بہار میں اقتدار کی تبدیلی مثبت عمل،دیگر اپوزیشن جماعتوں کوبھی حوصلہ ملے گا: ملی کونسل

نئی دہلی (پریس ریلیز)
بہار میں اقتدار کی تبدیلی ایک مثبت پہل ہے جس کا اپوزیشن جماعتوں کو فائدہ اٹھانا چاہیے اور اس سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے ابھی سے سال 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کی تیاری شروع کردینی چاہیے اور ایک مناسب حکمت عملی پر کام ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظو رعالم نے کیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ نتیش کمار کا فیصلہ بروقت اور بہار سمیت پورے ملک کے حق میں ہے۔ اس فیصلہ سے ملک کے عوام اور دیگر پارٹیوں کو بھی حوصلہ ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ نتیش کمار ذاتی طور پر شروع سے ایک سماجوادی لیڈر اور سیکولر اقدار کے حامل ہیں اور انہوں نے جمہوری تقاضوں پر عمل کرنے کی کوشش کی ہے۔ بھید بھاؤ اور نفرت کی سیاست میں کبھی دلچسپی نہیں دکھائی بلکہ اس کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی۔ ڈاکٹر منظور عالم نے آر جے ڈی کے فیصلہ کی بھی ستائش کی او رکہاکہ آر جے ڈی کے لیڈر تیجسوی یادو نے اختلافات کو فراموش کرکے نتیش کمار کے ساتھ ہاتھ ملاکر صحیح فیصلہ کیاہے۔ یہ بہار کے حق میں ہے۔ انہوں نے نتیش کمار کو آٹھویں باروزیر اعلی اور تیجسوی یاد و کو دوسری مرتبہ نائب وزیر اعلی بننے پر مبارکباد پیش کی اور کہاکہ امید ہے کہ یہ دونوں جمہوری تقاضوں پر عمل کرتے ہوئے حکومت کریں گے اور سبھی کو ساتھ لیکر چلیں گے۔
Comments are closed.