مولانا ڈاکٹر نور السلام ندوی قابل مبارک باد ابو معاویہ محمد معین الدین ندوی قاسمی خادم التدریس جامعہ نعمانیہ ویکوٹہ آندھرا پردیش

مولانا ڈاکٹر نور السلام ندوی قابل مبارک باد
ابو معاویہ محمد معین الدین ندوی قاسمی
خادم التدریس
جامعہ نعمانیہ ویکوٹہ آندھرا پردیش
گذشتہ کل (17/نومبر)صبح دربھنگہ شہر کے فعال عالم دین حضرت مفتی آفتاب غازی صاحب قاسمی دامت برکاتہم (بانی وناظم: معہدالطیبات،دربھنگہ) کی جانب سے واٹس ایپ کے ایک گروپ میں ایک اہم خبر موصول ہوا، ہیڈ لائن”مولانا نور السلام ندوی کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری ملنے پر اعزاز سے نوازا گیا“ ہیڈ لائن دیکھ کر ہی فرحت و انبساط سے چہرہ کھل اٹھا، کیونکہ مولانا محترم ہمارے رہبر اور علمی دوست ہیں، ابھی حال ہی میں مولانا سے گفتگو ہوئی تھی، راقم سے اپنے مضمون میں ایک کتاب کے نام لکھنے میں خطا ہوئی تھی،مولانا نے اس جانب توجہ دلائی تھی۔
پھر "پی ایچ ڈی” کے بارے میں بھی دریافت کیا تھا انہوں نے کہا کہ جی اب مکمل ہوا ہی چاہتا ہے، اور آج یہ خوش خبری مل گئی کہ مولانا موصوف ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے سرفراز کئے گئے۔
مولانا موصوف کو اس اعلیٰ ڈگری سے تفویض ہونے پر شہر دربھنگہ کے ایک ادارہ "معہد الطیبات” میں ایک اعزازی تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں کئی اہل قلم حضرات شامل ہوئےخصوصاً بصیرت آن لائن کے چیف ایڈیٹر مولانا غفران ساجد صاحب قاسمی، مشہور و معروف صحافی مولانا نازش ہما قاسمی،فعال سماجی کارکن مولانا شاہنواز بدر قاسمی، ڈاکٹر منور راہی صاحب اور پروگرام کے کنوینر حضرت مفتی آفتاب غازی صاحب قاسمی وغیرہ
اس پر مسرت تقریب میں مولانا موصوف کو اعزاز سے نوازا گیا۔
اس سلسلے میں مولانا موصوف کے بیک گراؤنڈ کا ذکر کرنا مناسب معلوم ہوتا ہے۔
صوبہ بہار کے مشہور ضلع دربھنگہ کے مردم خیز قصبہ”جمال پور“ یہ شہر دربھنگہ سے تقریباً ساٹھ باسٹھ کیلومیٹر مشرق جنوب میں واقع ہے، اس قصبہ کی خصوصیت یہ ہے کہ یہاں ہر دور میں اہل علم اور اہل فضل و کمال رہے ہیں، اس وقت بھی اتری بہار کے سب سے جید عالم دین حضرت مولانا ہارون رشید صاحب قاسمی دامت برکاتہم (شیخ الحدیث:مدرسہ نورالعلوم گٹھامن، پالن پور، گجرات،و خسر حضرت الاستاذمفتی ڈاکٹر اشتیاق احمد قاسمی صاحب دامت برکاتہم،استاذ دارالعلوم دیوبند) اور مشہور قلم کار حضرت مولانا رضوان احمد ندوی صاحب دامت برکاتہم (نقیب:امارت شرعیہ، پھلواری شریف، پٹنہ) کا تعلق اسی قصبہ سے ہے۔
یہ دربھنگہ ضلع کے اخیر میں ہے اس کے بعد ہی سہرسہ ضلع لگتا ہے یہ مشہور کوسی ندی وکوسی باندھ کے مغرب میں واقع ہے، یہاں مسلمانوں کی اکثریت ہے اس وقت یہ تھانہ بھی ہے۔
مولانا ڈاکٹر نور السلام ندوی قاسمی صاحب دامت برکاتہم کا یہی قصبہ جائے مولد و مسکن ہے، ڈاکٹر صاحب اسی قصبہ کے چشم و چراغ ہیں، ڈاکٹر صاحب کا گھرانہ اہل علم کا گھرانہ ہے، اوپر ذکر کردہ دونوں بزرگ اسی گھرانہ سے تعلق رکھتے ہیں، ڈاکٹر صاحب کے والد محترم مولانا عبدالسلام صاحب رحمانی دامت برکاتہم (عرف، مکھیاجی) فاضل مدرسہ رحمانیہ، سوپول، دربھنگہ ہیں، موصوف کانگریسی قدیم لیڈر ہیں، کانگریس پارٹی سے ایک دو مرتبہ "ایم ایل اے” میں بھی قسمت آزمائی کرچکے ہیں، اس وقت غالباً عمر کی آٹھ دہائی میں ہوں گے، لیکن عزم و حوصلہ کسی جوان سے کم نہیں ہے، ہمارے برادر کبیر ماسٹر محمد نعیم الدین صاحب (سِمْرِیْ)ایک مرتبہ ان کا ذکر خیر کرتے ہوئے فرمایا کہ بابو اس وقت اپنے علاقے میں عبدالسلام مکھیاجی جیسے سیاسی بصیرت رکھنے والا کوئی فرد نہیں ہے اس وقت بھی جب وہ سیاست پر بولتے ہیں تو اچھے اچھوں بھی حیران و ششدر رہ جاتے ہیں، جوانی میں کیا عالم رہا ہوگا۔
محترم ڈاکٹر صاحب ایسے ہی بابصیرت گود میں نشو نما پائے ہیں، کاتب السطور تقریباً پانچ ماہ "جمال پور” میں بحکم حضرت الاستاذ مفتی ڈاکٹر اشتیاق احمد قاسمی صاحب دامت برکاتہم (استاذ:دارالعلوم دیوبند) خدمت دین کا فریضہ انجام دے چکا ہے، دوران تدریس جن لوگوں سے احقر متاثر ہوا اس میں محترم ڈاکٹر صاحب بھی ہیں، سنجیدہ مزاج، علم دوست، ذہین و فطین اور لکھنے پڑھنے کا عمدہ ذوق، کئی کتابوں کے مصنف، اعلیٰ نستعلیق کے حامل اسی وجہ سے آپ کو ہر ایک "صاحب” سے جانتے ہیں۔
موصوف کی تعلیم بہار میں دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے برانچ "مدرسہ چشمہ فیض، ململ، مدھوبنی” س ہے، زمانہ طالب علمی میں اپنے رفقاء میں نمایاں تھے، دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ سے عالمیت، اور پھر دارالعلوم (وقف)دیوبند جاکر فضیلت کی سند اعلیٰ نمبرات سے حاصل کی، ساتھ ہی عصری تعلیم بھی جاری رکھا اور اب الحمدللہ!
پٹنہ یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے، اس موقع ذہبی پر "ادارہ تسلیم و رضا سمری” کے ناظم ماسٹر محمد نعیم الدین صاحب مولانا ڈاکٹر نور السلام ندوی قاسمی کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہے اور ساتھ ہی دعا گو ہے مولا! ان کو ہر شرور فتن سے محفوظ رکھنا اور ان کو ہمارے نوجوانوں کے لئے آئیڈیل بنانا۔(آمین)
Comments are closed.