مقالات فیضان قاسمی عمدہ ومختصر تحریروں کا دلکش نمونہ

بقلم: اسعداللہ بن سہیل احمد اعظمی قاسمی
فاضل دارالعلوم وقف دیوبند
مدارس اسلامیہ میں طلبائے عظام کی تقریری وتحریری صلاحیت کو پروان چڑھانے لئے انجمنیں قائم ہیں، جہاں پر محنتی وجفاکش طلبہ اپنی شب وروز محنت پیہم وجہد مسلسل سے خطابت وصحافت میں وہ مہارت پیدا کرلیتے ہیں جو ان کے لئے انتہائی ناگزیر ہوتی ہے۔ چونکہ یہی دو چیزیں ہیں جس کے ذریعے ہم اللہ کے احکامات اور نبی ﷺ کے پیغامات کو لوگوں تک بآسانی پہونچاسکتے ہیں۔
دارالعلوم وقف دیوبند کی قدیم انجمنوں میں سے فعال اور متحرک انجمن طلبہ ضلع چمپارن بہار کی ’’فیضان قاسمی ‘‘بھی ہے جس کے روز اول سے منسلکین بزم تقریری وتحریری سرگرمیوں مصروف بہ عمل ہیں۔ ہر انجمن کے تحت ماہنامہ دیواری پرچہ نکلتاہے جس میں طلبہ سیرت واحادیث، نت نئے مسائل، ماضی کی تاریخ وواقعات، حالات حاضرہ کے فتنوں کی سرکوبی وغیرہ پر خوب قلمکاری کرتے ہیں۔ بزم فیضان قاسمی کے تحت جاری ہونے والا دیواری پرچہ’’ الریاض ‘‘اسی سلسلہ کی ایک حسین کڑی ہے۔ جس میں طلبہ خوب بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اپنی خوابیدہ صلاحیت وقابلیت کو اجاگر کرتے ہیں اور خوب داد طلب کام کرتے ہیں۔گزشتہ دو سال کے بکھرے ہوئے مضامین کو یکجا کرکے بزم ہذا کےاراکین پی۔ڈی۔ایف۔ کی شکل میں منظر عام پر لانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ کتاب 142/مقالات کے ساتھ 275/صفحات پر مشتمل ہے۔ ساتھ ہی یہ مجموعہ مقالات اکابر علمائے کرام کےتأثرات سے مزین بھی ہے۔چند مضامین پڑھنے کے بعد احقر کا اندازہ ہواکہ جمع کردہ مضامین اختصار اور جامعیت کے لحاظ سے بہت بہترین ہیں۔ جس میں کتاب وسنت کے مباحث ہیں اور تاریخ کے واقعات بھی۔ اور حالات حاضرہ پر ذہن کشا بات بھی۔اللہ رب العزت اس کو شرف قبولیت بخشے اور طالبان علوم نبویہ کے لئے کار آمد بنائے۔آمین
Comments are closed.