مولانا جلال الدین عمریؒ نے ملت کی رہنمائی میں موثر کردار ادا کیا: مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی

لکھنؤ (پریس ریلیز) 28 اگست، جماعت اسلامی ہند کے سابق امیر، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر، متعدد دینی و اصلاحی کتابوں کے مصنف مولانا سید جلال الدین عمری کی وفات پر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر اور ندوۃالعلماء لکھنؤ کے ناظم مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ: مولانا سید جلال الدین عمری رحمۃ اللہ علیہ کی رحلت ملت اسلامیہ ہندیہ کے لیے ایک بڑا خسارہ ہے، مولانا مرحوم کے علمی وتحقیقی ذوق اور قائدانہ صلاحیتوں سے ملت کو فائدہ پہنچ رہا تھا، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے وہ نائب صدر تھے اور متعدد دینی جماعتوں کے ذمہ دار بھی رہے، انہوں نے ملت کی رہنمائی میں موثر کردار ادا کیا اور ملت کے معروف کارگزاروں میں اپنا مقام بنایا، اپنی قلمی صلاحیتوں سے بھی وہ عرصہ سے فائدہ پہنچارہے تھے۔
مولانا سید جلال الدین عمری کا جنوبی ہندوستان سے تعلق تھا، وہاں کے معروف ادارہ جامعہ دارالسلام عمرآباد میں انہوں نے تعلیم حاصل کی اور پھر دعوت اور تعلیم کے میدان کو اختیار کیا اور پوری زندگی اسی میں لگا دی۔ مرحوم کا راقم سطور سے گہرا تعلق تھا، بورڈ کے جلسوں میں ان سے ملاقات کا موقع ملتا تھا اور دوسرے مواقع پر بارہا ان سے میری ملاقات ہوئی۔ وہ ایک متواضع اور بلند اخلاق رکھنے والے انسان تھے، ان کی وفات سے مجھے دلی صدمہ ہوا، اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کے کاموں کو ان کے لیے ذخیرہ آخرت بنائے۔ (آمین)

Comments are closed.