مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

صحت کی دیکھ بھال میں مصنوعی ذہانت سے متعلق تربیتی پروگرام
علی گڑھ، 26 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) کے مائیکرو بایولوجی شعبہ نے میک اِنٹرن اور ای- سیل آئی آئی ٹی ، کھڑگپور کے اشتراک سے ’’صحت کی دیکھ بھال میں مصنوعی ذہانت‘‘ کے عنوان پر ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن اور پرنسپل، جے این ایم سی، پروفیسر راکیش بھارگو نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سے مراد مشینوں میں انسانی ذہانت کی نقل ہے جو انسانوں کی طرح سوچنے اور ان کے اعمال کی نقل کرنے کے لیے پروگرام کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا ’’اس اصطلاح کا اطلاق کسی بھی مشین پر کیا جا سکتا ہے جو انسانی ذہن سے وابستہ خصائل جیسے کہ سیکھنے اور مسائل کو حل کرنے پر کام کرے ۔ انھوں نے کہاکہ مصنوعی ذہانت خاص طور پر کووِڈ وبا کے دور میں ایکس رے کا تجزیہ کرنے میں بہت کارآمد ثابت ہوئی ہے۔
پروگرام کے آرگنائزنگ چیئرمین اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ،جے این ایم سی ، پروفیسر حارث ایم خان نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ مصنوعی ذہانت عالمی اور قومی سطح پر وبائی امراض کا مقابلہ کرنے اور عام حالات میں بھی صحت عامہ کی نگہداشت میں ایک آلے کے طور پر اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت، صحت کی دیکھ بھال کے اعداد و شمار کی بڑھتی ہوئی دستیابی اور تجزیاتی تکنیکوں کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ بنیادی تبدیلیوں کا باعث بنی ہے۔
ڈاکٹر پونیت کیکر، فنکشنل اینڈ انڈسٹری انالیٹکس منیجر، اپلائیڈ انٹیلی جنس، اسٹریٹجی اور کنسلٹنگ، ایکسینچر (آئی آئی ٹی، کھڑگپور) نے ورکشاپ کے شرکاء کو مصنوعی ذہانت سے متعلق امور سے آگاہ کیا ۔
ایم بی بی ایس، ایم ڈی اور انٹر ڈسپلنری بایو ٹکنالوجی یونٹ کے طلباء نے تربیتی پروگرام میں شرکت کی۔ فیکلٹی کوآرڈنیٹر ڈاکٹر فاطمہ خان نے شکریہ ادا کیا ۔
٭٭٭٭٭٭
جے این ایم سی میں اینستھیسیا پر توسیعی خطبہ
علی گڑھ، 26 اگست: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے اینستھیسیالوجی شعبہ میں گروگرام واقع میدانتا میڈی سٹی کے دو ڈاکٹروں نے توسیعی خطبہ دیا۔
ڈاکٹر ہرش سپرا (سینئر ڈائریکٹر اور سربراہ، نیورو اینستھیسیا و نیورو کریٹیکل کیئر) نے ‘کریٹیکل کیئر مینجمنٹ آف ایکیوٹ اسکیمک اسٹروک’ موضوع پر اظہار خیال کیا جب کہ ڈاکٹر راج کمار اروڑا (ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر اور سربراہ، پین میڈیسن) نے ‘ٹرائی جیمینل نیورلجیا ‘ پر روشنی ڈالی۔
اینتھیسیالوجی شعبہ کے سربراہ اور پروگرام کے آرگنائزنگ چیئرمین پروفیسر قاضی احسان علی نے بتایا کہ ڈاکٹر ہرش نے اپنے خطاب میں وضاحت کی کہ کس طرح فالج کی انٹینسیو نگہداشت کے بندوبست میں دماغی چوٹ اور ورم کو کم کرنے پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے، جب کہ ڈاکٹر راج کمار نے ٹرائی جیمینل نیورلجیا کی تشخیص کے لیے مریضوں کی طبی تاریخ کی اہمیت پر زور دیا اور نیورو سرجیکل علاج کے نتائج کے بارے میں گفتگو کی‘‘۔ پروفیسر قاضی احسان علی نے خطبہ استقبالیہ بھی پیش کیا۔
توسیعی خطبات کے بعد پروفیسر راکیش بھارگو (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن اور پرنسپل، جے این ایم سی) نے کہا کہ ایسے مفید خطبات ہنگامی طبی حالات سے نمٹنے کے لیے ہر سطح پر صحت عملہ کے لئے مددگار ہوتے ہیں۔
پروفیسر حارث منظور خان (چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، جے این ایم سی) نے شرکاء کی پرجوش شرکت اور مہمان مقررین کے ساتھ شرکاء کے سوال و جواب کو نہایت مفید اور خوش آئند قرار دیا۔
پروگرام کوآرڈنیٹر پروفیسر حماد عثمانی اور ڈاکٹر ایس حسین عامر نے مقررین کا تعارف کرایا۔
پروفیسر شہلا حلیم، ڈاکٹر ابو ندیم، ڈاکٹر عبید اے صدیقی اور ڈاکٹر شہنا علی نے بھی اینستھیسیا کے شعبے میں ہونے والی حالیہ پیش رفت پر اظہار خیال کیا۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر نازیہ توحید نے کی اور ڈاکٹر ایس کامران حبیب نے شکریہ ادا کیا۔
جے این ایم سی کے مختلف شعبہ جات اور ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج کے فیکلٹی ممبران اور ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے پروگرام میں شرکت کی۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو اسکول کی طالبات نے قومی سطح کی آرم ریسلنگ چمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا
علی گڑھ 26 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے اسکول کی دو طالبات نے جموں وکشمیر کے سونمرگ (گاندربل) میں منعقدہ 44ویں نیشنل آرم ریسلنگ چیمپئن شپ میں مختلف زمروں میں چاندی کے تمغے حاصل کئے۔
اے ایم یو سٹی گرلز ہائی اسکول، قاضی پاڑہ کی نویں جماعت کی طالبہ مہوش نے 50 کلوگرام سے کم وزن کے زمرے میں چاندی کا تمغہ جیتا جبکہ اے ایم یو اے بی کے اسکول (گرلز) کی آٹھویں جماعت کی طالبہ پراسنا نے 45 کلوگرام سے کم وزن کے زمرے میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
پروفیسر اصفر علی خاں (ڈائریکٹر، ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن، اے ایم یو)، پروفیسر قدسیہ تحسین (او ایس ڈی، اے بی کے اسکول)، ڈاکٹر ثمینہ (پرنسپل، اے ایم یو اے بی کے اسکول) اور محمد عالمگیر (پرنسپل، اے ایم یو سٹی گرلز ہائی اسکول) نے طالبات کو مبارکباد پیش کی اور قومی و بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں مزید کامیابی کی امید ظاہر کی۔
ڈاکٹر صبا حسن (وائس پرنسپل، اے ایم یو اے بی کے گرلز اسکول) نے پراسنا کو یادگاری نشان اور سر ٹیفکیٹ پیش کیا اور طالبات کی ٹریننگ میں اسپورٹس ٹیچر شمشاد نثار کی کاوشوں کو سراہا۔
٭٭٭٭٭٭
آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت ای-پوسٹر اور ای- سلوگن رائٹنگ مقابلہ
علی گڑھ 26 اگست: ملک کی آزادی کے 75 برس مکمل ہونے کے موقع پر آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پراستھوڈونٹک شعبہ نے ای-پوسٹر اور ای-سلوگن رائٹنگ مقابلے کا انعقاد کیا۔
ای پوسٹر اور ای سلوگن رائٹنگ مقابلے مختلف موضوعات جیسے کہ ’’مسکرانے کی آزادی‘‘، ’’اپنے ایک حصے کو کم پانے سے آزادی‘‘، ’’منھ کے علاج و بازآبادکاری میں تبدیلی‘‘، ’’ روایتی طریقہ کار سے آزادی اور ڈجیٹل اور جدید کی طرف سفر‘‘ پر منعقد ہوئے۔
ای پوسٹر مقابلے میں ڈاکٹر ڈینس برج، ڈاکٹر نجم السحراور ڈاکٹر فرحین نے پہلا انعام جیتا جبکہ محمد یوسف اور ریتک شرما نے دوئم انعام حاصل کیا۔ ڈاکٹر طوبیٰ قاضی، لَوکُش، پارتھ سارتھی اور حسن عادل نے سوئم انعام حاصل کیا۔ ان کے علاوہ ڈاکٹر دھنش کو حوصلہ افزائی انعام دیا گیا۔
ای سلوگن رائٹنگ مقابلے میں مصباح اور ڈاکٹر زیبا عنبرین نے پہلا انعام، انشاء نے دوسرا اور فائزہ عالم خاں نے تیسرا انعام حاصل کیا۔ محمد سیف صدیقی کو حوصلہ افزائی انعام دیا گیا۔ پروگرام کا عنوان تھا: سبھی کے لئے اورل ہیلتھ: ہر ہندوستانی کو مسکرانے کا حق ہے۔
پروفیسر اصفر علی خاں (ڈائریکٹر، ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن، اے ایم یو) اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ پروفیسر ایس ایس احمد (سابق چیئرپرسن، شعبہ اورل اینڈ میکزیلو فیشیئل سرجری)، پروفیسر این ڈی گپتا (شعبہ پیریڈونٹکس) اور پروفیسر گیتا راجپوت (شعبہ پراستھوڈانٹکس) جیوری ممبر تھے۔
٭٭٭٭٭٭
29 اگست کوطالبات کا والی بال ٹورنامنٹ
علی گڑھ 26 اگست: قومی اسپورٹس ڈے کے موقع پر ویمنس کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے فزیکل ایجوکیشن سیکشن کی جانب سے آئندہ 29 اگست کو صبح دس بجے طالبات کے لیے ایک والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
پرنسپل پروفیسر نعیمہ خاتون نے اے ایم یو کے تمام ذیلی اداروں اور طالبات کے اقامتی ہالوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے اپنی ٹیمیں بھیجیں۔
نازیہ خان (انچارج، فزیکل ایجوکیشن سیکشن) نے بتایا کہ ٹیمیں 27 اگست کی شام 4 بجے تک اپنی انٹری کرا سکتی ہیں ۔ ٹورنامنٹ کے میچوں کی تفصیل اسی دن شام پانچ بجے عام کی جائے گی۔
٭٭٭٭٭٭
وائس چانسلر کے بدست دو کتابوں کا اجراء
علی گڑھ، 26 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے پروفیسر شہلا حلیم (شعبہ اینستھیسیالوجی) اور شریک مصنفہ ڈاکٹر ندا نواز (پیرامیڈیکل کالج) کی انگریزی تصنیف ’’اینستھیسیا کنسولیڈیٹیڈ نوٹس آف آپریشن تھیئٹر ٹکنالوجی‘‘ اور ڈاکٹر محمد آصف خاں (شعبہ کامرس) اور وجیندر سنگھ وکرم(سرٹیفائیڈ فنانشیئل پلانراور بینکنگ ایکسپرٹ) کی ہندی تصنیف ’’امیری میرا جنم سدھ ادھیکار‘‘ کا اپنے دفتر میں منعقدہ ایک تقریب میں اجراء کیا۔
پروفیسر منصور نے اس موقع پر کہا’’اینستھیسیا کے موضوع پر تحریر کردہ کتاب آپریشن تھیٹرز کے تعلق سے ایک مفید حوالہ ثابت ہوگی جو یقیناً ان کے نقطہ نظر کو وسیع کرے گی‘‘۔
پروفیسر راکیش بھارگو (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن اور پرنسپل، جے این ایم سی) نے کہا کہ یہ کتاب اینستھیسیالوجی کے پیچیدہ موضوع کو انتہائی قابل فہم اور آسان زبان میں پیش کرتی ہے۔
پروفیسر ابن احمد (پرنسپل، پیرا میڈیکل کالج) نے کہا ’’پروفیسر شہلا حلیم اور ڈاکٹر ندا نواز کی کتاب آپریشن تھیٹرز میں اینستھیسیا کا ایک عمدہ جائزہ پیش کرتی ہے اور اس شعبے میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد کرے گی‘‘۔
پروفیسر قاضی احسان علی (چیئرمین، شعبہ اینستھیسیالوجی) اور ڈاکٹر ابو ندیم نے کہا کہ کتاب میں آپریشن تھیٹرز میں اینستھیسیالوجی کے انتہائی اہم موضوعات پر توجہ دی گئی ہے۔
’’امیری میرا جنم سدھ ادھیکار‘‘ کااجراء کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ مالیاتی خواندگی اور مالی منصوبہ بندی جیسے پیچیدہ موضوعات پر آسان ہندی زبان میں کتاب لکھ کر مصنفین نے عام افراد کے لیے بہت اہم کام کیا ہے اور یہ کتاب طلباء، تنخواہ پر کام کرنے والے ملازمین، کسانوں، تاجروں سمیت سبھی طبقات کے لیے قابل مطالعہ ہے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ اس کتاب میں ہندوستان میں پھیلی غربت، بے روزگاری، ناخواندگی، تغذیہ کی کمی جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے حکومت کی کوششوں کے ساتھ ساتھ ہر فرد کے ممکنہ کردار کا تفصیل سے ذکر کیا گیا ہے۔ بینکنگ سہولیات اور سرمایہ کاری امور پر بھی خاطر خواہ گفتگو کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ شیئر بازار اور میوچل فنڈ کی معلومات بھی دی گئی ہیں۔
اجراء کے موقع پر کتاب کے مصنف، بینک کے سابق چیف منیجر اور سرٹیفائیڈ فنانشیئل پلانر وجیندر سنگھ وکرم اور کامرس فیکلٹی کے سینئر استاد ڈاکٹر محمد آصف خاں کے علاوہ کامرس فیکلٹی کے ڈین پروفیسر ناصر ضمیر قریشی، کامرس شعبہ کے چیئرمین پروفیسر ایس ایم امام الحق کے ساتھ سینئر سماجی کارکن جے سنگھ سمن، سابق بینکر ہری اوم شرن، ہردیال سنگھ، سودان سنگھ، موتی لال دراوڑ، راجکمار نیمیش، ڈاکٹر ستیہ پرکاش گولا، ڈاکٹر پرمود کمار ، نیپال سنگھ اور ابھے کیرتی وکرم موجود تھے۔
Comments are closed.