آہ! مفتی مجتبی صاحب رحمہ اللہ

 

 

از: محمد حنیف ٹنکاروی

 

آج ٨ رمضان١٤٤٢ کی رات بعد تراویح یہ خبر صاعقہ بن کرگری کہ نوجوان عالم دین، ذی استعداد، حدیث و فقہ کے ماہر، بہترین مضمون نگار حضرت مولانا مفتی مجتبی صاحب استاد حدیث و فقہ دارالعلوم ماٹلی والا بھروچ گجرات اس دار فانی سے رخصت ہوکر اپنے مولائے حقیقی سے جا ملے۔

انا للہ وانا الیہ راجعون

مرحوم سادہ مزاج، انتہائی متواضع اور ملنسار تھے۔ اللہ تعالیٰ نے عجیب صلاحیتوں سے ان کو نوازا تھا ۔

مرحوم مفکر ملت حضرت کاپودروی رحمۃاللہ سے خاص تعلق رکھتے تھے‌۔

مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب کی طرف سے ان کو نشان امتیاز ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

مرحوم مفتی مجتبی حسن قاسمی استاذ حدیث و فقہ دارالعلوم ماٹلی والا بھروچ گجرات فقہ و فتاویٰ ،تحقیق و تالیف کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے پر اپنے مربی و مشفق استاذ محترم حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی مدظلہ العالی کے ہاتھوں المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد کی جانب سے توصیفی سند اور نشان امتیاز سے نوازے گئے تھے ۔ مفتی مجتبی حسن قاسمی نے المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد کے زمانے میں اسلام اور جدید ذرائع ابلاغ کے نام سے ایک تحقیقی مقالہ لکھا تھا جو کتاب کی شکل میں شائع ہو چکا ہے، اس کے علاوہ کئی کتابوں کی تحقیق و تالیف کا کام کیا ہے، اس کے علاوہ سب سے بڑا کارنامہ فتاویٰ فلاحیہ کی ترتیب ہے، یہ فتاویٰ اب تک چار ضخیم جلدوں میں منظر عام پر آچکا ہے، اور مزید جلدیں زیر ترتیب ہے، یہ فتاویٰ گجرات کے مستند اور مؤقر عالم دین، دارالعلوم فلاح دارین ترکیسر گجرات کے صدر مفتی مرحوم حضرت مفتی احمد بیمات صاحب رحمہ اللہ کے فتاویٰ کا مجموعہ ہے جس کی تخریج، ترتیب، اور تدوین کا اہم فریضہ مفتی مجتبی حسن قاسمی نے انجام دیا ہے اور اسی اہم خدمت کے پیش نظر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی مدظلہ العالی نے انہیں یہ نشان امتیاز سے نوازا ہے، حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی مدظلہ العالی نے فتاویٰ فلاحیہ کی تعریف کی ہے اور بالخصوص مرحوم مفتی مجتبی حسن قاسمی کے کام کی تحسین کی ہے۔ یقیناً امت کے لئے یہ بہت بڑا خلاء ہے ایسے ذی استعداد علماء کا اٹھ جانا ملت کا خسارہ ہے۔

اللہ تعالیٰ ان کو غریق رحمت کرے، اعلی علیین میں جگہ عطا فرمائے ۔ مدرسہ کو نعم البدل عطا فرمائے ۔

 

کھول دے اس کی لحد میں جنتوں کی کھڑکیاں

وقت کے مقتل میں تیرا ذکر جو کرتا رہا

Comments are closed.