سینئرلیڈرغلام نبی آزادنے کانگریس کے تمام عہدوں سے دیااستعفیٰ،نئی سیاسی پارٹی بنانے کادیااشارہ

نئی دہلی(ایجنسی)سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے کانگریس کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آزاد اب ایک نئی پارٹی بنانے جا رہے ہیں۔ بتا دیں کہ غلام نبی آزاد کافی عرصے سے ناراض چل رہے تھے۔ آزاد نے اس سلسلے میں سونیا گاندھی کو پانچ صفحات کا خط بھی لکھا ہے، جس میں راہل گاندھی پر زبردست تنقیدکی ہے۔ اس خط میں انہوں نے راہل پر بچگانہ رویے کا الزام لگایا اور کانگریس کی ’نازک حالت‘ اور 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں اس کی شکست کے لیے راہل گاندھی کو براہ راست ذمہ دار ٹھہرایا۔ سونیا گاندھی کو لکھے 5 صفحات پر مشتمل خط میں غلام نبی آزاد نے لکھا، ’’جنوری 2013 میں راہول گاندھی کو آپ نے کانگریس کا نائب صدر بنایا، اس کے بعد انہوں نے پارٹی میں مشاورت کا نظام ختم کردیا۔ تمام سینئر اور تجربہ کار لیڈروں کو سائیڈ لائن کر دیا گیا اور کوئی تجربہ نہ رکھنے والوں کا ایک حلقہ پارٹی چلانے لگا۔‘‘
آزاد، جو پارٹی میں تبدیلی کا مطالبہ کرنے والے G-23 گروپ کا حصہ ہیں، نے کہا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی (AICC) چلانے والے کچھ لوگوں کے زیر کنٹرول کانگریس، ہندوستان کے مفاد کے مسائل کے لیے لڑنے کی قوت ارادی اور صلاحیت کھو چکی ہے۔ انہوں نے خط میں کہا ہے کہ پارٹی قیادت کو ‘’’بھارت جوڑو یاترا‘‘سے پہلے ’’کانگریس جوڑو یاترا‘‘ نکالنی چاہیے تھی اور اس کو کم کرنا چاہیے۔ کانگریس سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی میں کسی بھی سطح پر انتخابات نہیں ہوئے ہیں۔
آزاد نے کہا کہ کانگریس کی صورتحال اب ایسی حالت میں پہنچ گئی ہے جہاں سے اسے واپس نہیں لایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں قیادت کے لیے ان کے نمائندوں کو بالواسطہ طور پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے پارٹی کے ساتھ ’’بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی‘‘ کے لئے صرف قیادت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اے آئی سی سی کے منتخب عہدیداروں کو اے آئی سی سی چلانے والے کچھ لوگوں کی تیار کردہ فہرستوں پر دستخط کرنے پر مجبور کیا گیا۔

Comments are closed.