راہل اور پرینکا کا مقتولہ انکتا کیلئے انصاف کا مطالبہ

نئی دہلی۔۳۰؍اگست:  کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے منگل کو جھارکھنڈ میں ایک لڑکی کے بہیمانہ قتل میں انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قصورواروں کو جلد اور سخت سزا دی جانی چاہئے۔ راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ لڑکی کے ساتھ بربریت کے نتیجے میں ہونے والی موت نے ہر ہندوستانی کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔ آج ملک میں خواتین کے لیے محفوظ ماحول پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ لڑکی اور اس کے خاندان کو انصاف تبھی ملے گا جب اس ظلم کے مرتکب کو جلد از جلد سخت سزا ملے گی۔ پرینکا گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ جھارکھنڈ میں 12ویں جماعت میں پڑھنے والی لڑکی کا وحشیانہ قتل دل دہلا دینے والا ہے، مجرموں کو جلد سے جلد سزا دی جائے۔پرینکا گاندھی نے کہا کہ جرائم کی روک تھام اور انصاف کے لیے ضروری ہے کہ خواتین کے خلاف جرائم کے واقعات میں سخت اور تیز قانونی عمل کو مکمل کیا جائے۔غور طلب ہے کہ جھارکھنڈ کے دمکا میں 23 اگست کو شاہ رخ نامی نوجوان نے یک طرفہ عشق میں ایک نوجوان لڑکی کے کمرے میں کھڑکی سے پیٹرول ڈال کر آگ لگا دی تھی۔واقعہ کے وقت لڑکی اپنے کمرے میں سو رہی تھی ، جس سے وہ بری طرح جھلس گئی۔لڑکی کو بہتر معالجہ کے لیے رانچی کے راجندر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (RIMS) میں داخل کرایا گیا، جہاں اتوار کی صبح اس کی موت ہوگئی۔ملزم شاہ رخ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔تاہم اس واقعہ کو لے کر زعفرانی میڈیا میں کئے طرح کے من گھڑت قصے گھڑے جا رہے ہیں ۔

Comments are closed.