چوروں نے تین الگ الگ گھروں کو بنایا نشانہ

لاکھوں روپیہ کی مالیت کے زیورات اور نقدی پر ہاتھ صاف
دیوبند،25؍اگست(سمیر چودھری؍بی این ایس)
علاقہ میں چوروں کی دہشت بدستور جاری ہے اور چور پولیس کی گرفت سے دور ہیں یہی وجہ ہے کہ چور اپنے منصوبوں میں کامیاب ہورہے ہیں ۔اسی تناظر میں گذشتہ رات آدھا درجن سے زائد موٹر سائیکل سوار چوروں نے دیوبند کے قریبی گاؤں چوندہ ہیڑی میں تین الگ الگ مقامات پر چوری کی واردات کوانجام دیتے ہوئے لاکھوں روپے کی چوری کرلی جس سے گاؤں دہشت کا ماحول ہے۔اس چوری کی خبر آج علی الصبح نیند سے بیدار ہونے پر لوگوں کو ملی ۔جس کے بعد متاثرین نے پولیس کو اس واقعہ کی اطلاع دی جس کے بعد پولیس اور ڈاک اسکوائڈ اور فورنسنک ٹیم نے گاؤں پہنچ کر موقعہ واردات کا معائنہ کیا ۔چوری کی اطلاع ملنے پر سی او رام کرن سنگھ اور تھانہ انچارج پربھاکر کینتورا مع فورس کے گاؤں پہنچے اور چھان بین شروع کی اس دوران ڈاگ اسکوائڈ اور فورینسنگ ٹیم کو موقع پر بلاکر جانچ کرائی گئی ۔ادھر چوری واردات کو انجام دینی کی اطلاع ملنے پر ایس پی دیہات سورج رائے گاؤں چوندہ ہیڑی پہنچے اور موقعہ واردات کا معائنہ کرتے ہوئے افسران کو ضروری ہدایات دی ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق گاؤں چوندہ ہیڑی میں چوری کرنے آئے بد معاشوں نے تین الگ الگ گھروں میں گھس کر چوری کے واقعہ کوانجام دیا لیکن اس دوران گھر والوں کو چوری کی کوئی بھنک تک نہیں لگی ۔گاؤں کے رہنے والے روندر کمار نے کوتوالی میں تحریر دیتے ہوئے بتایا کہ جب وہ علی الصبح 4:30بجے سو کر اٹھا تو اس نے دیکھا کہ گھر میں رکھی الماری کے تالے ٹوٹے ہوئے ہیں اور اس میں رکھے تیس گرام سونے کی زیورات اور ایک لاکھ تیس ہزار روپے کی نقدی چوری ہوگئی ہے اسی گاؤں کے رہنے والے دمن سنگھ نے بتایا کہ جب وہ صبح چار بجے سو کر اٹھا تو اسے چوری کے واقعہ کا علم ہوا اس کے مطابق کمرے کا تالہ ٹوٹا دیکھ کر جب وہ کمرے میں پہنچا تو تقریباً دیڑھ سو گرام سونے چاندی کے زیورات اور ایک لاکھ 48ہزار روپے چوری کرلئے ۔اسی طرح چودھری سمے سنگھ نے بتایا کہ جب وہ صبح سوکر اٹھا تو زینے کا گیٹ اندر سے بند تھا اور تینوں کمروں کے تالے ٹوٹے پڑے تھے جب اندر جاکر دیکھا تو زیورات کے ڈبے بکھرے ہوئے پڑے تھے اور اس میں رکھے زیورات غائب تھے ۔ا ن کے مطابق چوروں نے ہیرے کی انگوٹھی سمیت22 انگوٹھیاں 8کنگھن ،گلے کے دو ہار ،چھ جوڑی گلے کے کنڈل کے علاوہ سونے چاندی کی دیگر زیورات 65ہزار روپے کی نقدی چوری کرلی ۔گاؤں کے باشندوں کے مطابق ایک ہی رات میں تین گھروں میں چوری کی واردات کو انجام دینے کے لئے چور چھ سات بائیکوں پر سوار ہوکر آئے تھے ۔چوروںنے باقاعدہ الگ الگ ٹیم بناکر چوری کی واردات انجام دیا ہے لیکن گاؤں میں وہ ایک ساتھ ہی آئے تھے ۔گاؤں کے سابق پردھان سچن مکھیا کے مطابق انہیں گاؤں شیر پور کے لوگوں نے بتایا کہ دن نکلنے سے پہلے ہی گاؤں کے راستہ میں چھ سات موٹر سائیکلوں پر نامعلوم افراد کو جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے ۔اس بڑی واردات سے گاؤں میں دہشت کا ماحول ہے کیونکہ ایک ہی رات میں تین جگہوں پر چوری کی واردات کو انجام دیا گیا ہے ۔اس سلسلہ میںتھانہ انچارج پربھاکر کینتورا نے بتایا کہ گاؤں والوں کی جانب سے تحریر موصول ہوگئی ہے ان کے مطابق مقدمہ قائم کرکے تحقیق شروع کردی گئی ہے جلد ہی چوروں کو گرفتار کرلیا جائے گا ۔

Comments are closed.