بھارت جوڑویاترا ’من کی بات نہیں‘ بلکہ عوامی فکر کیلئے ہے: کانگریس

 

نئی دہلی۔۵؍ستمبر:  کانگریس نے پیر کو 7 ستمبر سے ہونے والی اپنی مجوزہ بھارت جوڑو یاترا سے متعلق ایک گانا جاری کیا اور کہا کہ اس کی یاترا کوئی من کی بات’ نہیں ہے، بلکہ عوام اور عوام کی فکر پر مبنی ہے۔ مرکزی اپوزیشن پارٹی نے اس گانے کا ہندی ورژن جاری کیا۔ بعد میں اس گانے کو تامل، ملیالم اور کچھ دوسری زبانوں میں بھی ریلیز کیا جائے گا۔ اس گانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ یہ لاکھوں رنگوں کے ساتھ قوس قزح کا لباس ہے۔ کنیا کماری سے کشمیر تک میرا ملک جڑ رہا ہے۔ میں آپ سے ملنے آپ کے شہر، گاؤںاور گلیوں میں آرہا ہوں۔ ہم مل کر اپنے ہندوستان کو متحد کریں گے۔پارٹی کے جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے نامہ نگاروں سے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کوئی من کی بات نہیں ہے،بلکہ یہ عوام کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن ریاستوں سے بھارت جوڑو یاترا نہیں گزر رہی ہے وہاں بھی بھارت جوڑو یاترا کی معاون یاترا ہوں گی ۔راہل گاندھی 7 ستمبر کو بھارت جوڑو یاترا شروع کرنے سے پہلے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی یادگار پر ایک دعائیہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس کے ساتھ وہ کنیا کماری میں ایک تقریب میں شرکت کریں گے جہاں تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن انہیں پرچم سونپیں گے۔کنیا کماری میں گاندھی منڈپم میں پروگرام کے دوران اسٹالن بھی موجود رہیں گے، جس کے بعد راہل گاندھی دیگر کانگریس رہنماؤں کے ساتھ عوامی ریلی کے مقام کا دورہ کریں گے جہاں سے یاترا کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔

Comments are closed.