اُتر پردیش میں بھاجپا کی جیت کے کچھ عوامل

شیخ سلیم
سابق صدر مہاراشٹر،ویلفئیر پارٹی آف انڈیا
اُتر پردیش انتخابات ختم ہوتے ہی ایگزٹ پول آنا شروع ھو گئے تھے اور تقریباً سبھی چینل اُتر پردیش میں بھاجپا اور پنجاب میں عاپ کی کامیابی کی پیشین گوئی کر رہے تھے۔یہ کافی حیران کن تھے، آخر کسانوں کے اتنے بڑے پیمانے پر احتجاجات،کووڈ سے ہونے والی اموات ،آکسیجن کی کمی سے ہونے والی اموات، گنگا کے کنارے بہنے والی لاشیں، بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری، پھر آخر میں روس یوکرین جنگ کی وجہ سے وہاں پھنس جانے والے ہمارے بیس ہزار کے قریب طلباء اور طالبات، ایسا لگ رہا تھا شاید ووٹرز ناراض ہو کر بھاجپا کو شکست دے دینگے۔ کانگرس کی مہم جس میں پرینکا گاندھی پیش پیش تھیں ،سماج وادی پارٹی کی مہم جس میں اکھلیش یادو نے مسلمانوں کو اپنے سے دور رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی تاکہ اکثریتی فرقہ ناراض نہ ہو جائے، مجلس اتحاد المسلمین کی مہم، ہیلی کاپٹر سے ہر جگہ پہونچنے اور بڑی زوردار تقریریں کر کے حیدرآباد ماڈیول اُتر پردیش میں ایکسپورٹ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔مگر الٹی ہو گئیں سب تدبیریں کچھ نہ دوا نے کام کیا۔ بھاجپا آخری اطلاعات آنے تک 403 سیٹوں والی اسمبلی میں 263 سیٹیں حاصل کر رہی ہے، اُسے قریب 60 سیٹوں کا نقصان ہو رہا ہے۔سماجوادی پارٹی 135 سیٹیں حاصل کر کے اسے 85 سیٹوں کا فائدہ ہو رہا ہے، وہیں بیچاری دیمک زدہ کانگریس صرف دو سیٹوں پر سمٹ چکی ہے ۔ سب سے زیادہ نقصان بہوجن سماج پارٹی کو ہوا جسکو 18 سیٹوں کا نقصان ہوا۔ ایک زمانے میں اُتر پردیش پر حکومت کرنے والی پارٹی شاید ایک یا دو سیٹوں پر سمٹ جائے۔ ایسا لگ رہا ہے اُتر پردیش کا پورا دلت ووٹ بھاجپا کی طرف شفٹ ہو چکا ہے۔ اُسے وہاں اقتدار میں برابری کی بنیاد پر کافی حد تک حصہ داری مل چکی ہے اسلئے وہ بہوجن سماج پارٹی سے دور چلا گیا ہے۔
5 مارچ کو انڈین ایکسپریس میں شیام لال یادو کا ایک مضمون شائع ہوا تھا جس میں انہوں نے اُتر پردیش میں 1991کے بعد ہونے والی اہم تبدیلیوں کا ذکر کیا ہے۔1960 کے بعد سے کچھ طبقات کو او بی سی قرار دیا گیا ہے۔ بھاجپا نے 1992 کے بعد یادو طبقے کو چھوڑ کر باقی سبھی او بی سی سماج سے رابطہ قائم کیا اور اُنہیں بڑی حد تک اپنے میں سمو لینے میں کامیاب ہو گئے۔ اور اسطرح انہوں نے یادو اور مسلم اتحاد کا توڑ نکال لیا۔ حالانکہ کئی او بی سی لیڈر بھاجپا کو چھوڑ کر سماج وادی پارٹی میں شامل بھی ہوئے مگر ایسا لگ رہا ہے اُنکے ووٹرز سماج وادی میں شامل نہیں ہوئے۔
نیشنل کمیشن آف بیک ورڈ کلاسسز نے 76 کاسٹ کو بطور او بی سی تسلیم کیا ہے۔ 1980 کی منڈل کمیشن کی رپورٹ جسے 1994 میں نافذ کیا گیا کے مطابق بھارت میں او بی سی کی آبادی 52ہے۔ وہیں اُتر پردیش میں ایک کمیٹی جس کا نام سوشل جسٹس کمیٹی تھا جسے 2001 میں اس وقت کے وزیرِ اعلیٰ راج ناتھ سنگھ نے بنایا تھا اسکے مطابق او بی سی کی آبادی 43ہے
رپورٹ کے مطابق یادو 19 فیصد کرمی قریب 8 فیصد کچی کشوا شکیا موریا سینی ملی 7 فیصد لودھ 5 فیصد جاٹ 3 فیصد سے کچھ زیادہ کیوات نشاد 4 فیصد پال بغال 4 فیصد سے زیادہ کہار کشياب 3 فیصد اور راج بھر ڈھائی فیصد۔
چودھری چرن سنگھ سے ملائم سنگھ تک اور بیچ میں وی پی سنگھ ، سبھی کو جیت دلانے والے او بی سی ہی رہے۔1990 میں لال قلعہ سے وی پی سنگھ نے یادگار تقریر میں منڈل کمیشن کی رپورٹ نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے توڑ کے طور پر اڈوانی کا بد نام زمانہ رتھ یاترا نکلا جس میں دس ہزار بےگناہ مارے گئے۔اور اس طرح بھاجپا نے منڈل کا توڑ تلاش کر لیا۔کلیان سنگھ اور راج ناتھ سنگھ نے بہت سارے او بی سی سماج کے لوگوں کو بھاجپا سے جوڑ دیا جس میں جاٹ سماج بہت اہم ہے۔
2014 میں بھاجپا کی جیت کے بعد یہ سلسلہ مزید مضبوط ہوتا چلا گیا ہے۔ بھاجپا کو فتح دلانے والے برہمن ٹھاکر اور بنیا سب ملکر اُتر پردیش میں تیس فیصد سے زیادہ ہوجاتے ہیں ،اسمیں اگر او بی سی کا ووٹ اگر شامل ھو جائے تو بھاجپا کی جیت آسان ہو جاتی ہے کیوں کہ باقی دوسرے فیکٹر جیسے پیسے کی طاقت ،کارپوریٹ سیکٹر کا ساتھ، میڈیا کا بھر پور تعاون یہ سب ملکر بھاجپا کو جیتنے میں مدد کرتے ہیں، اسکے علاوہ اب بھی بھاجپا تنظیمی سطح پر مضبوط ہے،گاؤں دیہات اور ہر گلی محلے میں اُنکے آفس موجود ہیں۔
جہاں تک حزب اختلاف کی جماعتوں کا تعلق ہے اگر وہ سماج کے سبھی طبقات تک پہونچنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو وہ بھی کسی حد تک کامیاب ہو سکتے ہیں۔اُتر پردیش میں آنے والے وقت میں مسلمانوں کے لیے کئی چیلنجز پیش آ سکتے ہیں ،اگر انہوں نے سیاسی اتحاد اور دور اندیشی کا ثبوت نہیں دیا تو مشکلات پیش آ سکتی ہیں ،اگر سیکولر پارٹیاں اُنہیں اپنے اسٹیج پر بیٹھانا نہیں چاہتی جیسا کہ کانگریس اور سماج وادی پارٹی نے کیا تو مسلم ووٹر اب کوئی زیادہ خوف زدہ نظر نہیں آتا وہ چھوٹی مسلم نام والی پارٹیوں کے ساتھ تجربہ کر سکتا ہے ،رسک لے سکتا ہے۔ کیوں کہ اب یہ صاف ظاہر ہے، بھلے دینی جماعتیں اور ادارے فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دینے اور سیکولر پارٹیوں کو ووٹ دینے کی اپیل کریں ،مسلم ووٹر اپنے حساب سے ووٹ کرتا ہے اور اپنی مضبوط لیڈر شپ کی خواہش رکھتا ہے ،کیوں کہ چاہے ممتا بنرجی ہو، لالو پرساد یادو ہو، اکھلیش یادو ہویا کیجری وال ، سبھی نے دھوکہ دیا ہے اور مایوس کیا ہے۔

Comments are closed.