افغانستان میں خواتین کی تعلیم اور مستشرقین کا دہرا معیار

مصطفیٰ جمیل مدھیرا ضلع کھمم، تلنگانہ

متعلم شعبۂ مطالعۂ مذاھب

المعہد العالی الاسلامی، حیدرآباد

 

معترضین تعصب میں آکر یہ شکوہ اور اعتراض کرتے ہیں کہ افغانستان میں لڑکیوں کو تعلیم سے روکا جا رہا ہے جو کہ ان کا بنیادی حق ہے، میں ان سے یہ دریافت کرنا چاہتا ہوں

کیا آپ اسی تعلیمی نظام کی بات کر رہے ہیں جسے حاصل کر کے انسان کے اندر ملحدانہ، تجدد پسندانہ فیمینسٹ اور لبرل ذہنیت پروان چڑھتی ہے؟ ایسے معترضین کے دوہرے معیار اور فکری تضاد کو دیکھیے کہ ایک طرف تو وہ لارڈ میکالے کے دیے ہوئے نظامِ تعلیم پر تنقید کرتے ہیں کہ اس کی وجہ سے نسل نو لبرل اور مغرب زدہ بن رہی ہے، اور دوسری طرف افغانستان کے معاملے پر نام نہاد بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کا واویلا مچاتے ہیں ایسے افراد کو چاہیے تھا کہ وہ افغانستان کی ماضی قریب کی تاریخ کا مطالعہ کرتے جس کی حقیقی تصویر مفکرِ اسلام حضرت مولانا سید ابو الحسن على ندوی نے 1973ء کے اپنے سفرنامہ افغانستان میں پیش کی تھی۔ض وہ رقم طراز ہیں کہ جب وہ کابل کے ایک کالج میں گئے تو انہیں یوں محسوس ہوا جیسے وہ یورپ کے کسی گرلز کالج یا مغربی ممالک کے کسی ثقافتی مرکز میں آ گئے ہوں وہاں بے پردگی عام تھی اور شاید ہی کوئی خاتون حجاب اور پردے کا اہتمام کرتی نظر آتی تھی، مزید یہ کہ اسی کالج کی ایک لیڈی پرنسپل نے مولانا اور ان کے رفقا سے یہ مطالبہ کیا کہ آپ حضرات تعددِ ازواج (Polygamy) کی حرمت پر فتویٰ دیں، کیونکہ ان کے زعم میں اس سے عورت کی توہین ہوتی ہے، مولانا فرماتے ہیں کہ اس وقت افغانستان کے پڑھے لکھے طبقات پر استشراق اور مغربی افکار کے گہرے اثرات تھے۔

یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ افغانستان کے لوگ اس قدر تجدد پسند کیوں ہو رہے تھے؟ اس کا سیدھا جواب یہ ہے کہ وہ اسی درآمد شده تعلیمی نظام کے زیر اثر تھے جو انسان کو خدا سے باغی اور فکری طور پر مغرب کا غلام بناتا ہے۔ یہ فکری غلامی افغانستان میں بڑی تیزی سے پھیل رہی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ افغانستان نے اپنی علمیات (Epistemology)، اخلاقیات اور انسانی حقوق کا فریم ورک اسی اسلامی سانچی پر استوار کیا ہے جس کی تعلیم ہمیں اسلام نے دی ہے۔ حقیقت یہی ہے کہ اسلام کا تصور حقوق اور مغربی تہذیب کا پیراڈائم (Paradigm) دو بالکل الگ اور متضاد حقیقتیں ہیں-

Comments are closed.