بے حیائی اور بے شرمی کے ماحول سے معاشرہ کو پاک کیا جائے: مفتی سید محمد عفان منصورپوری

جمعیۃ علماء شہر و مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے زیر اہتمام اجیت گنج میں اجتماع خواتین کا انعقاد
کانپور(پریس ریلیز) جمعیۃ علماء شہر و مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام اجتماع خواتین جمعیۃ کے ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کی زیر صدارت اجیت گنج واقع دلہن گیلیکسی ہال میں منعقد ہوا۔ اجتماع میں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی جمعیۃ علماء وسطی اتر پردیش کے صدر مولانا اسلام الحق اسجد میاں قاسمی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کیا۔ مقرر خصوصی جامع مسجد امروہہ کے شیخ الحدیث مولانا مفتی سید محمد عفان منصورپوری نے قرآن وحدیث کی روشنی میں خواتین کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے کامیابی اور سعادت کی بات یہ ہوگی کہ ہماری زندگی ایسی پاکیزگی کے ساتھ گزر جائے اور ایسے اچھے اعمال سے مزئین اور آراستہ ہو جائے کہ آخرت میں ہمیں سرخروئی اور نجات حاصل ہو جائے۔ قرآن میں اللہ نے ہر مسلمان مردوعورت سے وعدہ فرمایا ہے کہ اگر تم ہماری مرضی کے مطابق زندگی گزاروگے، اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو ادا کروگے، سچے اور پکے مسلمان بن کر رہو گے تو ہم تمہاری دنیاوی زندگی کو بھی پاکیزہ وخوشگوار کر دیں گے اور اخروی زندگی کو بھی کامیابی سے ہمکنار کر دیں گے۔ مولانا نے خواتین اسلام کو قرآنی آیتوں کا ترجمہ بتاتے ہوئے کہا حضور ؐ نے خواتین کو خاص طور پرنصیحت فرمائی ہے کہ وہ شرک نہ کریں،چوری نہ کریں، اس موقع پر مفتی صاحب نے شرک اور چوری کے اقسام کی بھی وضاحت کی۔ ’حیا اور شرم‘ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حضورؐ کا فرمان ہے کہ اگر کسی کے پاس حیا اور شرم نہیں ہے تووہ مجھ سے دور ہو گیا،اب اس کا جو جی چاہے وہ کرے کیونکہ اپنی حیا اور شرم کی حفاظت کرنے میں وہ کامیاب نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ زنا اور بدکاری سے بچنے کی تلقین کے ساتھ ساتھ اسباب زنا بھی اپنے آپ کو بچایا جائے، بے حیائی اور بے شرمی کے ماحول سے معاشرہ کو پاک کیا جائے۔ اس سلسلے میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہے،کیونکہ شیطان عام طور پر بے حیائی کو فروغ دینے میں عورتوں کا استعمال کرتا ہے۔ خواتین قتل اولاد کا جرم نہ کریں، اپنی اولاد کی دینی ماحول میں تعلیم وتربیت کا انتظام کریں۔ بھلائی کے کام میں نافرمانی نہ کریں، یعنی جن جن کاموں کا حکم اللہ کی طرف سے دیا گیا ہے اس کو کرنے والی بنیں اور کسی بھی حکم شرعی کی خلاف ورزی نہیں کریں۔ اپنی ذمہ داریوں کواداکریں، گھر والوں کے ساتھ اچھا معاملہ کریں، پڑوس میں رہنے والوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کریں۔
اس سے قبل قاری مجیب اللہ عرفانی نے تلاوت قرآن پاک سے اجتماع کا آغاز کیا۔ اجتماع کے ذمہ دار مولانا انصار احمد جامعی نے تمام شرکاء خصوصاً مہمان علمائے کرام کا شکریہ اداکیا۔ اجتماع میں کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کیا۔
Comments are closed.