راڑھی مشرقی کے مکھیا سجیت سہنی سمیت 11 لوگوں کے خلاف مارپیٹ کے الزام میں ایف آئی آر درج، سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر ہوئی کارروائی

 

جالے(محمد رفیع ساگر / بی این ایس) کمتول تھانہ علاقہ کے تتیلا گاؤں کے پون کمار سہنی کی بیوی شیاما دیوی نے اپنے پڑوسی اور موجودہ مکھیا سجیت کمار سہنی، ان کے بھائیوں سنیل کمار سہنی اور اشوک سہنی سمیت 6 نامزد اور5 نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔

متاثرہ خاتون کا الزام ہے کہ وہ 21 اگست کی صبح تقریباً ساڑھے 9 بجے اپنے گھر میں کھانا بنا رہی تھی۔ اس دوران پرانی دشمنی کی بنا پر مذکورہ تمام نامزد اور نامعلوم بدمعاش موٹر سائیکل پر آئے اور سب نے گھر میں گھس کر لوٹ مار شروع کردی۔ احتجاج کرنے پر مکھیا نے ان کے کپڑے پھاڑ دئے اور اپنے ساتھ لائے ہوئے ڈائگر سے سر پر وار کر کے زخمی کر دیا۔ شور سن کر جب اس کے شوہر اسے بچانے آئے تو اس پر بھی تمام ملزمین نے کٹہ سے حملہ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔ خاتون نے مکھیا پر ایک لاکھ روپے نقد، ایک بھر سونا اور 70 بھر چاندی کے زیورات سمیت 30 بورا مکھانا لوٹنے کا الزام لگایا ہے۔

دشمنی کی وجہ 2021کے مکھیا الیکشن اور 2022 کے مچھوا سوسائٹی کے الیکشن میں امیدوار بنے سجیت کمار سہنی کے ساتھ تعاون نہ کرنا بتایا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ خاتون اور اس کے شوہر نے جالے ریفرل اسپتال میں اپنا علاج کروایا، جہاں سے خاتون کی سنگین حالت کو دیکھتے ہوئے اسے ڈی ایم سی ایچ ریفر کر دیا گیا ہے۔ یہاں ملزم مکھیا نے اپنے گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پون سہنی اور اس کے حامیوں نے اس کے گھر پر لاٹھی ،ڈنڈوں کے ساتھ پتھراؤ کرکے حملہ کیا، اسی سلسلہ میں دونوں طرف کے لوگ زخمی ہوگئے۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ متاثرہ کی درخواست پر ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

Comments are closed.