دیوبند سے شروع ہوئی کانگریس کی ’گورو یاترا‘

مہنگائی کے خلاف کیاعوام کو بیدار،بی جے پی حکومت پر وعدہ خلافی کا الزام
دیوبند،10؍اگست(سمیر چودھری؍بی این ایس)
کانگریس پارٹی کی مرکزی قیادت کی اپیل پر کانگریس لیڈران نے دیوبند اسمبلی حلقہ سے آزادی کی گورو یاترا کا آغاز کیا۔اس دوران لیڈران نے عوام کو روز بروز مہنگائی میں اضافہ کو لیکر بیدار کیا ۔تفصیل کے مطابق گزشتہ روز دیوبند کے محلہ سفید مسجد میں واقع کانگریس کے شہر دفتر سے شروع ہوئی اس یاترا کا آغاز کانگریس پارٹی کے ضلع صدر مظفر علی نے کیا ۔اس دوران انہوں نے کہا کہ اس یاترا کا مقصد ملک کی عوام میں آزادی کے لئے اپنے جانوں کی قربانی دینے والوں کے تئیں ہمدردی ظاہر کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس طریقہ سے آپسی پیار ومحبت کے ساتھ انگریزوں سے لڑ کر ملک کو آزاد کرایا تھا اسی پیار ومحبت کو قائم کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس یاترا کے دوران ملک میں بڑھتی مہنگائی کے تئیں لوگوں کو بیدار کرنا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سبھی اسمبلی حلقوں میں مذکورہ یاترا نکالی جائے گی۔مظفر علی نے کہا کہ آج بی جے پی حکومت کی پالیسیاں عوام کی فکر سے کوسوں دور ہوچکی ہیں۔ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام مہنگائی کی آگ میں جھلس رہی ہے اور ملک کے نوجوانوں کا مستقبل بے روز گاری کے اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے جبکہ کے بڑے صنعتی گھرانوں کے لئے اچھے دن آچکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کا ملک کی عوام سے وعدہ ہے کہ کانگریس مرکزی حکومت کی ان پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی اور ملک کو مہنگائی اور بے روز گاری کی لعنت سے نجات دلانے کے لئے تحریک چلاتی رہے گی ۔کانگریس کے منڈل انچارج ڈاکٹر سنجیو شرما نے ملک کی آزادی میں شہید ہونے والوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ جن لوگوں نے ملک کی آزادی کے لئے قربانیاں دی ہیں وہ سبھی مہاتما گاندھی کی قیادت میں کانگریس کے جھنڈے کے نیچے کھڑے تھے۔آزادی کے بعد کانگریس کی سبھی حکومتوں نے ان کے اس خواب کو پورا کرنے کے لئے کام کیا اور مضبوط جمہوریت قائم کی۔کانگریس کے شہر صدر تنظیم صدیقی اور دیوبند اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے امید وار رہے راحت خلیل نے کہا کہ بی جے پی ملک کو توڑنے میں لگی ہوئی ہے جبکہ کانگریس ملک کو سب کو ساتھ لیکر چلنے کا کام کررہی ہے ۔کانگریس کے سابق ضلع صدر مہربان عالم اور اجے تیاگی نے کہا کہ یاترا پورے ہندوستان میں شروع کی گئی ہے اسی یاترا کا مقصد عوام کو حکومت کی غلط پالیسیوں سے رو برو کرانا ہے ۔موجودہ حکومت غریبوں کو بھوکا مرنے پر مجبور کررہی ہے ۔یہ یاترا یہاں سے شروع ہوکر بھائیلہ چوک ،ایم بی ٹی چوک،جامعہ مسجد جی ٹی روڑ ہوتے ہوئے ساکھن کلاں پہنچی اور وہاں پر گاؤں کے باشندو ں سے کانگریس کی پالیسیوں سے آگاہ کیا ۔اس موقع پرشہزاد عثمانی،یوسف خلیل،نبیل مسعودی،عبد الرحمن،محمد وسیم،ہریندر کشیپ،اجے تیاگی،عبد القادر تیاگی،منیش تیاگی،دشینت راناوغیرہ موجود رہے۔
Comments are closed.