اشتعال انگیز تقریر : سپریم کورٹ کا وسیم رضوی کو ۲؍ ستمبر تک سرینڈر کرنے کا حکم

نئی دہلی۔۲۹؍ اگست: سپریم کورٹ نے پیر کو ہریدوار ہیٹ اسپیج معاملے میں ملزم جتیندر نارائن تیاگی عرف وسیم رضوی کو خرابی صحت کی وجہ سے دی گئی ضمانت کو ختم کردیا ہے۔ رضوی کو ۲ ستمبر جمعہ تک خودسپردگی کرنے کا حکم دیا ہے۔ تیاگی کو ۱۷ مئی کو عدالت نے تین مہینے کے لیے میڈیکل ضمانت دی تھی جسے بڑھا دیاگیا تھا اور پیر کو وہ ختم ہوگئی ۔ جسٹس اجے رستوگی اور جسٹس بی وی ناگرتنا کی بینچ کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ یوپی شیعہ سینٹرل وقف بورڈ کا چیئرمین رہتے ہوئے رضوی کئی معاملوں میں شامل ہے۔ رضوی نے گزشتہ سال ہی ۶ دسمبر کو ہندو مذہب قبول کرلیا تھا۔ بینچ نے کہاکہ آپ کے موکل کو اپنے خلاف معاملوں پر نظر رکھنے کےلیے ایک پرسنل سکریٹری کو مقرر کرنا ہوگا۔ اتراکھنڈ حکومت کے ذریعے تیار کیے گئے چارٹ سے اترپردیش اور اتراکھنڈ میں ملزم کے خلاف زیر التوا معاملوں کو درج کیا، تیاگی کی جانب سے پیش ہوئے وکیل سدھارتھ لوتھرا نے عدالت کو بتایاکہ ان معاملوں میں ایک ہی واقعہ کو لے کر اس کے خلاف کئی ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

Comments are closed.