اورنگ آباد میں عظیم الشان جمعیۃ سدبھائونا سنسد موجودہ حالات میں، محبت اور بھائی چارگی کی روایت کو زندہ رکھنے کی ضرورت :مولانا ندیم صدیقی

اورنگ آباد۔ ۲۹؍اگست: ( پریس ریلیز ) ملک میں فرقہ پرستی و مذہبی منافرت کے خاتمہ اور سبھی طبقات کے درمیان آپسی بھائی چارگی اور ہم آہنگی کے لئے ہندوستانیت اور انسانیت کے جذبے کی فتح کے لیے موجودہ حالات میں ملک میں بسنے والے تمام ہندوستانوں کے درمیان میں رواداری، مشترک تہذیب و ثقافت، محبت اور بھائی چارگی کی روایت کو زندہ رکھنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے گذشتہ کل بعد نماز مغرب جمعیۃ سدبھائونا منچ ضلع اورنگ آباد کے زیر اہتمام نرالا بازاز اورنگ آباد میں منعقدہ سدبھائونا سنسد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سد بھائونا سنسدکے یہ پروگرام مہاراشٹر میں 9؍ ستمبر 2022 تک جاری رہیں گے۔مولانا ندیم صدیقی نے مزید کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کی اپیل پرمہا راشٹر سمیت پورے ملک میں سدبھائونا سنسد پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں جس میں تمام مذاہب کے مذہبی رہنمائوں اور دانشوروں اور سماجی خدمت کرنے والے لوگوں کو ساتھ لے کر ملک سے منافرت کو مٹانے قومی یکجہتی اور امن کا پیغام عام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ان پروگراموں میں امن و بھائی چارگی والے بینر ،پلے کارڈ اور پوسٹر وغیرہ آویزاں کئے جا رہے ہیں جس میں کچھ اس طرح کے نعرے درج ذیل ہیں۔مانوتا کا راج ہو گا، پورا بھارت ساتھ ہوگا ،نفرت مٹائو ، دیش بچائو ،ہمار سندیش: سرو دھرم سدبھائو ،دیش کے سمان میں ، جمعیۃ میدان میں ،سرودھرم سمان میں جمعیۃ میدان میں،نفرت کی دیواریں توڑو، ہندو مسلم سب کو جوڑو ،سرو دھرم سمان ، بھارت کا سنویدھان نفرت کے بچاری بھارت چھوڑو،ہنساوادی ، دیش کے دشمن ،نہ تیر سے نہ تلوار سے ، دیش چلے گا پیار سے۔اس پر وگرام میں شریک دیگر مذاہب کے رہنما شری بھدنت ستیا دیپ جی مہا ٹھیرو ،جناب جسوال سنگھ اوبیریہ ،جناب موسٹ ریو بھشپ امبوسے ریہیلو ،جناب کلدیپ سنگھ نرح ،جناب راجو مہا راجا جاگیردار و دیگر نے اظہار خیال کر تے ہوئے مشترکہ طور پر آپسی میل ملاپ اور بھائی چارگی کو وقت کی ضرورت بتائے ہوئے کہا کہ ہم سب ایک ماتا پتا کے سنتان ہیں ،بیمار ی کی حالت میں ایک ہی آکسیجن ہندو بھی لیتا ہے اور مسلمان بھی تو پھر الگ کیسے ؟ مذہب اور ذات پات سے اوپر اٹھ کر انسانیت اور ملک کی بقاء کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔اگر آج ہم نے اپنی نسلوں کو اس نفرت سے نہیں بچایا تو ہماری اولادیں مستقبل میں ایک دوسرے کا چہرہ دیکھنا پسند نہیں کریں گی جو انسانیت اور ملک کے لئے خطرہ ثابت ہوگا۔اس پروگرام میں مولانا عبد القدیر مدنی صاحب نائب صدر جمعیۃ علماء مہا راشٹر ،مولانا حبیب الرحمن قاسمی صاحب نائب صدر جمعیۃ علماء مرہٹواڑہ مفتی عبد الرحمن پٹیل نائب صدر جمعیۃ علماء مرہٹواڑہ ،قاری شمس الحق قاسمی صاحب جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مرہٹوارہ و دیگر نے بھی اظہار خیال کیا ۔پروگرام کو کامیاب بنانے میں جمعیۃ علماء اورنگ آباد کے عہدیداران و اراکین بطور خاص مولانا معزالدین ندوی فاروقی صاحب ، صدر جمعیۃ علماء ضلع اورنگ آباد ،جناب عبد الروف انجیئر جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع اوررنگ آباد ، الحاج خلیل خان صاحب ،صدر جمعیۃ علماء شہر اورنگ آباد ، جناب منیر عاف الدین صاحب جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء شہر اورنگ آباد و دیگر نے اہم کردار ادا کیا ۔
Comments are closed.