مظفرنگر مہاپنچایت میں اٹھائے جائینگے کسانوں کے مسائل

دیوبند،18؍اگست(سمیر چودھری؍بی این ایس)
بھارتیہ کسان یونین تومر گروپ کے قومی صدر سنجیو تومر نے کہا کہ کسانوں کا استحصال کسی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ 22؍ اگست کو مظفرنگر میں ضلع مجسٹریٹ دفتر پر ایک مہا پنچایت کی جائے گی جس میں کسانوں کے استحصال سمیت دیگر مسائل کو پرزور طریقہ سے اٹھایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار سنجیو تومر نے کھیڑا مغل میں واقع پون تیاگی کی رہائش گاہ پر منعقد کسانوں کی میٹنگ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے ، کسانوں کو ان کی فصلوں کی واجبی قیمت تک نہیں مل پارہی ہے ۔ بقایا گنے کی ادائیگی لینے کے لئے کسان ترس رہے ہیں ۔ اس حکومت میں کسان بری طرح سے پریشان ہیں ، انہوںنے کسانوں سے اپیل کی کہ کسانوں کے استحصال سمیت کسانوں کے دیگر مسائل کو لے کر 22اگست کو مظفرنگر میں ہونے والی مہا پنچایت میں بڑی تعداد میں کسان شریک ہوں جس سے کسانوں کے اتحاد وطاقت کو دکھایا جاسکا۔ انہوںنے کہا کہ جب تک ہم اپنی طاقت نہیں دکھائیں گے حکومت اسی طرح کسانوں کو نظر انداز کرتی رہے گی۔ اس موقع پر یونین کے عہدیداران کا گل پوشی کرکے استقبال کیا گیا ، پروگرام کی صدارت ویریندر چودھری نے کی ، اس موقع پر پورقاضی بلاک صدر اجے تیاگی، ریاستی صدر شہزاد علی، مکیش، گائوں پردھان گرپال، انکت چودھری، دیپک تیاگی، کلیم علی، رام کمار مانک، شیش پال پردھان ، منگل سین، راج کمار پال وغیرہ موجود رہے۔

Comments are closed.