جھارکھنڈ میں سیاسی ہلچل تیز

 

یو پی اے کے وفد نے گورنر سے کی ملاقات، موقف واضح کرنے کا مطالبہ

رانچی ، یکم ستمبر : جھارکھنڈ میں سیاسی بحران کے درمیان یو پی اے کے وفد کے ارکان نے جھارکھنڈ کے گورنر رمیش بیس سے ملاقات کی ہے۔ اس وفد میں کئی رہنما شامل تھے۔ کانگریس ایم پی گیتا کوڈا، جے ایم ایم ایم پی مہوا مانجھی اور ایم پی وجے ہانسدا نے راج بھون میں گورنر سے ملاقات کی ہے۔ یو پی اے کے وفد نے موجودہ سیاسی صورتحال پر گورنر سے بات کی اور ان سے رُخ واضح کرنے کو کہا ۔ گورنر سے ملاقات کے بعد ایک رہنما نے کہا کہ ایک دو دن میں اس معاملہ کی وضاحت کر دی جائے گی۔ ہم نے گورنر سے ریاست میں سیاسی افراتفری کی صورتحال کو دور کرنے کو کہا۔ گورنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے رپورٹ مل گئی ہے۔ انہیں کچھ چیزوں میں شک ہے اس لیے وہ ماہرین قانون کی رائے لے رہے ہیں۔ ایک دو روز میں الیکشن کمیشن کو معاملات کلیئر کر دوں گا۔ ہم سب مل کر بیٹھیں گے اور بات کریں گے۔یو پی اے قائدین نے گورنر کو میمورنڈم بھی دیا ہے۔ میمورنڈم میںدفتر پر میڈیا کو خبریں لیک کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ گورنر ہیمنت سورین کی نااہلی پر فوری طور پر موقف واضح کریں، کیونکہ ریاست میں سیاسی افراتفری اور عدم استحکام ختم ہو۔خیال رہے کہ جھارکھنڈ میں اپوزیشن بی جے پی نے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو اسمبلی سے نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ جس کے بعد ریاست میں یہ سیاسی بحران پیدا ہو گیا ہے۔ غیر قانونی کان کنی لیز الاٹمنٹ کے معاملے پر وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی اسمبلی رکنیت خطرے میں ہے۔ چرچا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں اپنی رائے جھارکھنڈ کے گورنر کو بھیجی ہے، جس میں ہیمنت سورین کو نااہل قرار دینے کی سفارش کی گئی ہے۔اس معاملہ کو لے کر بی جے پی نے گورنر کو ایک عرضی دی ہے، جس میں وزیراعلیٰ کی اسمبلی رکنیت منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Comments are closed.