فتاوی دار العلوم وقف دیوبند

محمد قاسم اوجھاری
بہت مدت سے انتظار تھا کہ دار العلوم وقف دیوبند کے فتاوی چھپ کر منظر عام پر آئیں تاکہ ان سے استفادہ عام ہو، الحمد للہ اب یہ انتظار ختم ہوا اور دار العلوم وقف دیوبند کے فتاوی کتابی شکل میں تیار ہوکر منظر عام پر آنا شروع ہوگئے ہیں، کئی جلدیں شائع ہوچکی ہیں، اور پندرہ جلدوں میں لانے کا منصوبہ ہے، لیکن اٹھارہ سے بیس جلدوں میں تکمیل تک پہنچ سکتا ہے، روز مرہ کے پیش آمدہ مسائل پر مشتمل یہ ایک قیمتی ذخیرہ ہے، اور فقہ و فتاوی کے باب میں ایک عمدہ اضافہ ہے، شروع میں ایک تفصیلی علمی مقدمہ ہے، جو محبوب علمی شخصیت حضرت مولانا محمد سفیان صاحب قاسمی دامت برکاتہم کے قلم سے لکھا گیا ہے، یہ مقدمہ بہت سارے پہلوؤں کا احاطہ کرتا ہے اور مستقل کتابچہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ فتاوی کی خوبی یہ ہے کہ تکرار سے مکمل اجتناب کیا گیا ہے، عنوانات لگائے گئے ہیں، مسئلہ نمبر لکھا گیا ہے، اور حاشیے میں ہر مسئلہ کا قرآن و حدیث اور معتبر فقہی کتابوں سے حوالہ دیا گیا ہے، حوالہ دیتے وقت نئے اسلوب کو ترجیح دی گئی ہے، یعنی پہلے مصنف کا نام، پھر کتاب کا نام اور پھر باب اور فصل وغیرہ، ترتیب انتہائی آسان اور جامع ہے، ہر شخص بآسانی استفادہ کر سکتا ہے، باب قائم کر کے اس کو چند فصلوں میں منقسم کیا گیا ہے۔ اس موقع پر لجنہ ترتیب الفتاوی اور حجة الاسلام اکیڈمی مبارک بادی کے مستحق ہیں، دعا ہے کہ اللہ رب العالمین اس مجموعے کو امت کی رہنمائی کا ذریعہ بنائے، جن مفتیان کرام نے یہ فتاویٰ لکھے ہیں اور جن کی محنتوں اور کوششوں سے یہ کتابی شکل میں منظر عام پر آرہے ہیں ان سب کو خوب بہتر بدلہ عطا فرمائے۔
Comments are closed.