صبح کی بات فہیم اختر ندوی کے ساتھ

صبح کی بات

فہیم اختر ندوی

 

السلام علیکم

 

زندگی ایک حالت پر نہیں رہتی۔۔ اتار چڑھاؤ جاری رہتے ہیں۔۔ کیفیات اور احوال بھی گھٹتے بڑھتے رہتے ہیں۔۔ فرد کی زندگی بھی ایسی رہتی ہے، اور سماج میں بھی یہ تبدیلی آتی رہتی ہے۔۔ تو کمی کو دور، اور اچھے کو آگے بڑھاتے رہنا چاہئے۔۔۔

 

عید فطر کے بعد عید قرباں میں اچھی تبدیلی آئی ہے۔۔ مومنوں کے دل مسرور ہوئے ہیں، اور شکر رب کے نغمے گائے ہیں۔۔ اب یہ بہتری آگے بڑھتی رہے گی۔۔۔

 

لیکن خود اسیری کی اس مدت میں کئی اتار در آئے ہیں، اور کئی کمیاں داخل ہوگئی ہیں۔۔ عزیزوں سے ملاقات اور سماجی تعلقات پر سرد اوس پڑی ہے۔۔ اور اس کے نقصانات پیدا ہورہے ہیں۔۔ یہ کمی حالات کا نتیجہ تھی۔۔ اور اب بتدریج دور ہورہی ہے۔۔۔

 

اسلام کی شاندار تعلیمات زندگی کے اس پہلو سے متعلق ہیں، اور اسلام کی خوبی یہاں خوب نکھرتی اور ابھرتی ہے۔۔۔ اسی سے مضبوط خاندان بنتا، اور اچھا سماج قائم ہوتا ہے۔۔۔ جی ہاں۔۔ اسی سے فرد کی زندگی خوشگوار اور کامرانی سے ہمکنار ہوتی ہے، اور اسی سے سماج آپسی اتحاد اور باہمی تعاون پاتا ہے۔۔۔۔ اور ابھی اس کی سخت ضرورت ہے۔۔۔

 

تو یہاں در آنے والی کمی ہر راہ اور ہر چاہ سے دور کرنی ہے۔۔ اور اسلامی تعلیمات کے موتیوں سے اس کی خوب سجاوٹ کرنی ہے۔۔۔ یاد رہے کہ اچھائی اور کمی کی پہچان سماج کی روایت نہیں، انسانوں کی ہدایت نہیں، بلکہ رب دوجہاں کی بات سے ہوگی۔۔ وہی جو قرآن اور سیرت میں ہے۔۔۔

 

عید قرباں عزیزوں سے ربط اور سماج سے تعلق کا اچھا موقع ہے۔۔ اور یہی تو عید ہے، اسی لئے تو کھانے کھلانے کا حکم ہے، اور اسی کےلئے تو مزید تین دنوں تک عید ہے۔۔۔

 

تو آئیے ! ہم اپنے احوال ٹٹول لیں، اپنی کیفیات دیکھ لیں، اپنے رشتوں کو پوچھ لیں، اور اپنے گردو پیش پر نظر رکھ لیں۔۔۔ جب ہماری عید کی خوشی اور بڑھے گی، جب ہماری تبدیلی اور بہتر ہوگی۔۔۔

 

وقت ہے قدم اٹھالیجئے۔۔ وقت گذر جانے پر افسوس ہی رہ جاتا ہے۔۔ اللہ ہمیں توفیق دے۔

 

خدا حافظ

2 اگست 2020

11 ذو الحجہ 1441

Comments are closed.