ممتاز پی جی کالج میں سالانہ تقریب کا انعقاد

لکھنؤ ۵:/ستمبر(پریس ریلیز) یوم اساتذہ کے موقع پرممتاز پی جی کالج لکھنؤمیں اسٹوڈنٹس لٹریری اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان سالانہ تقریب و تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر کالج کے منیجر جناب اطہر نبی اور کالج انتظامیہ کمیٹی کے دیگر معزز ممبران جناب غفران نسیم، سید بلال نوری، عبدالحلیم ایدوکیٹ اور حسن کاظمی نے شرکت کی۔ کالج کے مولانا علی میاں ہال میں منعقد اس پروگرام میں لٹریری سوسائٹی کی کنوینر شعبہئ انگریزی کی صدر ڈاکٹر شازیہ صدیقی نے مہمانان کا پرتپاک استقبال کیا۔ نظامت کے فرائض کو کنوینر اور شعبہئ عرب کلچر کے صدر ڈاکٹر محمد سلمان خان نے انجام دیے۔اس سے قبل پروگرام کاآغازبی اے کے طالب علم محمد فہیم کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ کالج کے طلباء نے سریلی انداز میں کالج کا ترانہ اور ترانہ ئہند پیش کیا۔ کالج کے منیجر اطہر نبی ایڈوکیٹ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوم اساتذہ کے موقع پر آج کا یہ پروگرام اساتذہ اور طلبا ء کے لیے بے حد اہم ہے۔ممتاز کالج کے کارگزار پرنسپل ڈاکٹر عبدالرحیم نے تعارفی کلمات پیش کرتے ہوئے سبھی مہمانان اور اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یوم اساتذہ کے موقع پر سبھی اساتذہ کو مبار باد پیش کیا۔لٹریری اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر نے سالانہ رپورٹ پڑھ کر سنائی اور اس کی ماضی کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔یوم اساتذہ کی نسبت سے تدریسی عملے کے تمام ممبران کو ٹرافی اور میمنٹو سے نوازا گیا۔ اس تقریب کا سب سے اہم نکتہ تقسیم انعامات کا موقع تھا۔انعام یافتہ طلباء کو تعلیمی سیشن ۲۲۔۱۲۰۲ء کے دوران منعقد ہونے والے مختلف مقابلوں میں ان کی کارکردگی کے لیے مبارکباد دی گئی۔تعلیمی سیشن ۰۲۔۹۱۰۲ اور ۱۲۔۰۲۰۲ کے لیے ٹاپر طلبا کو ٹرافی ساور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ اسی طرح غزل کمپٹیشن،مضمون نگاری، تقریری مقابلہ کے ساتھ ساتھ اردوکے فروغ اور نشرواشاعت کے لیے کالج میں منعقد ہونے والے تقریری اور تحریری مقابلے بیت بازی مقابلہ، اردواسکرپٹ رائٹنگ، کوئز مقابلہ اور تقریری مقابلہ کے لیے اسناد اور ٹرافی سے نوازا گیا۔۔اس میں کالج کے اردو زبان و ادب سے متعلق سبھی طلباء نے حصہ لیا۔اتر پردیش اردو اکادمی نے پچیس ہزار روپئے کی گرانٹ منظور کی جسے طلبا میں، انعامات، میڈل اور ٹرافی کی شکل میں تقسیم کیا گیا۔اس دوران لٹریری سوسائٹی کے عہدے داران کو بیجز سے بھی نوازا گیا۔پروگرام کا اختتام قومی ترانے کے ساتھ ہوا۔ تقریب کے تمام تدریسی اور غیر تدریسی اسٹاف کی انتھک کوششوں اور مسلسل پرنسپل کی رہنمائی میں یہ تقریب ایک کامیاب اورشاندار ہو سکی۔

Comments are closed.