ترکی اپنی شناخت بحال کر رہا ہے
توصیف احمد
ترکی نے اپنا نام رسمی طور پر Turkey (تلفظ: ٹَرْکِی)سے بدل کر Türkiye (تلفظ: تُرْکِیے) کر لیا، سرکاری اور بین الاقوامی سطح پر اب ترکی کو انگلش میں بھی Türkiye لکھا جائے گا، ترکی وزیر خارجہ مولود چاووش اوغلو نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو غطریس کو خط لکھا، جو کل بروز بدھ موصول ہوا، جس میں یہ درخواست کی گئی تھی کہ تمام امور میں ترکی کو "Türkiye” لکھا جائے، اقوام متحدہ کے ترجمان کے مطابق انقرہ کی عرضی موصول ہوتے ہی قبول کرلی گئی تھی، اور اسی لمحے اطلاق عمل میں آگیا تھا۔
ترکی نے نئی تبدیلیوں کے ضمن میں اپنا آفیشل نام بھی درست کیا ہے، حالاں کہ Türkiye ترکی زبان میں لکھا جاتا رہا ہے، جب کہ انگلش میں Turkey لکھا جاتا تھا، ترکی نے اپنی شناخت اور ترک قوم کی شناخت نمایاں کرنے کے ضمن میں بین الاقوامی سطح پہ اس تبدیلی کو ضروری سمجھا، طیب اردگان نے دسمبر میں اپنے ایک بیان میں ترک قوم، اور تمام ذیلی اداروں اور کمپنیوں سے مطالبہ کیا تھا وہ Turkey کے بجائے Türkiye استعمال کریں، مثلا "Made in Turkey” کے بجائے، "Made in Türkiye” لکھیں، مزید کہا تھا یہ نام ترک قوم، ترک تہذیب وثقافت کا عکاس ہے، کہا جاتا ہے تُرْکِیے عثمانی ترکی کے قریب ہے، اور آج بھی عربی میں ”تُرْکِیا“ لکھا جاتا ہے، جو کہ کافی قریب اور مماثل ہیں۔
اس کے علاوہ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ Turkey ٹَرْکِی ایک پرندے کو کہا جاتا ہے، جس کو عربی میں دجاج رومي اور فارسی میں بوقلمون کہتے ہیں، وہی بوقلمون جو عجیب اور حیرت انگیز کے معنی میں اردو میں بھی استعمال ہوتا ہے، اقبال نے کہا ہے:
مجھ کو بھی نظر آتی ہے یہ بوقلمونی
وہ چاند، یہ تارا ہے، وہ پتھر، یہ نگیں ہے
Comments are closed.