تلاوت سے ایسا سماں باندھا کہ سامعین مسلسل مزید تلاوت کی خواہش کا اظہار کرتے رہے۔ چنانچہ انہوں نے عوام کی اس خواہش پر سورۂ رحمن کی چند آیات دوبارہ تلاوت فرمائیں۔
قرآن کریم کی تلاوت جب حسنِ صوت، تجوید اور فنی مہارت کے ساتھ پیش ہوتی ہے تو اس کی تاثیر سماعت کی حدوں سے آگے بڑھ کر دل تک پہنچتی ہے۔ ہر قاری کا اپنا لہجہ اور اسلوب ہوتا ہے، مگر ان سب کے درمیان قدرِ مشترک کلامِ الٰہی سے وابستگی تھی۔ ایسی محفلیں لوگوں میں قرآن سننے اور پڑھنے کا ذوق بیدار کرتی ہیں، نئی نسل کو حفظ و تجوید کی طرف متوجہ کرتی ہیں اور اہلِ قرآن کی قدر دلوں میں بڑھاتی ہیں۔
البتہ قرأت کی محفل کا حاصل صرف خوش الحانی سے لطف اندوز ہونا نہیں ہونا چاہیے؛ قرآن کریم جس ہدایت کے ساتھ نازل ہوا ہے، اس کے معانی سمجھنے، احکام پر عمل کرنے اور اس کی تعلیمات کو زندگی میں اتارنے کا شوق بھی پیدا ہونا چاہیے۔ جب قرأت کا حسن، فہمِ قرآن اور عملِ قرآن کی رغبت سے ہم آہنگ ہو تو ایسے اجتماعات اپنی حقیقی برکتیں ظاہر کرتے ہیں۔ مرحوم عارف عقیل صاحب نے جس قرآنی ذوق کے ساتھ اس سلسلے کا تصور پیش کیا، ان کے صاحبزادے نے اسے جاری رکھ کر ایک قابلِ قدر روایت کو زندہ رکھا ہے۔
مجلس تحفظ ختم نبوت: علم و اشاعت کا کام
اگلی صبح بعد نمازِ فجر صدرِ مجلس محترم حضرت مولانا محمد یعقوب خان صاحب کی دعوت پر مجلس تحفظ ختم نبوت بھوپال کی عمارت میں حاضری ہوئی۔ وہاں نائب صدر حضرت مولانا مفتی اکمل یزدانی صاحب، ان کے رفقا اور دیگر ذمہ داران سے ملاقات ہوئی۔ مجلس کی عمارت اور اس کے علمی و تنظیمی کاموں کا تعارف حاصل ہوا تو خوشی ہوئی کہ یہاں دینی مقصد کے لیے منظم کوششیں جاری ہیں۔
معلوم ہوا کہ مجلس نے دینی و علمی ضرورتوں کے پیشِ نظر متعدد اشاعتی کام انجام دیے ہیں۔ ان میں ہلالی جنتری کی اشاعت بھی شامل ہے۔ حضرت مولانا شاہ عالم گورکھپوری صاحب، ناظم مجلس تحفظ ختم نبوت دارالعلوم دیوبند، کی مفید کتابیں ’’اسلامی عقائد و معلومات‘‘ کے عنوان سے شائع کی گئی ہیں۔ اسی طرح نائب صدر مجلس کی تصنیف ’’عقیدۂ ظہورِ مہدی و نزولِ عیسیٰ ابن مریم‘‘ اور ’’شکیلی غلط فہمیوں کا ازالہ‘‘ بھی مجلس کی جانب سے شائع ہوئی ہیں۔
ان مطبوعات سے اندازہ ہوا کہ مجلس کی سرگرمیاں صرف اجتماعات تک محدود نہیں، بلکہ عقائد کی توضیح، دینی معلومات کی اشاعت اور فکری رہنمائی کا کام بھی ان کے پیشِ نظر ہے۔ ہمارے معاشرے میں ایسے اداروں کی ضرورت ہے جو دینی مسائل پر سنجیدہ علمی کام کریں اور عوام تک مستند مواد پہنچائیں۔ مجلس کے ذمہ داران سے گفتگو اور ان کے منصوبوں سے واقفیت نے خوش گوار تاثر چھوڑا۔
اس موقع پر پرتکلف ناشتے کا اہتمام بھی تھا۔ میزبانوں نے محبت سے تواضع کی۔ کھانے کی فراوانی اپنی جگہ، لیکن اس سے بڑھ کر ان کی بے تکلفی اور خلوص نے اس نشست کو یادگار بنا دیا۔
بھوپال شہر میں دعوتوں کا اہتمام
یہ شہر اپنی ضیافت اور کریم النفسی کے لیے بھی مشہور ہے۔ چنانچہ دورانِ قیام پہلے اور آخری دن کی ضیافت حضرت مولانا عبدالحفیظ خان صاحب، مہتمم دارالعلوم زینت القرآن، کے یہاں رہی۔ اس کے علاوہ مختلف اوقات میں جن حضرات نے دعوتوں کا اہتمام فرمایا، ان میں جناب قاری محمد مظہر صاحب، جناب حافظ محمد شمیم صاحب، جناب حافظ محمد عمران صاحب، جناب حافظ نسیم احمد صاحب اور جناب قاری مفتی محمد یونس فلاحی صاحب شامل ہیں۔ ان تمام حضرات کے یہاں پرتکلف دعوتوں اور انواع و اقسام کی نعمتوں کا اہتمام کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو اپنے شایانِ شان اجرِ جزیل عطا فرمائے۔ آمین۔
خوش نوایانِ بھوپال اور اہلِ محبت
قاری محمد وسیم صاحب سے گزشتہ پندرہ سترہ برس سے تعلق ہے۔ وہ اپنے مدرسے کے طلبہ کے ساتھ ہمارے ادارہ دعوۃ السنہ ویلفیئر ٹرسٹ، کاندیولی، ممبئی کے سالانہ کل ہند مسابقۃ القرآن الکریم میں شرکت کے لیے حج ہاؤس ممبئی تشریف لاتے رہے ہیں۔ یہاں سے جو عشاقِ قرآن کریم کا قافلہ آتا ہے، ان میں جناب قاری محمد مظہر صاحب، حافظ شمیم احمد صاحب، ان کے والدِ بزرگوار، نیز حافظ عمران احمد صاحب بھی شامل ہیں۔ اس سفر میں ان کی محبتوں نے بھی مسرور کیا۔
ان احباب کے علاوہ مفتی قاری محمد یونس فلاحی صاحب سے بھی ملاقات کے دوران ان کے تعلیمی و دعوتی ذوق سے واقفیت حاصل ہوئی۔ ان کے اسکول کا معائنہ کیا اور وہاں کی سرگرمیاں دیکھیں۔ ایک نوجوان عالم کی حیثیت سے ان کے اندر تعلیم و تربیت کے میدان میں کام کرنے کا جذبہ اور مثبت فکر پائی۔ ان کی گفتگو سے محسوس ہوا کہ وہ اپنے علاقے میں تعلیمی سرگرمیوں کو بہتر خطوط پر آگے بڑھانے کے خواہش مند ہیں۔
اسی طرح قاری محمد مظہر صاحب کے ایک عزیز کی نگرانی میں مسجد بلال رضی اللہ عنہ کے مکتب میں حاضری ہوئی۔ مکتب میں طلبہ و طالبات کی تعداد، ان کی سنجیدگی اور قرآنِ مجید کو عربی لب و لہجے میں پڑھنے کے انداز پر دل بہت مسرور ہوا۔ الغرض، مجھے اس سفر میں مختلف عمروں کے جن علماء سے ملاقات کا موقع ملا، ان کے اندر صالحیت، علمیت اور فعالیت کا بھی بھرپور مشاہدہ ہوا۔ اللہ تعالیٰ ان تمام حضرات کو مزید شریعت و سنت کی ترویج و اشاعت میں مشغول رکھے اور اس حقیر کے لیے بھی اس خدمت کو مقدر فرمائے۔ آمین۔
بھوپال کے نوجوان علماء، حفاظ، طلباء اور نوجوان مصلیان سے ملاقات کے وقت علامہ اقبال کا وہ محبت بھرا شعر یاد آیا:
محبت مجھے ان جوانوں سے ہے
ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند
اور ان کے حق میں اقبال ہی کی یہ دعا بھی دل سے نکلی:
جوانوں کو مری آہِ سحر دے
پھر ان شاہیں بچوں کو بال و پر دے
یہاں قاری افضل اللہ صاحب، مدرس دارالعلوم زینت القرآن، کا ذکر بھی ضروری ہے، جنہوں نے خدمت اور انتظام کے مختلف امور میں محبت کے ساتھ حصہ لیا۔ درحقیقت اس سفر میں کسی نے استقبال میں حصہ لیا، کسی نے قیام و طعام کا اہتمام کیا، کسی نے علمی مجلس سجائی اور کسی نے اپنے وقت اور توجہ سے نوازا۔ یہ سب محبت کے ایک ہی سلسلے کی کڑیاں تھیں۔
مدرسے کی فضا اور قیام کی ایک خوش گوار یاد
مہمانوں کے قیام کا انتظام انجمن زینت القرآن بھوپال نے شہر کے بڑے ہوٹلوں میں کیا تھا، لیکن میں نے قاری وسیم صاحب سے گزارش کردی تھی کہ میرا قیام ہوٹل کے بجائے مدرسے ہی میں رہے گا؛ کیوں کہ میں فطری طور پر اور پیدائشی اعتبار سے خانقاہ اور مدرسے ہی کا آدمی ہوں اور مدرسے ہی کا بن کر رہنا چاہتا ہوں، خواہ عارضی طور پر ہی کیوں نہ ہو۔ میری کوشش یہی رہتی ہے کہ جہاں بھی جاؤں، وہاں خانقاہ، مدرسے اور مسجد سے میرا تعلق قائم رہے۔
چنانچہ مدرسے کے مہمان خانے ہی میں میرا قیام رہا۔ میرے ساتھ محترم جناب قاری بدر عالم صاحب بھی اسی کمرے میں مقیم تھے، جو ایک اچھے مجوّد، خوش الحان اور خوش مزاج قاری ہیں۔
اس دوران دارالعلوم زینت القرآن کے مہمانانِ رسول کو چہچہاتے، لہکاتے اور انتہائی خوش الحانی کے ساتھ تلاوت کرتے، اور بسا اوقات نعت پڑھتے ہوئے دیکھ کر دل شاد ہوگیا۔ یہاں کے ننھے منے طلبہ نے جس سلیقے اور نظافت کے ساتھ اپنی تعلیم و تربیت اور مدرسے میں اپنے قیام کا منظر پیش کیا، اور نمازوں کے اوقات میں جس منظم انداز سے صف بندی اور آمد و رفت کا مظاہرہ کیا، اس نے دل موہ لیا۔
یہ سب کچھ حضرت مولانا عبدالحفیظ خان صاحب کی نگاہِ تربیت، شفقت اور محبت کا نتیجہ ہے۔ یہ بڑا سا مدرسہ، جہاں تقریباً ساڑھے تین سو طلبہ زیرِ تعلیم ہیں، جناب الحاج عارف عقیل صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی جدوجہد اور تعاون کا نتیجہ بھی ہے۔ کسی ادارے کی اصل کامیابی صرف اس کی عمارت اور طلبہ کی تعداد نہیں، بلکہ وہاں کے ماحول میں نظم، پاکیزگی، ادب اور تربیت کی جھلک ہوتی ہے۔ دارالعلوم زینت القرآن میں یہ پہلو خاص طور پر محسوس ہوا۔
سفر کی اصل کمائی
بھوپال کے اس سفر میں قرآن کریم کی قرأت کا عظیم اجتماع بھی دیکھا، اہلِ علم کی صحبت بھی میسر آئی، بزرگوں کی شفقت بھی حاصل ہوئی اور احباب کی محبتیں بھی سمیٹنے کا موقع ملا۔ مرحوم عارف عقیل صاحب کی سادگی اور خدمتِ خلق، ان کے صاحبزادے کی بے تکلف طبیعت، مولانا عبدالحفیظ خان صاحب کا مشفقانہ استقبال، مولانا محمد یعقوب خان صاحب کی تواضع اور دیگر احباب کی میزبانی؛ ہر جگہ تعلق نبھانے اور مہمان کو عزت دینے کا جذبہ نمایاں تھا۔
سفر کی مسافت چند دن میں ختم ہوجاتی ہے، لیکن بعض ملاقاتیں دل میں اپنا گھر بنا لیتی ہیں۔ بھوپال سے واپسی پر یہی احساس ساتھ تھا کہ اس سفر کی اصل دولت دیکھی ہوئی عمارتیں یا طے کیے ہوئے فاصلے نہیں، بلکہ وہ چہرے ہیں جن سے محبت ملی، وہ مجلسیں ہیں جن سے علم و ذوق میں اضافہ ہوا اور وہ تعلقات ہیں جن کی خوشبو دیر تک باقی رہتی ہے۔
بعض سفر ختم ہوجاتے ہیں، مگر ان کی یادیں ختم نہیں ہوتیں۔ بھوپال کا یہ سفر بھی انہی یادگار سفروں میں سے ہے۔ یہاں قرآن کی آوازوں نے دل کو سرشار کیا، اہلِ علم کی صحبت نے فکر کو تازگی دی اور احباب کی محبتوں نے یادوں کا دامن بھر دیا۔ واپسی پر دل میں یہی احساس تھا کہ ان محبتوں کا شکریہ چند سطروں میں ادا نہیں ہوسکتا؛ ہاں، ان کا اعتراف اور ان کے لیے دعائے خیر ضرور کی جاسکتی ہے۔
اللہ تعالیٰ ایسے بابرکت قرآنی اجتماعات کا سلسلہ جاری رکھے، اہلِ قرآن کی محبت ہمارے دلوں میں قائم رکھے اور ہمیں بھی اپنے احباب کے حقوق پہچاننے اور ان کے احسانات کا اعتراف کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔
Comments are closed.