لڑکیوں کی شرح پیدائش میں مصنوعی کمی
فقیہ العصر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی دامت برکاتہم
صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ
شمع فروزاں
قرآن مجید میں غالباً اللہ کی جس صفت کا سب سے زیادہ ذکر آیا ہے، وہ ہے صفت ربوبیت رب کا ترجمہ فارسی میں پروردگار اور ہندی میں ”پالنہار“ کیا جاتا ہے، اُردو زبان میں ان دونوں الفاظ کے علاوہ ”پالنے والا اور پرورش کرنے بھی بولا جاتا ہے، پرورش کرنے کا عمل لمحہ دولحہ اور دن دو دن کا نہیں ہوتا؛ بلکہ یہ مستقل نگرانی اور مسلسل نگہداشت کا عمل ہے اور پرورش وہی ذات کر سکتی ہے، جس میں زیر پرورش چیز کی محبت بھی ہو، وہ اس کی ضروریات سے بخوبی واقف بھی ہو اور
ان ضروریات کو پوری کرنے پر قدرت بھی رکھتی ہو؟ اس لئے اللہ کی شانِ ربوبیت دراصل اس کے وجود اور قدرت کی سب سے بڑی دلیل اور اس پر ایمان لانے کی سب سے بڑی محرک ہے؛ اس لئے قرآن مجید میں نو سو بار سے بھی زیادہ اس بات کا ذکر فرمایا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ انسانیت کے اور اس پوری کائنات کے رب ہیں۔
یہ اللہ کی شانِ ربوبیت ہی ہے کہ ہم ایک ایسی کائنات میں رہتے ہیں، جس میں بے شمار سیارے اور دنیا میں موجود
ہیں، جو ایک مناسب فاصلہ کے ساتھ فضاء میں اس طرح تیر رہے ہیں، جیسے سمندر میں مختلف جہاز سفر کرتے رہتے ہیں، لیکن یہ ایک دوسرے سے ٹکراتے نہیں، اگر ان کا فاصلہ ایک دوسرے سے کم ہو جائے مثلاً سورج زمین سے تھوڑا قریب آ جائے تو پوری دنیا جل کر بھسم ہو جائے اور وہی دن کائنات کا آخری دن قرار پائے، یہی توازن کائنات کو تھامے ہوا اور اس کرۂ ارض کو انسان کے لئے قابل رہائش بنائے ہوا ہے، خود اس دنیا میں دیکھیں کہ اللہ کی لاکھوں مخلوقات ہر آن پیدا بھی ہوتی ہیں اور مرتی بھی ہیں، کبھی ایسا نہیں ہوا کہ شیر، ہاتھی، چیتے اور بھیڑیئے کی افزائش کا تناسب اچانک بڑھ گیا ہو اور ان کی وجہ سے زمین کی وسعت تنگ پڑنے لگی ہو، انسان کے لئے یہ مسئلہ بن گیا ہو کہ وہ اب کس جگہ قیام کرے، اس کی آبادیوں پر تو درندوں کا قبضہ ہو گیا ہے، دنیا اس عدم توازن سے بچتے ہوئے کس طرح اپنا سفر طے کر رہی ہے؟ یہ ایک اہم سوال ہے۔
سائنس دانوں کے پاس اس کا جواب نہیں ہے، انسانیت کو اس کا جواب اللہ کے بھیجے ہوئے پیغمبروں اور رسولوں کے
ذریعہ ملا ہے، اور وہ یہ ہے کہ اس کائنات کے پیچھے اس کائنات کے خالق و مالک کا منصوبہ کارفرما ہے، ایسا نہیں ہے کہ دنیا اپنے آپ چل رہی ہے، لوگ خود دنیا میں آتے ہیں اور دنیا سے رخصت ہو جاتے ہیں؛ بلکہ خدا کا دست قدرت کائنات کے پورے نظام کو چلا رہا ہے، اور ٹکراؤ سے بچاتے ہوئے اس کے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے، خدا کا منصوبہ جیسے کائنات کی دوسر اشیاء میں جاری وساری ہے، اسی طرح خود انسان میں بھی اس کا منصوبہ ہر آن کارفرما ہے، مثلاً ایک میاں بیوی شادی کے بعد اوسطاً میں سے تیس سال کا عرصہ ایسا گزارتے ہیں کہ اس میں شوہر کے اندر باپ بننے کی اور بیوی کے اندر ماں بننے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے، عام فطرت کے مطابق ایک بچہ کی ولادت اور اس کے بعد عورت کو پیش آنے والی فطری معذوری میں ایک سال سے بھی کم وقت لگتا ہے، اس طرح ہر جوڑے کو بیس پچیس اولاد ہونی چاہئے تھی لیکن آج اگر ہمارے سماج میں کسی شخص کو پندرہ ہیں بچے ہوں اور وہ بھی ایک ہی بیوی سے، تو لوگوں کے لئے حیرت و استعجاب کا باعث ہوگا، جن لوگوں کا عمل برتھ کنٹرول پر نہیں ہے، ان کے یہاں بھی بچوں کی تعداد اوسطاً تین چار سے زیادہ نہیں ہوتی، یہ خدا کا منصوبہ ہے کہ مرد میں باپ بننے کی پوری صلاحیت موجود ہے، عورت میں ماں بننے کی پوری اہلیت ہے، بچوں کی پیدائش میں کوئی مصنوعی رکاوٹ پیدا نہیں کی جارہی ہے، پھر بھی بچوں کی حقیقی پیدائش ان کی صلاحیت کے مقابلہ بہت قلیل ہے، ورنہ اب تک دنیا کی آبادی اس کی موجودہ آبادی سے شاید دسیوں گنا زیادہ ہو چکی ہوتی۔
اسی خدائی منصوبہ کا دوسرا پہلو یہ ہے کہ انسانی آبادی میں جوں جوں اضافہ ہورہا ہے، اس کی غذائی ضروریات اور زندگی کے لئے مطلوب دوسرے وسائل میں بھی اسی نسبت سے اضافہ ہوتا جاتا ہے، ہمارے ملک ہندوستان میں ایک زمانہ
ایسا تھا کہ گیہوں کی پیداوار اس کی ضرورت سے بہت کم ہوتی تھی اور ہمیشہ امریکہ اور مغربی ملکوں کے سامنے کاسۂ گدائی بڑھانا پڑتا تھا، لیکن اس وقت صورت حال یہ ہے کہ گورنمنٹ کے گوداموں میں گیہوں سڑ رہے ہیں اور پچھلے دوسال کے اتنے گیہوں جمع ہیں کہ گیہوں کی نئی پیداوار کے لئے رکھنے کی جگہ نہیں ہے، دودھ، دہی، انڈا اور چکن آج سے پینتالیس سال پہلے اتنے کمیاب تھے کہ سماج کے غرباء کی ان تک رسائی نہیں تھی، لیکن آج صورت حال اس سے بالکل مختلف ہے اور شہر سے دیہات تک ہر جگہ یہ ساری چیزیں وافر مقدار میں فراہم ہیں، یہی حال زندگی کی دوسری ضروریات کا ہے؛ چنانچہ آج واضح طور پر یہ بات محسوس کی جاسکتی ہے کہ گذشتہ بیس پچیس سال کے درمیان معیار زندگی میں غیر معمولی طور پر بہتری پیدا ہوئی ہے اور ایک ایسا معاشی انقلاب آیا ہے، جسے ہر شخص کھلی آنکھوں دیکھ سکتا ہے۔
مغرب کے مذہب سے آزاد اور خدا بیزار تصور زندگی، مادہ پرستی اور لذت و عیش کی پرستاری نے دنیا کو یہ سوچ دی ہے کہ اس کائنات کے پیچھے یا تو خدا کا کوئی منصوبہ کارفرما نہیں ہے، یا ہے تو اس لائق نہیں ہے کہ تنہا اس پر بھروسہ کیا جائے؛ اس لئے انسان کو اس کائنات سے فائدہ اُٹھانے کے سلسلہ میں خود اپنا منصوبہ بنانا چاہئے، اور اپنی سوچ کے مطابق فیصلے کرنے چاہئیں، اسی تصور کے تحت یہ بات کہی گئی کہ شرح پیدائش میں اضافہ اگر یوں ہی ہوتا رہا تو مستقبل قریب میں وسائل معیشت انسانی آبادی کے لئے کم پڑ جائیں گے؛ اس لئے مصنوعی طور پر بچوں کی پیدائش پر روک لگائی جانی چاہئے، اس دعویٰ کو قوت پہنچانے کے لئے بہت سے سائنسی دلائل بھی فراہم کئے گئے اور قلت آبادی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے مصنوعی وسائل بھی وجود میں لائے گئے، اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ آج اکثر مغربی ممالک میں شرح پیدائش غیر معمولی حد تک گھٹ گئی ہے اور متعدد ممالک وہ ہیں، جہاں بچے پیدا کرنے کے لئے ترغیب دی جارہی ہے اور اس پر انعامات مقرر کئے گئے ہیں، ہندوستان میں ۲۰۱۰ ء کی جو مردم شماری آئی ہے، اس کے مطابق ہمارے ملک کی آبادی ایک ارب بیس کروڑ سے متجاوز ہو چکی ہے اور آبادی کے اعتبار سے ہمارا ملک دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے، آبادی کے اس اضافہ پر حسب توقع بعض ماہرین کی طرف سے اندیشوں اور پریشانیوں کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ یہ ملک کی ترقی کے لئے بہت بڑی رکاوٹ ہے اور اس سے معیشت کو غیر معمولی نقصان پہنچ سکتا ہے، افسوس کہ یہ بات بھی ان ماہرین کی آنکھ نہ کھول سکی کہ معاشی ترقی کی دوڑ میں آج وہی ممالک
آگے ہیں، جو کثیر آبادی کے حامل ہیں، چین، ہندوستان، ترکی وغیرہ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ مستقبل میں معیشت ان ملکوں کے ہاتھ میں ہوگی اور معاشی قیادت یورپ سے ایشیا کی طرف منتقل ہو جائے گی۔
اس مردم شماری کا ایک افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ لڑکیوں کی شرح پیدائش میں مسلسل کمی ہوتی جارہی ہے، موجودہ مردم ماری کے مطابق ایک ہزار لڑکوں پر نو سو چودہ لڑکیوں کی پیدائش کا اوسط ہے، گویا قریب قریب دس فیصد شرح پیدائش کا فرق ہے، یہ تو پورے ہندوستان کے لحاظ سے ہے لیکن ہریانہ اور پنجاب میں لڑکوں اور لڑکیوں کی پیدائش میں تیس فیصد سے بھی زیادہ کا فرق ہے، یعنی ایک ہزار لڑکوں کے مقابلہ چھ سو سے کچھ زائد لڑکیاں پیدا ہوتی ہیں، صورت حال اتنی خراب ہو چکی ہے کہ ماہ دو ماہ پہلے راجستھان کے ایک قصبہ کی خبر شائع ہوئی تھی کہ وہاں تقریباً تیس سال کے بعد پہلی بارات آئی، پورے گاؤں میں اس کا جشن منایا گیا، اور لوگوں میں اس کی وجہ سے بے حد خوشی اور مسرت کا ماحول تھا، یہ ایک حقیقت ہے کہ اگر یہی رجحان باقی رہا تو لڑکیوں کی گھٹتی ہوئی آبادی سے ایسے خوف ناک اخلاقی اور سماجی مسائل پیدا ہوں گے، جن کا تصور نہیں کیا جا سکتا اور
اخلاقی گراوٹ اپنی انتہا کو پہنچ جائے گی۔
لڑکوں اور لڑکیوں کی پیدائش کے تناسب میں یہ عدم توازن انسانی کارستانی کا نتیجہ ہے، بعض سماجی رسوم و رواج کی وجہ سے لڑکیوں سے فرار اختیار کرنے کا رجحان بڑھتا جارہا ہے اور پی، این، ڈی، ٹی قانون جو حالت حمل میں جنس کے دریافت کرنے کو جرم قرار دیتا ہے کے باوجود لالچی ڈاکٹر اور خدانا ترس ماں باپ قبل از پیدائش جنس کی شناخت میں ایک دوسرے کا تعاون کرتے ہیں اور پھر رحم مادر ہی میں لڑکیوں کا گلا گھونٹ دیا جاتا ہے، یہ بھی خدا کے منصوبہ میں دخل دینے کی ایک بدترین صورت ہے، انسان نا معلوم تاریخ سے کرۂ ارض پر زندگی گزار رہا ہے، ہمیشہ ایک توازن کے ساتھ لڑکوں اور
لڑکیوں کی پیدائش ہوتی رہی ہے؛ اس لئے کبھی یہ نہیں سنا گیا کہ فلاں آبادی میں لڑکے ہی لڑکے پیدا ہورہے ہیں یا کسی مقام پر صرف لڑکیاں پیدا ہورہی ہیں؛ بلکہ انسان کے کسی منصوبہ کے بغیر از خود لڑکے اور لڑکیوں کی پیدائش اسی تناسب سے ہوتی رہی ہے، جس کی انسانی معاشرہ کو ضرورت ہے، یہ دراصل انسان کے خالق و مالک کا مقرر کیا ہوا منصوبہ ہے، لیکن جب انسان فطرت سے بغاوت پر اتر آتا ہے تو وہ خود اپنے آپ کو نقصان پہنچاتا ہے، کبھی ظالمانہ جنگیں مردوں کی آبادی کو متاثر کرتی ہیں، کبھی لڑکیوں سے راہ فرار کی وجہ سے عدم توازن پیدا ہو جاتا ہے؛ اس لئے محض قانون کا بنانا کافی نہیں ہے، سوچ کا بدلنا ضروری ہے، اور وہ یہ ہے کہ یہ کائنات خدا کے منصوبہ کے مطابق چل رہی ہے، خدا کا بنایا ہوا منصوبہ اور قائم کیا ہوا نظام ہی انسانیت کے لئے نفع بخش اور اس کی ضرورتوں سے ہم آہنگ ہے، انسان اگر اپنے عمل کے ذریعہ اس میں رخنہ پیدا کرے تو خود اسی کو اس کا نقصان اُٹھانا پڑے گا، اگر یہ یقین پیدا ہو جائے اور اس سچائی کو انسان اپنے سامنے رکھے، تب ہی ایسی برائیوں کا تدارک ہو سکتا ہے۔
Comments are closed.