"خوش آمدید نومبر….!” 

از قلم مہوش عنایت

(ہارون آباد)

 

 

"نومبر” لفظ کا ارتقاء لاطینی زبان کے لفظ Novem سے ہوا جس کے معنی نواں ہیں. قدیم رومن کلینڈر میں سال کا آغاز مارچ میں ہوتا جس سے نومبر کا نمبر نواں بنتا تھا. 153 قبل مسیح میں جب رومن سینیٹ نے اپنا کیلنڈر تبدیل کیا اور سال کا آغاز ماہِ جنوری سے کیا جانے لگا تب نومبر کو گیارہواں نمبر ملا. موجودہ انگریزی کیلنڈر میں بھی نومبر سال کا گیارہواں مہینہ ہے. ایک اور روایت کے مطابق قدیم رومن کلینڈر میں ایک سال دس مہینوں پر مشتمل ہوا کرتا تھا اس طرح سے نومبرنویں نمبر پہ آتا تھا. یہ مہینہ 30 دن کے دورانیہ پر مشتمل ہے.

نومبر موسمِ خزاں کے آخری دنوں والا ایک مہینہ ہے. نومبر میں دن مختصر اور راتیں طویل ہونا شروع ہو جاتی ہیں. نومبر کی شامیں اداس اور صبحیں روشن اور چمکدار ہوتی ہیں. ماہِ نومبر کی آمد تبدیلیوں کا پیغام لے کر آتی ہے، اس مہینے کے آغاز کے ساتھ ہی آب و ہوا تبدیل ہونے لگتی ہے. نومبر کاطلوع ہوتا پہلا سورج سرما کے آغاز کی نوید لیے آتا ہے. موسم کی مناسبت سے لباس کے انتخاب میں تبدیلی اورخوراک اور مزاج میں از خود تبدیلیاں رونما ہونے لگتی ہیں. الغرض نومبر ہمارے لئے بہت سی تبدیلیوں کی خبر لاتا ہے. اور جب ہمیں تبدیلی کا سامنا کرنا پڑتا ہے توہم اپنی زندگی کے لئے اہم سبق منتخب کرتے ہیں اور زندگی کے ساتھ مطابقت پیدا کرنا سیکھتے ہیں.

 

رنگوں کے حوالے سے نومبر کی علامت پیلا رنگ ہے. پیلا رنگ خوشی، امید اور توانائی کو ظاہر کرتا ہے. نومبر کا علامتی پتھر پکھراج (Topaz) ہے. جو دوستی کی علامت ہے. آسٹرولوجی کے حوالے سے ماہ نومبر میں پیدا ہونے والے لوگوں میں دو قسم کے برج ہو سکتے ہیں، عقرب اور قوس ہیں. ماہ نومبر میں پیدا ہونے والے لوگوں کی عمومی خصوصیات تخلیقیت، وجاہت ، محنت کشی اور وفاداری ہوتی ہیں.

 

نومبر کے حوالے سے عالمی اور علاقائی دنوں کی فہرست بھی طویل ہے. ذیل میں چند ملکی اور بین الاقوامی سطح پر منائے جانے والے دنوں کامختصر ذکر ہے.

1) یکم نومبر کو world vegan day یعنی سبزی خوروں کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے. اس دن کا مقصد بنیادی طور پر خوراک میں سبزیوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے.

2) پانچ نومبر کو world Tsunami day منایا جات ہے جس کا مقصد سونامی طوفان کے خطرات کو اجاگر کرنا اور قدرتی خطرات کی وجہ سے ہونے والے نقصان کو کم سے کم کرنے کے لئے ابتدائی انتباہی نظام کی اہمیت پر توجہ مرکوز کرنا ہے.

3)سات نومبر کو National Cancer Awareness Day کینسر کے بارے میں آگاہی پھیلانے اور اسے صحت کی عالمی ترجیح بنانے کے لئے منایا جاتا ہے۔ 2014ء میں کینسر سے آگاہی کے قومی دن کا آغاز سابق مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن کے اعلان سے کیا گیا.

4)ہمارے قومی شاعر اور شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کا یومِ پیدائش 9 نومبر 1877 ہے. علامہ اقبال ایک صوفی شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ مصورِ پاکستان بھی ہیں. تحریکِ پاکستان میں علامہ اقبال کی کاوشیں یادگار ہیں. لہذا 9 نومبر کو پاکستان میں اقبال ڈے منایا جاتا ہے.

معاشرے میں سائنس کے اہم کردار اور ابھرتے ہوئے سائنسی مسائل پر وسیع تر عوام کو مباحثوں میں مصروف کرنے کی ضرورت کو اجاگر کرنے کے لئے 10 نومبر کو World Science Day for Peace and Development منایا جاتا ہے.

5) نمونیا سے بچاؤ کے بارے میں شعور بیدار کرنے کے لیے 12 نومبر کو نمونیا کا عالمی دن World Pneumonia Day منایا جاتا ہے۔ یہ دنیا کی معروف متعدی بیماری ہے جس کی وجہ سے 5 سال سے کم عمر کے بچے بہت زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

6) 13 نومبر کو World Kindness Day منایا جاتا ہے یہ دن ہمیں اہم ترین اور منفرد انسانی اصولوں میں سے ایک کی عکاسی اور پیروی کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ دن رحمدلی کے چھوٹے چھوٹے کاموں کو فروغ دینے اور لوگوں کو باہم مل جل کر رہنے کی تدریس دینے کے لیے منایا جاتا ہے.

7) رواداری کا عالمی دن 16 نومبر کو ثقافتوں اور لوگوں میں باہمی افہام و تفہیم کی حوصلہ افزائی کرکے رواداری کو مضبوط بنانے کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے مشاہدہ کیا جاتا ہے ۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 1966 ء میں قرارداد کے اعتبار سے 51/95 ء میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک کو World Tolerance Day کا مشاہدہ کرنے کی دعوت دی۔

8)مردوں کا عالمی دن 19 نومبر کو منایا جاتا ہے۔ مردوں کے عالمی دن 2020 کا موضوع "مردوں اور لڑکوں کی بہتر صحت” تھا۔ اس دن مردوں کو عالمی سطح پر درپیش مسائل پر روشنی ڈالی گئی.

9) عالمی یوم اطفال دنیا بھر میں بچوں میں آگاہی، اور بچوں کی فلاح و بہبود میں بہتری کے لئے سالانہ 20 نومبر کو منایا جاتا ہے۔ اس کا آغاز 1954 ء میں ہوا۔

Comments are closed.