’ہر گھر ترنگا‘ مہم کو کامیاب بنانے میں ہرفرد تعاون کرے

جامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید نے کی پی ایم کے مشن کی ستائش
دیوبند،10؍اگست(سمیر چودھری؍بی این ایس)
وطن عزیز کی آزادی کے 75سال مکمل ہونے پر وزیر اعظم نریندر مودی کی خواہش اور حکم کی تکمیل میں ’’آزادی کا امرت مہوتسو‘‘ عنوان کے تحت پورے ملک میں عظیم الشان 75واں یوم آزادی منانے کی تیاریا ں زور وشور سے چل رہی ہیں۔ اس موقع پر ہندوستان کے ہر گھر پر ترنگا پرچم لہرایا جائے گا۔ اسی ضمن میں دیوبند کے معروف میڈیکل کالج جامعہ طبیہ کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن پرستی اور حب الوطنی کی مشعل روشن کرنے کے لئے یہ عظیم الشان اور باوقار پروگرام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 75واں یوم آزادی منانے کے لئے پورے ملک میں زبردست جوش وخروش دیکھا جارہا ہے اور ’’ہر گھر ترنگا‘‘ پروگرام کو صد فیصد کامیاب بنانے کے لئے 135کروڑ لوگ حب الوطنی کے سچے جذبے کے ساتھ تیاریاں کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم میں سے ہر فرد ایک نئے عزم ، نئی توانائی اور نئی طاقت کے ساتھ جدوجہد کریں تو ہم اپنی آزادی کے 75ویں سال میں اپنی مشترکہ طاقت سے ملک کی تصویر بدل سکتے ہیں ، یہ ایک جدید ہندوستان ہوگا ، ایک محفوظ خوش حال اور مضبوط ملک ، ہم ایک ایسا جدید ہندوستا ن تیار کرینگے جہاں سب کے لئے یکساں مواقع موجود ہوں۔ جہاں پوری دنیا میں ملک کی سربلندی میں جدید سائنس اور ٹیکنالوجی اہم کردار ادا کرے۔ ڈاکٹر انور سعید نے کہا کہ وزیر اعظم ہند کی قیادت میں پورا ملک اور صوبائی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے اترپردیش کے عوام کے تعاون سے ہر گھر ترنگا پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے ہر سطح سے تعاون مل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حب الوطنی کا یہ جذبہ قابل ستائش اور قابل تقلید ہے۔ ڈاکٹر انور سعیدنے بتایا کہ جامعہ طبیہ دیوبند اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے تیاریوں میں مصروف ہے اور اس سلسلہ میں عوامی رابطہ کا سہارا لے کر پروگرام کو گھر گھر متعارف کرانے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کا ادارہ، اسٹاف اور طلبہ وطالبات 15اگست یوم آزادی پر اس پروگرام کو عظیم ترین طریقہ سے بنانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ ڈاکٹر انور سعید نے دیوبند اور آس پاس کے تمام علاقوں کے باشندوں سے اپیل کی ہے کہ ہر شخص ضروری طور سے اپنے گھر پر ترنگا پرچم لہرائے ۔

Comments are closed.