آپ اپنی توانائی ٹرول کرنے کی بجائے صحیح رہنمائی کرنے میں صرف کریں

 

 

مسعود جاوید

 

آپ جمہوری نظام کے اصولوں کو ٹهکرا کے اپنی تسکین کر سکتے ہیں مگر دوسروں کے لئے مصیبت کا سبب نہ بنیں. معیار صداقت کثرت رائے نہیں ہے تو کیا ہم تصادم کی راہ اپنائیں. کچھ لوگ غیر عملی نہیں بہت زیادہ عملی ہوتے ہیں جو خود کسی محفوظ جگہ رہ کر دوسروں کو قاتل ظالم اور مظلوم ، حق اور باطل کا درس دیتے ہیں. انہیں کتابی باتیں کرنے میں مزہ آتا ہے لیکن اس میں وہ مسکین پس جاتے ہیں جو ملک کے طویل و عریض خطے میں بتیس دانتوں کے بیچ ایک زبان کی حیثیت رکهتے ہیں. اسی ٨٠ پچاسی ٨٥ گهر والے قصبے میں دو تین گهر یہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی بدولت ہی سالہا سال سے زندگی بسر کر رہے ہیں. ان کے حال پر رحم فرمائیں. حق و باطل قاتل اور معصوم کے بارے میں لکھنے کا کام مورخ اور معتبر غیر جانبدار صحافیوں کا ہے یہ اس پر چھوڑ دیں. جس گجرات کا آپ اور ہندوستانی مسلمان رونا رو رہے ہیں اس گجرات کے لوگوں نے حالات سے سمجھوتہ کرکے جینا سیکھ لیا ہے.. آپ انہیں حق اور باطل کا درس نہ دیں تو بہتر ہوگا. فیس بک پر لکهنے میں کیا جاتا ہے نہ کوئی ایڈیٹر اور نہ نگرانی کرنے والا عملہ جو جی میں آئے آپ لکھ دیں بغیر سوچے کہ اس کی تاثیر کیا ہوگی ؟

کبهی کسی گاؤں میں فرقہ وارانہ فساد ہوتا ہے تو آس پاس کے کتنے گاؤں میں لوگ سہم کر گھروں میں بند ہوجاتے ہیں… لکهنے کا جوش کبهی تعمیری کام کے لیے استعمال میں لانے کے لئے محفوظ رکهیں

 

جو لوگ محفوظ مقامات پر سکونت پذیر ہیں اور جو لوگ بیرون ملک بالخصوص عرب ممالک میں قیام پذیر ہیں ان میں سے بعض لوگ اشتعال انگیز پوسٹ کرتے ہیں لیکن جہاں وہ مقیم ہیں وہاں کے حالات پر لکھنے کی جرأت نہیں کرتے اور کرنا بھی نہیں چاہیۓ مبادا نہ صرف نوکری سے ہاتھ دھونا پڑے گا بلکہ وہ ملک بدر کر دیۓ جائیں گے۔

 

تعلیم صحت روزگار مثبت سیاست اور ملک کی ترقی میں حصہ داری بهیک نہیں بھاگی داری پر ارتکاز ہو. اگر ناموافق حالات سامنے آئیں تو اور بھی ایگریسیو ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے.

کچھ اور بڑھ گئی تجهے پانے کی آرزو

دنیا جب سے بیچ میں دیوار بن گئی.

 

سیاہ رات کے سینے کو چیرتے ہوئے آگے کا سفر جاری رکهنا الکیمسٹ ( اردو ترجمہ چرواہا) سے ہمیں سیکهنا ہوگا. غیر ہموار کھیتوں اور چٹیل میدانوں کو دیکھ کر ہمت ہارنے کی بجائے اپنے لئے پگڈنڈی بنانا ہوگا.

ٹرول کرنے والے یا تو بھکت ہوتے ہیں یا وہ لوگ ہوتے ہیں جنہیں اس کی اجرت ملتی ہے ۔ اور کچھ نہیں تو اپنی پارٹی کو سرخ رو بنانے کے لئے فیک خبریں اور ویڈیو کلپس پوسٹ یا شیئر کرتے ہیں۔۔۔۔ مگر آپ ۔۔۔ بیگانی کی شادی میں عبداللہ دیوانہ۔۔۔ !

پچھلے سات سالوں سے شمالی ہند میں اپوزیشن لیڈران بل میں گھسے ہیں۔ مہنگائی ہو، کرپشن ہو، لاء اینڈ آرڈر فیل ہونے کا معاملہ ہو، حکومت کی بدتر کارکردگی ہو ، موب لنچنگ ہو، ریب اور دیگر جرائم کے سنگین واقعات ہوں ، کیا آپ نے مایاوتی، اکھیلیش یادو، تیجسوی یادو وغیرہ کو سڑک پر اترتے دیکھا ؟

ایسا لگتا ہے تمام اپوزیشن لیڈران بشمول کانگریس نے بی جے پی کو واک اوور دے دیا ہے ! ایسا کیوں ہے ؟ کیا ٢٠١٤ میں کوئی معاہدہ ہوا تھا یا پھر یہ کہ عوام کو پسنے کے لئے چھوڑ دو تنگ آکر وہ خود بی جے پی سے متنفر ہو جائے گی اور واپس ہمیں بلاۓ گی ! اگر ایسا ہے تو اس سے زیادہ گھٹیا سوچ اور سیاست نہیں ہو سکتی !

Comments are closed.