مسلمان اپنے مسائل قرآن وسنت کی روشنی میں حل کرانے کی کوشش کرائیں

محکمہ شرعیہ و دار القضاء کانپور کی میٹنگ میں متعدد فیصلے لئے گئے
کانپور(پریس ریلیز)شہر کانپور کے سابق قاضی حضرت مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی نور اللہ مرقدہ سابق صدر جمعیۃ علماء اتر پردیش کے ذریعہ عائلی و خانگی مسائل مثلاً طلاق، خلع، وراثت، صلح، حضانت(بچے کی پرورش) جیسے مسائل کے شرعی حل کیلئے قائم محکمہ شرعیہ و دارالقضاء کانپور کے ذمہ داران و ممبران کی اہم میٹنگ مولانا اسامہ ؒ کی رحلت کے بعد نو منتخب صدر مفتی عبد الرشید قاسمی کی زیر صدارت دفتر دارالقضاء جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ کانپور میں منعقد ہوئی۔
محکمہ شرعیہ ودار القضاء کے صدر مفتی عبد الرشید قاسمی نے کہا کہ مولانا اسامہ ؒ ہمہ گیر شخصیت کے حامل تھے اور تن تنہا مختلف شعبہائے جات میں خدمات انجام دے رہے تھے، مولانا ؒ کے بعد اس خلاء کو پر کرنا بظاہر بہت مشکل نظر آ رہا ہے۔ اب مولاناؒکے بعد ہم سب کو مل کر مولاناؒ کے ذریعہ شروع کردہ کاموں کو آگے بڑھانا ہے، اسی فکر کے تحت آج ہم آپ یہاں جمع ہوئے ہیں۔
میٹنگ کو خطاب کرتے ہوئے دار القضاء کے سکریٹری اورریاستی جمعیۃ کے نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے کہا کہ اہل ایمان کے اندر اپنے مسائل شریعت کی روشنی میں حل کرنے کا جذبہ موجود ہے، اسی جذبہ کو دیکھتے ہوئے دار القضاء کا قیام عمل میں آیا تھااور الحمد للہ اب تک کانپور و اطراف کے متعدد اضلاع سے آئے ہوئے تقریباً800معاملات قرآن وسنت کی روشنی میں حل کئے جا چکے ہیں۔ ہمیں چاہئے کہ ہم اس سلسلے میں مزید بیداری کیلئے سرگرم ہوں۔ اس حوالہ سے جلد ہی جملہ مساجد کے ائمہ اور شہر و اطراف کے وکلاء کا ایک پروگرام منعقد کیا جائے گاجس میں دار القضاء سے متعلق ملک کی معزز علمی شخصیات و دانشوران کو مدعو کیا جائے گا۔
میٹنگ میں دار القضاء کے نظام کو مزید منظم اور مستحکم کرنے کے تعلق سے طے پایا کہ دار القضاء کا گزشتہ23سالہ ریکارڈ اور تعارف تحریری شکل میں مرتب کیا جائے، اس کام کی ذمہ داری کیلئے دار القضاء کے ناظر مولانا محمد ذاکر قاسمی کو متعین کیا گیا۔ دارالقضاء کے دفتر واقع جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ کانپور کی تزئین کاری کا نقشہ پیش کیا گیاجسے اتفاق رائے سے منظور کیا گیا اور جلد ہی کام شروع کئے جانے کا فیصلہ لیا گیا۔اس کے علاوہ متعدد مسائل زیر بحث آئے جن پر غور و خوض کرکے مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔
دارالقضاء کے ناظم اور قاضی شریعت مولانا محمد انعام اللہ قاسمی نے بتلایا کہ روزانہ 2بجے دن سے4بجے تک اور اتوار کوصبح10بجے سے دوپہر 2/ بجے تک شہر و اطراف کے اضلاع سے لوگ اپنے مسائل لے کر آتے ہیں جن کا قرآن و سنت کی روشنی میں حل تلاش کرکے ان کے مسائل کو دور کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
اس سے قبل میٹنگ کا آغاز مفتی محمد واصف قاسمی نے قرآن پاک کی تلاوت سے کیا۔ اس موقع پر رابطہ مدارس اسلامیہ دار العلوم دیوبند زون 1کے صدر مفتی اقبال احمد قاسمی، مولانا محمد انیس خاں قاسمی، مولانا محمد اکرم جامعی، مولانا نور الدین احمد قاسمی، مولانا فرید الدین قاسمی، مولانا حفظ الرحمن قاسمی، مفتی سید محمد عثمان قاسمی، مفتی محمد واصف قاسمی، قاری عبدالمعید چودھری، مولانا انیس الرحمن قاسمی، مفتی اظہار مکرم قاسمی، مولانا محمد ذاکر قاسمی کے علاوہ دیگر لوگ موجود رہے۔
Comments are closed.