مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں
نیوروتھراپیوٹکس: کلینیکل ریسرچ اور حالیہ پیش رفت موضوع پر سی ایم ای کا انعقاد
علی گڑھ،23 اگست: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے فارماکولوجی شعبہ کی جانب سے نیوروتھراپیوٹکس: کلینیکل ریسرچ و جدید پیش رفت موضوع پر ایک کنٹینیونگ میڈیکل ایجوکیشن (سی ایم ای) پروگرام منعقد کیا گیا جس میں کلینیکل فارماکولوجی کے ماہرین، امراض اطفال و امراض دماغ کے ماہرین اور ادویاتی سائنسدانوں نے صحت پیشہ وروں کو اپنے علم و تجربہ سے مستفید کیا۔
جے این ایم سی آڈیٹوریم میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر طارق منصور (اے ایم یو وائس چانسلر) نے کہا کہ اس سی ایم ای سے شرکاء کو اپنی طبی صلاحیت کو بہتر بنانے اور اعصابی عوارض، الزائمر ، ڈیمینشیا، نیوروبایولوجی، نیوروروپیتھی وغیرہ کی جدید طبی پیش رفت سے باخبر رہنے میں مدد ملے گی۔
وائس چانسلر نے کہا ’’آج کی دنیا میں نوجوان نسل کو کئی اعصابی اور دماغی عوارض کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اعصابی نظام کے بنیادی افعال کے مطالعہ سے لے کر علاج کو بہتر بنانے اور اعصابی عوارض کو روکنے میں معیاری نیورو سائنس ریسرچ کی شدید ضرورت ہے‘‘۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جے این ایم سی میں اعصابی عوارض کے علاج کے لیے ایک مخصوص نیوروتھراپیٹک یونٹ اور ایک علیحدہ شعبہ ہونا چاہیے۔
پروفیسر محمد گلریز (اے ایم یو پرو وائس چانسلر) نے کہا کہ یہ پروگرام علاج کے نئے طریقوں کے لیے امید افزا شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اس میدان میں ہونے والی پیش رفت پر غور کرنے کا بھی موقع ہے۔
انہوں نے کہا’’جینیات، بایو مارکر ڈیولپمنٹ اور ادویات کی دریافت میں قابل ذکر ترقی نے علاج کے نئے طریقوں کو فروغ دیا ہے۔ نیوروپیتھولوجیکل عوارض میں مبتلا لوگوں کے لئے نئے اور بہتر علاج تلاش کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔
خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے پروفیسر راکیش بھارگو (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن اور پرنسپل، جے این ایم سی) نے کہا کہ چونکہ اکثر و بیشتر اعصابی عوارض معذوری کا باعث بن جاتے ہیں، اس لیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ صحت پیشہ وروں کو مطلوبہ تربیت فراہم کی جائے تاکہ وہ مریضوں کا بہتر علاج کرسکیں۔
ڈاکٹر وسیم رضوی (آرگنائزنگ چیئرمین) نے کہا ’’ہم نے اس سی ایم ای کے ذریعہ نیوروتھراپیٹکس میں جدید ترین تحقیق و پیش رفت کو سامنے لانے کے لیے انتھک محنت کی ہے۔ امید ہے کہ شرکاء اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے طبی تحقیق کے تازہ ترین رجحانات پر مفید گفتگو کریں گے‘‘۔
ڈاکٹر جمیل احمد (آرگنائزنگ سکریٹری) نے کہا کہ سی ایم ای میں انتہائی معروف اور تجربہ کار ماہرین کے خطبات ہورہے ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر بشریٰ حسن خان کے ایڈیٹ کردہ پروگرام سوووینئر کا اجراء بھی عمل میں آیا۔ ڈاکٹر ویبھو پانڈے نے افتتاحی تقریب کی نظامت کی ، جب کہ ڈاکٹر عرفان احمد نے شکریہ ادا کیا۔
٭٭٭٭٭٭
جے این ایم سی انٹرن نے استنبول کے بین الاقوامی پروگرام میں خطبہ دیا
علی گڑھ، 23 اگست: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے انٹرن ڈاکٹر ارحم خاں نے انٹرنیشنل فیڈریشن آف میڈیکل اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (آئی ایف ایم ایس اے) کی 71 ویں جنرل اسمبلی منعقدہ استنبول، ترکی میں شرکت کرتے ہوئے صحت عامہ کے سلسلہ میں وسیع بیداری کی ضرورت پر زور دیا۔
وہ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پبلک ہیلتھ کے رہنما خطوط کے مطابق پبلک ہیلتھ سیشن کی ٹیم کے ایک ممبر کے طور پر اظہار خیال کررہے تھے۔ ٹیم ممبران کا انتخاب پوری دنیا میں صحت عامہ کے شعبے میں کام کرنے والے افراد میں سے کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر ارحم نے صحت مند رہنے کے طریقوں کے بارے میں عوامی سطح پر بیداری پیدا کرنے، موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی صحت، غیر متعدی اور متعدی امراض، اینٹی مائیکروبیئل مزاحمت، سبھی کو صحت خدمات کے دائرہ میں شامل کرنے اور دماغی صحت سے متعلق مسائل کے سائنسی حل پر زور دیا۔
بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی نمائندگی کرنے پر ڈاکٹر ارحم کو مبارکباد دیتے ہوئے پروفیسر راکیش بھارگو (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن اور پرنسپل، جے این ایم سی) نے کہا کہ ان کی کامیابی دیگر انٹرن اور میڈیکل طلباء کی حوصلہ افزائی کرے گی۔
ڈاکٹر ارحم خاں، آئی ایف ایم ایس اے سے تصدیق شدہ پبلک ہیلتھ ٹرینر اور اے ایم یو کورٹ کے سابق طالب علم ممبر ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
شعبہ اقتصادیات میں یوم آزادی سے متعلق تقریبات کے انعامات تقسیم کئے گئے
علی گڑھ، 23 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ اقتصادیات نے یوم آزادی کی تقریبات کے تحت مختلف مقابلوں کا اہتمام کیا جس میں طلباء و طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ مقابلہ جاتی پروگراموں کی تقسیم انعامات تقریب میں 86 انعامات تقسیم کیے گئے۔
ہر گھر جھنڈا پروگرام کے تحت قومی پرچم سازی کا مقابلہ اور قومی پرچم پر کوئز مقابلہ منعقد کیا گیا۔ قومی پرچم سازی میں پہلا انعام محمد طلحہ، دوسرا انعام دیپک پنڈیر اور تیسرا انعام اشوال ہڈا نے حاصل کیا، جب کہ قومی پرچم پر منعقدہ کوئز مقابلے میں پہلا انعام نورالاحد نے جیتا، دوسرا انعام اشوال ہڈا نے اور تیسرا انعام ہمانشو یادو نے حاصل کیا۔ اس کے علاوہ 28 طلباء کو حوصلہ افزائی انعامات دئے گئے۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر محمد قیصر عالم اور ڈاکٹر شاہینہ پروین نے مشترکہ طور پر کی۔
آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت ستمبر 2021 سے جون 2022 کے درمیان منعقد ہونے والے آن لائن مقابلوں میں مضمون نویسی، حب الوطنی کے نغموں اور لوک گیتوں، تقریر، پوسٹر سازی اور پینٹنگ کے مقابلے شامل تھے۔ آزادی کا امرت مہوتسو کے علاوہ وجیلنس بیداری ہفتہ، ماتر بھاشا دیوس، اے کے اے ایم کی پہلی سالگرہ اور عالمی یوم ماحولیات کے موضوعات پر بھی پروگرام ہوئے۔ مجموعی طور سے 52 انعامات دیے گئے۔ دیپک پنڈیر اور ندا خان کو 14 آن لائن مقابلوں میں سب سے زائد انعامات جیتنے کے لئے اسپیشل انعامات پیش کئے گئے۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر شیریں رئیس نے کی۔
صدر شعبہ اقتصادیات پروفیسر محمد عبدالسلام نے اس موقع پر کہا کہ ہماری جشن آزادی کے 75 برس یادگار اور تاریخی لمحات کے حامل ہیں۔ انہوں نے ہر گھر ترنگا مہم کو سراہا اور شرکاء و حاضرین میں قومی پرچم،قومی پرچم کے بیج اور ہر گھر ترنگا مہم کے بیج تقسیم کئے۔
جشن آزادی کے موقع پر تقسیم انعامات تقریب میں کثیر تعداد میں لوگ موجود رہے۔
٭٭٭٭٭٭
مٹی کی صحت کے بندوبست پر خطبہ
علی گڑھ، 23 اگست: پروفیسر دیپک رنجن بسواس (پرنسپل سائنسداں، ڈویژن آف سوائل سائنس اینڈ ایگریکلچرل کیمسٹری، انڈین ایگریکلچرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، نئی دہلی) نے ’فصلوں کی پیداوار کے لیے مٹی کی صحت کے بندوبست‘ موضوع پر خطاب کرتے ہوئے مٹی کی صحت کو بحال کرنے اور فصلوں کی صحت مند پیداوار کے لئے زمین میں مطلوبہ کاربن ذخیرہ کرنے کے لیے کاشتکاری کے موزوں طریقے بیان کئے۔
یہ خطبہ سنٹر آف ایگریکلچرل ایجوکیشن ، فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے بی ایس سی (آنرز) ایگریکلچر کے طلباء کے دیہی زرعی تجربہ (آر اے ڈبلیو ای) پروگرام کے تحت لیکچر سیریز کا حصہ تھا۔
پروفیسر بسواس نے مٹی کی صحت کے بارے میں سائنسی معلومات کی موجودہ صورت حال اور پائیدار فصل کی پیداوار کے لیے اس کے بندوبست پر گفتگو کی اور طلبہ کو مٹی کی صحت کے بارے میں کسانوں میں بیداری پیدا کرنے کی تلقین کی۔
پروگرام کوآرڈینیٹر پروفیسر اقبال احمد نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور پروگرام انچارج ڈاکٹر مظہر الحق انصاری نے شکریہ ادا کیا۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو- ای سی کی رکنیت
علی گڑھ 23 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے کالج آف نرسنگ کی پرنسپل پروفیسر فرح اعظمی کو سینیارٹی کی بنیاد پر اے ایم یو ایگزیکیٹو کونسل (ای سی) کا تین سال کی مدت یا پرنسپل کے عہدے پر فائز رہنے تک کے لئے ممبر مقرر کیا گیا ہے۔
Comments are closed.