شہر کے تعلیمی اداروں میں نہایت جوش و خروش کے ساتھ لہرایاگیا قومی پرچم

نسل نو کو اپنے اسلاف کی قربانیوں کی مکمل معلومات ہونی چاہئے :سہیل صدیقی
دیوبند،16؍ اگست(سمیر چودھری؍بی این ایس)
دیوبند کے تمام عصری تعلیمی اداروں میں جشن آزادی کی تقریب جوش وخروش کے ساتھ منائی گئی ۔ اس مرتبہ لوگوں میں بھرپور جوش دیکھا گیا ۔ مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کے زیر انتظام چلنے والے تعلیمی اداروں مدنی ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ اور پبلک گرلز انٹر کالج میں جشن آزادی تقریبات میں منیجر سہیل صدیقی اور سکریٹری محمد انس صدیقی نے قومی ترنگا لہرایا ۔بعد ازاں طلبہ وطالبات نے قومی گیت اور سارے جہاں سے اچھا ترانہ پیش کیا ۔پرچم کشائی کے بعد ادارہ کے منیجر سہیل صدیقی نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے تمام ادارے تعلیمی میدان میں بہترین کارنامے انجام دے رہے ہیں جوکامیابی اور ترقی کا واحد راستہ ہے ۔انہوں نے جنگ آزادی کے مجاہدین وشہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نسل نو کو اپنے اسلاف کی قربانیوں کے بارے میں مکمل معلومات ہونی چاہئے۔ادارہ کے پرنسپل صبا حسیب صدیقی،صفیہ گوھر نے 75ویں یوم آزادی کی مبارکباد دی۔ان کے علاوہ شبانہ ذکی،زینب سنبل،اسرا خاں،شاکرہ،منتشا اور دیگر ٹیچرز نے بھی جنگ آزادی اور جشن آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔پروگرام کے دوران طالبات نے بہترین ثقافتی پروگرام پیش کئے۔ دیوبند یونانی میڈیکل کالج اسپتال اور ریسرچ سینٹر میں بھی یوم آزادی جوش وخروش کے ساتھ منائی گئی ۔ پرچم کشائی ادارہ کے منیجر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزماں قریشی نے کی۔ اس موقع پر سبھی مہمانوں کو اعزاز سے نوازا گیا ،کالج کی طلبہ وطالبات نے ثقافتی پروگرام پیش کئے ۔وہیں دوسری جانب دیوبند کے معروف وقدیم عصری تعلیم کے ادارہ اسلامیہ انٹر کالج میںبھی صبح9؍بجے ادارہ کے صدر پیر جی خالد حسن ومنیجر رضوان الحق ایڈوکیٹ کے بدست رسم پرچم کشائی عمل میں آئی ۔بعد ازاں قومی ترانہ پیش کیا گیا اس کے بعد ادارہ کے طلبہ وطالبات نے بہترین ثقافتی پروگرام پیش کئے۔رضوان الحق ایڈوکیٹ اور ادارہ کے پرنسپل ارشد زماں نے طلبہ وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے جنگ آزادی کی تاریخی اہمیت بیان کی۔ گلوبل نالج پارک اور اسپرنگ ڈیل پبلک اسکول میں پرچم کشائی اسکول کے چیئرمین سعد صدیقی اور کو چیئرمین احمد صدیقی کے ہاتھوں عمل میں آئی ۔ اس موقع پر سعد صدیقی نے کہا کہ ہمیں اپنے اکابرین کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہئے اور اپنی نئی نسل کو بھی تاریخ کے بارے میں بتانا بہت ضروری ہے۔ نواز گرلز پبلک اسکول میں جشن آزادی کی شاندار تقریب کا انعقاد کیاگیا ، پرچم کشائی ادارے کے بانی ڈاکٹر نواز دیوبندی نے کی ۔اسلامیہ ڈگری کالج میں کالج منیجر ڈاکٹر عظیم الحق نے پرچم کشائی کی ،اس دوران طلبہ وطالبات نے شاندار ثقافتی پروگرام پیش کئے۔ اس کے علاوہ ایس ڈی ایم دفتر، کوتوالی،نگر پالیکا، تحصیل احاطہ،سرکاری اسپتال سمیت جملہ سرکاری و غیر سرکاری دفاتر میں بھی قومی پرچم لہرایاگیا۔

Comments are closed.