بریانی نہ بنانے پر شوہر نے بیوی کو زخمی کردیا

ممبئی(ایجنسی)مہاراشٹر کے ضلع لاتور میں ایک شخص نے اپنی بیوی کو بریانی نہ بنانے پر چاقو کے وار سے زخمی کردیا۔
معروف نیوزچینل این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ وکرم ونایک نامی شخص 31 اگست کی رات نشے کی حالت میں اپنے گھر آیا اور کھانے میں بریانی نہ بنانے پر اپنی بیوی پر چاقو سے حملہ کرکے اسے زخمی کردیا۔
پولیس انسپیکٹر سدھاکر بوکر کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ 31 اگست کو نندد روڈ پر پیش آیا تھا جب وکرم نے کھانے پر شروع ہوئی بحث کے بعد اپنی بیوی پر حملہ کردیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وکرم کے خاندان کے افراد اسے روکتے رہے لیکن وہ پھر بھی اپنی بیوی پر تشدد کرتا رہا۔
چاقو کے حملے سے خاتون بری طرح زخمی ہوئی تھیں جس کے بعد انہیں ایک سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج ہوگیا ہے لیکن اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

Comments are closed.