مدرسہ ام القریٰ رمونیہ میں قاری شبیر احمد حافظ کی زندگی پر ایک علمی نشست کا انعقاد

 

مدھوبنی (پریس ریلیز) مدرسہ ام القریٰ رمونیہ ضلع مدھوبنی میں قاری شبیر احمد حافظ کی زندگی پر ایک علمی نشست کا انعقاد ہوا جس میں مدرسہ کے طلبہ وطالبات، اساتذہ اور ناظم مولانا فیروز صاحب قاسمی سمیت علاقے کے اہم علماء کی شرکت ہوئی. اس موقع پر ڈاکٹر عمر فاروق قاسمی نے ان کی ادبی خدمات پر مشتمل ایک مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ قاری شبیر احمد حافظ مرحوم کی شخصیت فصاحت و بلاغت اور دلکش ادبی ذوق کا حسین امتزاج تھی۔ شعر و ادب سے گہرا شغف رکھنے والے قاری صاحب کا اسلوبِ بیان نہایت سلیس،شائستہ اور سحر انگیز تھا، اور وہ موقع ومحل کی مناسبت سے برجستہ الفاظ کے استعمال میں خاص ملکہ رکھتے تھے۔ تاہم، مدرسہ اسلامیہ شکرپور بھرواڑہ کو ملک گیر شہرت سے ہمکنار کرنے کی فکر اور انتظامی مصروفیتوں کے باعث، ان کا یہ نادر ادبی ذوق اور سخن وری کا گوہرِ نایاب اس طرح جلوہ گر نہ ہو سکا جس کا وہ مستحق تھا۔ وہ بظاہر نابینا تھے لیکن بباطن بینا شخص تھے. مدرسہ اسلامیہ محمود العلوم دملہ کے نائب مہتمم مولانا محمد یوسف قاسمی نے اپنے طویل تاثراتی خطاب میں ان کی زندگی کے حوالے سے بڑے تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی. انھوں نے کہا کہ وہ مدرسہ دینیہ غازی پور میں حفظ قرآن کے بہترین استاد تھے. اور میرے بھی استاد تھے ان کے یہاں دور سنانے والے طالب علم حفظ قرآن کے حوالے سے بہت ہی پختہ تھے، انھوں نے مدرسہ اسلامیہ شکرپور بھروارہ کے آغاز و ارتقا پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس کی ترقی میں قاری شبیر صاحب کا سب سے بڑا اور اہم کردار رہا ہے انھوں نے ایک چھوٹے سے ادارے کو ہندوستان گیر شہرت کا حامل بنادیا ہے. قاری شبیر صاحب کی زندگی ہم سبھوں کے قابل تقلید ہے. مدرسہ اسلامیہ محمود العلوم کے صدر مدرس مولانا محمد فرقان قاسمی نے اپنی ایک ملاقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ حالات حاضرہ پر بڑی گہری نگاہ رکھتے تھے. ان کی زندگی سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ وہ نابینا ہونے کے باوجود اتنا بڑا کارنامہ انجام دے سکتے ہیں تو ہم آپ کو تو اللہ نے دونوں آنکھوں سے نوازا ہے ہم اگر پیہم محنت کریں تو اور بھی بڑا کارنامہ انجام دے سکتے ہیں. مدرسہ ام القریٰ کے ناظم مولانا فیروز قاسمی نے پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے کہا کہ قاری محمد شبیر صاحب کی زندگی ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے وہ نظامت کے عہدے پر فائز تھے مگر بہت بڑی علمی اور ادبی شخصیت کی حیثیت سے سے بھی جانے پہچانے گئے. اللہ تعالیٰ انھیں کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے آمین

Comments are closed.