صبح کی بات فہیم اختر ندوی کے ساتھ

صبح کی بات

فہیم اختر ندوی

 

السلام علیکم

 

کچھ حقائق اسلام نے بتارکھے ہیں، کچھ باتیں ہم آپ کی مجبوریاں ہیں۔۔ یہ دونوں زندگی میں رہیں گے، اور دونوں کی رعایت رکھی جائے گی۔۔۔

 

مسجدوں کو اللہ کا گھر بتایا گیا ہے، زمین پر یہ سب سے مقدس مقامات ہیں، انھیں عبادت وذکر اور تزکیہ وتربیت کے کاموں سے آباد رہنا چاہئے۔۔۔ مصیبتوں کے وقت بھی رسول اللہ ﷺ مسجد ہی کا رخ کرتے تھے، کہ یہ اللہ کی قربت اور پناہ تھی۔۔ سفر کے آغاز اور واپسی میں بھی مسجد ہی پہلی جگہ ہوتی تھی۔۔۔ تو یہ سب حقائق ہیں، اور ایسے ہی رہیں گے۔۔۔

 

اب تبدیلی آئی ہوئی ہے۔۔ پہلے مسجدوں میں سرگرمی کم ہوئی۔۔ اب ہماری مجبوریوں نے دوری پیدا کردی۔۔ مسجد سے دوری، جماعت سے دوری، جمعہ سے دوری، صفوں میں دوری، مصلیوں میں دوری۔۔ اور ۔۔ اب چند مہینوں کے بعد یہ دوری ہی اصل بنتی جارہی ہے۔۔۔

 

ہمیں مجبوریوں اور حقیقتوں میں فرق تازہ رکھنا چاہئے۔۔ دونوں کو ان کے دائروں میں رکھنا چاہئے۔۔ حقائق نگاہوں سے اوجھل نہ ہوں، اور مجبوری اصل کی جگہ نہ لیں۔۔ تب حالات کی بھی رعایت ہوگی، اور حقیقتوں سے بھی وابستگی رہے گی۔۔۔ ان دونوں پر نظر رکھئے، ان دونوں کو برتئے، ان دونوں کا فرق سمجھائیے۔۔۔

 

اور یہ بھی یاد رہے ۔۔ کہ ۔۔ اللہ کو مجبوریوں کا علم رہتا ہے، اور مجبوریوں میں بقدر استطاعت کام کا مطالبہ ہوتا ہے۔۔۔ اور ۔۔۔ یہ بھی کہ اللہ کے گھر میں اللہ کی برکتیں زیادہ ہوں گی۔۔ جب ہی تو رسول اللہ ﷺ نے اللہ کے گھر کو مرکز بنایا تھا۔۔۔

 

آج ہم کو برکت اور حفاظت کی زیادہ ضرورت ہے۔۔ حقیقتوں کو یاد رکھنے کی ذمہ داری ہے۔۔ اور اللہ کے گھر کو سرگرمیوں سے آباد بنانے کی راہ اپنانی ہے۔۔

 

اللہ ہمیں راہ دکھائے اور توفیق بخشے، آمین۔۔

 

خدا حافظ

12 ستمبر 2029

23 محرم 1442

Comments are closed.