جب طاقت کے نشے تلے بھارت میں سیکولرازم کا جنازہ نکلا
6/ دسمبر یومِ انہدام بابری مسجد!
تحریر: عاصم طاہر اعظمی
7860601011
9307861011
آزاد ہندوستان کی تاریخ میں مسلمانان ہند کو بہت سے زخم کھانے سہنے اور اٹھانے پڑے ہزاروں مسلم کش فسادات ہوئے جن میں ہزاروں مسلمانان ہند لقمہ اجل ہوئے جن میں کھربوں روپیوں کا نقصان ہوا اور اربوں کی جائیداد تباہ و برباد کر دی گئی مسلمانوں نے عدالت عظمى کا دروازہ کھٹکھٹایا، انصاف طلب کیا، قانون کی دہائی دی، تو ظلم و ستم کے اور دروازے کھول دیئے گئے یہ سب بہت کچھ ہوا اور ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں ظلم و ستم کی یہ کہانی دھرائی جاتی رہی، لیکن، دسمبر 1992 میں مسلمانوں پر اجتماعی طور پر جو ظلم ہوا اس نے مسلمانوں کو جان و مال کے زیاں کے ساتھ سو سال پیچھے کردیا،
مسلمانوں کی زندگی میں مساجد کا مقام و مرتبہ انتہائی بلند اور اثر انگیز ہےکعبتہ اللہ، بیت اللہ، جنت کا باغ وغیرہ جیسے الفاط کے ساتھ یاد کیا جاتاہے زندگی کے تمام شعبۂ جات کو مسجد کی مرکزیت سے جوڑنے کی روایات حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کی سنت سے ثابت ہے،
دور زوال کاایک المیہ یہ بھی ہے کہ مساجد مرثیہ خواں ہیں نمازیوں کے لیے دیگر معاملات کے مراکز اوصاف حجازی سے ٹوٹتے و بکھرتے رہے جنہیں آج تک دوام نہیں ہے عبادت کی تشریحات اب نمازوں اور مساجد کو خوبصورت بنانے تک ہی رہ گئیں ورنہ اس کا مفہوم تو زندگی کی ہرجنبش وحرکت پر محیط ہے
عہدِوسطیٰ میں مسلمانوں کے زیر نگیں جو علاقے آئے وہاں پوری شریعت کا نفاذ تو نہ ہوسکا البتہ مساجد و محلات کی تعمیرات باعث افتخار بنیں جب سیاسی زوال موجِ خوں بن کر سروں سے گزرا تو چاروں طبق روشن ہوگئے مساجد کہیں تالے، کہیں اصطبل ، کہیں کلب کہیں کلیسا اور کہیں مندروں کے مظاہر بن گئیں ترکی، اسپین ، فرانس ، پرتگال، مشرقی یورپ، تاشقند، سمر قند ، بخارا اور ہندوستان کی مثالیں تاریخی حوالوں سے پیش کی جاسکتی ہیں
بابری مسجد ان ہی حالات کی ماری ایک ایسی عبادت گاہ ہے جس کا جرم یہ ہے کہ اس کو ایک مسلمان بادشاہ سے وابستہ کیا گیاہے جس کا جرم یہ ہے کہ وہ مسلمانوں کی شناخت کی علامت بن گئی،
یہ وہی مسجد ہے جسے میر باقی نے ظہیر الدین بابر کے حکم پر یوپی کے ضلع فیض آباد کے مقام ایودھیا میں 1527ء میں تعمیر کرایاتھا، یہ تعمیر ایک غیر آباد بنجر ٹیلے پر کی گئی تھی، بابر کی طرف نسبت سے یہ بابری مسجد کہلاتی ہے یہ اسلامی فن تعمیر کی شاہکار اور نایاب مسجد تھی، جس پر تین گنبد تھے، درمیانی گنبد قدرے بڑا اور طرفین میں دونوں چھوٹے گنبد تھے، جن کی تعمیر میں چھوٹی اینٹوں کو استعمال کرکے اس پر چونے سے پلستر کیا گیا تھا، مسجد کی تعمیر پتھروں سے کی گئی تھی، چھت قدرے بلند، ہوا اور روشنی کے لیے بڑی جالی دار، خوبصورت کھڑکیاں اور صحن میں ایک کنواں تھا، مسجد حسن، دل کشی میں اپنی مثال آپ تھی،خاص بات یہ تھی کہ محراب میں کی جانے والی سرگوشی کو مسجد کے کسی بھی کونے میں باآسانی سنا جاسکتاتھا،
جنونی اور جوشیلے افراد کے قافلے ملک کے کونے کونے سے رواں دواں تھے ان کا مطلب، مقصد، اور منزلِ مقصود ایک تھی یہ مذہبی جذبات سے مغلوب تھے اور ایسے دل آزار نعرے لگا رہے تھے جن سے پُرامن اقلیت کے دلوں میں ٹھیس اُٹھتی اور پُرامن فضا مکدر ہونے والی تھی،
یہ 6 دسمبر کی تاریخ اور سال 1992ء تھا، جب بھارت کے طول و عرض سے ہندو انتہا پسند مشہور اور تاریخی بابری مسجد کو ڈھانے ایودھیا کی طرف مارچ کر رہے تھے اکثریت کے پاس چھپے ہتھیار بھی تھے تین لاکھ جنونی ہندو جب ایودھیا میں واقع بابری مسجد پہنچے، تو اس کے میناروں پر چڑھ کر انہیں یکے بعد دیگرے گرادیا اور پھر مسجد کو ڈھانے کی غرض سے اسے کافی نقصان پہنچایا یہ لوگ عرصہ دراز سے ان لمحوں کے منتظر تھے یہ لوگ مسلمانوں کو ننگی گالیاں دے رہے تھے اور ’’رام کی جے‘‘ اور ’’مسلمانوں کا قبرستان، ہندوستان، ہندوستان‘‘ کے نعرے لگارہے تھے، انہوں نے جب مسجد پہنچ کر اس پر قبضہ کیا، تو اپنے ساتھ لائے ہوئے مورتیوں کو اس میں دفن کر دیا بھارتی پولیس خاموش کھڑی دور سے یہ تماشا دیکھ رہی تھی تاریخ کو جھٹلایا گیا اور پُرامن اور نہتی اقلیت یعنی مسلمانوں کی تاریخی بابری مسجد کو شہید کرکے اس کی جگہ رام مندر کی بنیاد رکھ دی گئی یہ سب کچھ اس ملک میں ہوا جو ہر وقت سیکولر ہونے کا دعویٰ کرتا اور جمہوریت کے نعرے لگاتا نہیں تھکتا۔
لیکن 6دسمبر کا واقعہ اس بات کی علامت ہے کہ اس سے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی کہ اگر اکثریت کے دباؤ کو قبول نہیں کیا گیا تو وہ مذھب کے نام پر آئین اور رواداری کی دھجیاں اڑانے سے چوکیں گے نہیں۔
بھارت کے سیکولر مستقبل یا یوں کہیں کہ ہندوستان کے وجود کو بچانے کے لئے یہ ضروری ہے کہ پھر کوئی رام کا نام بدنام نہ کرے اور نہ ہی ہم ایسا کرنے دینے کی کوئی گنجائش ہی چھوڑیں
کیونکہ کیفی اعظمی کے بقول
رام بنواس سے جب لوٹ کے گھر میں آئے
یاد جنگل بہت آیا جو نگر میں آئے
رقص دیوانگی آنگن میں جو دیکھا ہو گا
چھ دسمبر کو شری رام نے سوچا ہوگا
اتنے دیوانے کہاں سے میرے گھر میں آئے
جگمگاتے تھے جہاں رام کے قدموں کے نشاں
پیار کی کہکشاں لیتی تھی انگڑائی جہاں
موڑ نفرت کے اسی راہ گذر میں آئے
دھرم کیا ان کا ہے،کیا ذات ہے یہ جانتا کون؟
گھر نہ جلتا تو انہیں رات میں پہچانتا کون؟
جلتی مشعل لئے جو لوگ نظر میں آئے
شاکاہاری ہے میرے دوست تمہارا خنجر
تم نے بابر کی جانب پھینکے
تھے سارے پتھر
ہے میرے سر کہ خطا زخم جو سر میں آئے
پاؤں سریو میں ابھی رام نے دھوئے بھی نہ تھے
کہ نظر آئے وہاں خون کے گہرے دھبے
پاؤں دھوئے بغیر سریو کے کنارے سے اٹھے
رام یہ کہتے ہوئے اپنے دوارے سے اٹھے
راجدھانی کہ فضا آئی نہیں راس مجھے
چھ دسمبر کو ملا دوسرا بنواس مجھے
بابری مسجد کا مسئلہ گرچہ عدلیہ نے اتنے ثبوتوں کے باوجود ہمارے حق میں نہیں سنایا لیکن مسجد سے دست برداری کسی بھی مسلمان کے لیے جائز نہیں ہم مسجد کی حفاظت نہ کرسکے اس پر اللہ تعالی سے استغفار، معافی اور مغفرت طلب کرتے ہیں اللہ سے عہد کرتے ہیں کہ اب ہم تیرے گھر کی تعمیر کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے، یہ اللہ کا گھر تھا ہے اور رہے گا اور تمام مسلمانوں کا قیمتی اثاثہ بھی ہے یہ کسی ایک مسلک یافرقے کا نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے مفاد پرستوں کو چھوڑ کر باقی تمام امت سے دست بستہ التجاء ہے کہ فطرتِ دین کے دائرے میں رہ کر جہدِ مسلسل جاری رکھیں ان شاءاللہ ایک دن پھر اذانیں گونجے گیں، تکبیریں کڑکے گیں، اور اللہ اکبر کی صدائیں آئیں گی. ان شاءاللہ۔
Comments are closed.